Inquilab Logo

سری دیوی روپ کی رانی اور اداکاری کی ملکہ تھیں

Updated: August 13, 2023, 10:41 AM IST | Mumbai

سری دیوی کا اصل نام سری یمّاینگر تھا۔ان کی پیدائش۱۳؍ اگست ۱۹۶۳ءکو تمل ناڈو کے ایک چھوٹے سے گاؤں مینم پٹی میں ہوئی تھی۔

sridevi
سری دیوی

سری دیوی کا اصل نام  سری یمّاینگر تھا۔ان کی پیدائش۱۳؍ اگست ۱۹۶۳ءکو تمل ناڈو کے ایک چھوٹے سے گاؤں مینم پٹی میں ہوئی تھی۔ سری دیوی نے اپنے فلمی کریئرکا آغاز محض  ۴؍ برس کی عمرمیں  تمل فلم سے کیا تھا۔ ۱۹۷۶ء تک انہوں نے جنوبی ہند کی کئی فلموں میں  بچوں کے کردار  ادا کئے۔ بطور اداکارہ ان کی پہلی تمل فلم مندرو مودیچی تھی۔
 ۱۹۸۶ءمیںریلیز ہونے والی فلم نگینہ ان کے فلمی کریئرکی بڑی ہٹ فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ اس فلم میںانہوں نے ایک ناگن کا رول ادا کیا تھا۔ اس فلم میں ان پر عکس بند کیا گیا نغمہ ’میں تیری دشمن، دشمن تو میرا‘ کافی مقبول  ہوا تھا۔اس نغمے میں اپنے بہترین رقص سے انہوں نے ناظرین کو کافی محظوظ کیا۔
 ۱۹۸۷ءکی ان کی فلم مسٹر انڈیا نے کامیابی کےنئےریکارڈ قائم کئے۔ یہ فلم بچے بڑوں سبھی میں کافی مقبول ہوئی۔ ۱۹۹۲ء میں پردہ سیمیں کی زینت بننے والی فلم ’خدا گواہ‘ریلیز ہوئی۔ یوں تو اس فلم کی کہانی امیتابھ کے گردگھومتی ہےلیکن ماں بیٹی کے دہرے کردار والی اس فلم میں وہ ناظرین کے دلوں پر اپنی  بہتری ادکاری کے نقوش چھوڑنے میں کامیاب رہیں۔
 ۱۹۹۶ءمیں انہوں نے فلمساز و ہدایت کار بونی کپورسے شادی کے بعد فلموں میں کام کرنا کافی حد تک کم کردیا۔۱۹۹۷ءمیںریلیز ہوئی فلم جدائی سری دیوی کی بطورہیروئن آخری فلم تھی۔ اس فلم میں ان کے ہیرو انل کپور تھے۔ یہ فلم بھی ایک بڑی ہٹ ثابت ہوئی۔
 بالی ووڈ میں سری دیوی نےیوں تو ہر بڑے اداکار جیسےکمل ہاسن، رجنی کانت، امیتابھ، دھرمیندر، سنی دیول، راجیش کھنہ، شاہ رخ خان، سلمان خان، اکشے کمار وغیرہ کے ساتھ کام کیا لیکن ہندی فلموں میں سری دیوی  کے شروعات دور  میں  ان کی جوڑی سدا بہار اداکار جتیندر  کے ساتھ کافی پسندکی گئی۔ آگے چل کر ان کی جوڑی انل کپور کے ساتھ کافی پسند کی گئی۔سری دیوی کی دیگر فلموں میں  صدمہ، گمراہ،چاند کا ٹکڑا، چندر مکھی، آخری راستہ، نذرانہ، انقلاب، غیر قانونی، جاگ اٹھا انسان جیسی فلمیں شامل ہیں۔سری دیوی نے اپنے فلمی سفر کے دوران تقریباً۲۰۰؍فلموں میں کام کیا۔ہمہ جہت صلاحیت کی مالک سری دیوی نے  ہندی فلموں کے علاوہ  تیلگو، تمل،اور ملیالم فلموں میں بھی کافی نام کمایا۔ ۲۰۱۲ء میںانہوں نے’انگلش ونگلش‘ سے اپنے کریئر کا دوبارہ  آغاز کیا۔
 سری دیوی ۲۴؍ فروری ۲۰۱۸ءکو اس دنیا کو الوداع کہہ گئیں۔سری دیوی بالی ووڈ کی ایسی اداکارہ تھیں جنہیں  ناظرین کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔جب بھی بالی ووڈکی تاریخ لکھی جائے گی، اس میں سری دیوی کا نہ صرف نام  شامل ہوگا بلکہ اسے سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

 

sridevi Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK