• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

فیفا پر سائبر حملہ، ہیکرز نے ذاتی اور کاروباری معلومات تک غیر مجاز رسائی کی

Updated: November 26, 2026, 7:08 PM IST | Zurich

عالمی فٹ بال کی منتظم تنظیم فیفا نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک مجرمانہ سائبر حملے کا نشانہ بنی ہے، جس کے نتیجے میں ہیکرز نے تنظیم کے نظام سے کچھ ذاتی اور کاروباری معلومات تک غیر مجاز رسائی کرلی۔ فیفا نے اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔

Fifa.Photo:INN
فیفا۔ تصویر:آئی این این

عالمی فٹ بال کی منتظم تنظیم فیفا  نے تصدیق کی ہے کہ وہ ایک مجرمانہ سائبر حملے کا نشانہ بنی ہے، جس کے نتیجے میں ہیکرز نے تنظیم کے نظام سے کچھ ذاتی اور کاروباری معلومات تک غیر مجاز رسائی کرلی۔ فیفا نے اس واقعے کو سنگین قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متعلقہ حکام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر معاملے کی تحقیقات کررہی ہے۔ تنظیم نے ذاتی معلومات کی غیر قانونی چوری اور اشاعت کی سخت مذمت کرتے ہوئے اسے افراد کی نجی زندگی اور رازداری کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ تاہم فیفا نے فی الحال یہ واضح نہیں کیا کہ سائبر حملہ کب ہوا، کتنے افراد یا ادارے اس سے متاثر ہوئے اور ہیکرز نے کس نوعیت کی معلومات تک رسائی  کی۔
فیفا کے ترجمان نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ تنظیم ایک مجرمانہ سائبر حملے کا شکار ہوئی، جس کے ذریعے ذاتی اور کاروباری معلومات کے ایک محدود حصے تک غیر مجاز رسائی کی گئی۔تنظیم کے مطابق اس واقعہ کی اطلاع متعلقہ حکام کو دے دی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ تعاون کیا جارہا ہے تاکہ حملے کے پس منظر، طریقۂ کار اور اس میں ملوث افراد کا پتہ لگایا جاسکے۔فیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ معلومات کی غیر قانونی حصولی اور اشاعت کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتی ہے، بالخصوص ذاتی معلومات کی چوری ناقابل قبول ہے۔ تنظیم کے مطابق اس طرح کے واقعات متاثرہ افراد کی رازداری کو نقصان پہنچا سکتے ہیں اور ان کے لیے سنگین نتائج کا سبب بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:شاہ رخ خان کے وکلاء نے انفلوئنسر کو قانونی نوٹس بھیجنے کی تردید کردی

اس سائبر حملے کے سلسلے میں ’ہینڈسم بوائے ہیکنگ کلب‘  نامی ایک گروپ کا نام سامنے آیا ہے۔ اس گروپ نے گزشتہ ہفتے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر فیفا کی فائلوں کے مبینہ اسکرین شاٹس شیئر کیے تھے اور بعد میں حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ بھی کیا۔ہیکرز کے مطابق انہوں نے فیفا کے داخلی نظام سے ۱۲ گیگا بائٹس سے زائد ڈیٹا حاصل کیا ہے۔ ان کے دعوے کے مطابق مبینہ طور پر چوری کیے گئے مواد میں شناختی اور امیگریشن دستاویزات، اعلیٰ عہدیداروں سے متعلق معلومات، مالی ریکارڈ، قانونی دستاویزات اور تنظیم کے داخلی انتظامی امور سے متعلق فائلیں شامل ہیں۔تاہم اہم بات یہ ہے کہ فیفا نے ہیکرز کے دعوے کے مطابق چوری کیے گئے ڈیٹا کی مقدار اور اس میں شامل تمام دستاویزات کی تفصیلات کی تصدیق نہیں کی ہے۔ اس لیے ان معلومات کو فی الحال ہیکنگ گروپ کے دعوے کے طور پر ہی دیکھا جارہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:ٹی وی ایس میں وراثت کی جنگ: لکشمی وینو نے اپنے ہی والد کو عدالت میں کیوں گھسیٹا؟

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حملہ آوروں نے فیفا کے ملازمین کی شناخت ظاہر کرکے یا ان کی نقالی کرتے ہوئے داخلی دستاویزات تک رسائی حاصل کی ہوسکتی ہے۔ بعض ذرائع کے مطابق یہ واقعہ فیفا کے ٹیکنالوجی نظام میں کسی براہِ راست تکنیکی خرابی کے بجائے ملازمین کو نشانہ بنانے اور ان کی شناخت کا غلط استعمال کرنے سے متعلق ہوسکتا ہے۔اگر یہ طریقۂ کار درست ثابت ہوتا ہے تو یہ اداروں کے لیے ایک اہم سائبر سیکوریٹی چیلنج کی نشاندہی کرتا ہے، کیونکہ ہیکرز بعض اوقات پیچیدہ تکنیکی نظام کو توڑنے کے بجائے ملازمین کو دھوکہ دے کر حساس معلومات تک پہنچ جاتے ہیں۔تاہم حملے کے اصل طریقۂ کار اور اس میں استعمال ہونے والی تکنیک کے بارے میں تحقیقات مکمل ہونے سے پہلے حتمی نتیجہ اخذ کرنا مناسب نہیں ہوگا۔
خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس معاملے سے واقف ایک شخص نے بتایا ہے کہ فیفا کے پاس موجود مجموعی ڈیٹا کا ۰ء۱ فیصد سے بھی کم حصہ اس حملے سے متاثر ہوا ہے۔ تاہم فیفا نے باضابطہ طور پر اس تناسب کی تصدیق نہیں کی ہے۔رائٹرز کی رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ فیفا کے مجوزہ ’فیفا فارورڈ انٹرپرائز‘ منصوبے سے متعلق فائلیں اس سائبر حملے میں متاثر نہیں ہوئیں۔ یہ منصوبہ عالمی فٹ بال کے بڑے مقابلوں، بشمول ورلڈ کپ، سے متعلق کاروباری سرگرمیوں میں نجی سرمایہ کاروں کو شامل کرنے کے لیے زیرِ غور تھا۔فیفا کے صدر گیانی انفانٹینو نے رواں برس جولائی میں اس منصوبے کو ختم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس منصوبے کے تحت ایک نئی کمپنی میں ۲۰ ؍فیصد حصہ نجی سرمایہ کاروں کو فروخت کرکے تقریباً ۴ء۲ ؍ارب ڈالر جمع کرنے کی تجویز تھی۔
سائبر سیکوریٹی ماہرین کے مطابق اگر ہیکرز کے ہاتھوں شناختی دستاویزات، امیگریشن ریکارڈ یا مالی معلومات لگ گئی ہوں تو ان کا غلط استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس میں شناخت کی چوری، مالی دھوکہ دہی اور مخصوص افراد کو نشانہ بناکر جعلی پیغامات یا ای میل بھیجنے جیسے خطرات شامل ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ چوری شدہ ذاتی معلومات کو حملے کے کئی ماہ بعد بھی دھوکہ دہی کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اس لیے صرف سائبر حملے کو روکنا کافی نہیں، بلکہ متاثرہ معلومات کی نوعیت کا تعین، متعلقہ افراد کو خبردار کرنا اور ان کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنا بھی اہم ہے۔اداروں کو مشورہ دیا جارہا ہے کہ حساس دستاویزات تک رسائی محدود رکھی جائے، غیر ضروری پرانے ریکارڈ محفوظ نہ کیے جائیں اور تمام اہم اکاؤنٹس کے لیے مضبوط تصدیقی نظام نافذ کیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے:سیمی فائنل میں بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی ٹیم پرعزم

فیفا پر یہ سائبر حملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسپین کی معروف فٹ بال لیگ لا لیگا نے بھی حال ہی میں اپنے ڈجیٹل نظام پر سائبر حملے کی اطلاع دی تھی۔ لا لیگا کے مطابق اس واقعہ میں شائقین کی ذاتی معلومات متاثر ہوئی تھیں اور اس کے ساتھ بعض ہسپانوی فٹ بال کلبوں کی ڈجیٹل خدمات بھی متاثر ہوئیں۔مسلسل سامنے آنے والے ان واقعات نے کھیلوں کی عالمی تنظیموں کے ڈجیٹل تحفظ پر سوالات کھڑے کردیے ہیں۔ فیفا جیسی عالمی تنظیم کے پاس کھلاڑیوں، ملازمین، عہدیداروں، شائقین اور مختلف فٹ بال اداروں سے متعلق بڑی مقدار میں معلومات موجود ہوتی ہیں۔ ایسے میں ان نظاموں کی حفاظت اور حساس ڈیٹا تک رسائی کو محدود رکھنا انتہائی اہم ہے۔فیفا نے واضح کیا ہے کہ وہ متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر اس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے، لیکن فی الحال حملے کی تاریخ، متاثرہ افراد کی تعداد اور چوری شدہ معلومات کی مکمل نوعیت کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کی گئی ہیں۔اس واقعہ نے ایک مرتبہ پھر واضح کردیا ہے کہ عالمی کھیلوں کی تنظیمیں بھی سائبر جرائم پیشہ گروہوں کے نشانے پر ہیں۔ اب تمام تر توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ تحقیقات کے دوران حملے کے ذمہ داروں کی شناخت ہوتی ہے یا نہیں اور مبینہ طور پر حاصل کی گئی معلومات کا مزید غلط استعمال روکنے کے لیے کیا اقدامات کیے جاتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK