Updated: November 22, 2026, 10:09 PM IST
| Mumbai
۲۰۲۳ء کے اتراکھنڈ ٹنل ریسکیو آپریشن پر مبنی ہوگی کہا’’ اداکارہ تبّو پہلی مرتبہ ہندی اوریجنل اسٹریمنگ سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گی، ۴۱ مزدوروں کو سرنگ سے بحفاظت نکالنے کے تاریخی مشن سے متاثر ہے سیریز، ’’دی ریلوے مین‘‘ کے ہدایت کار شیو راول شو رنر کی ذمہ داری سنبھالیں گے۔
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ تبّو نے وائی آر ایف انٹرٹینمنٹ (YRF Entertainment) کی آنے والی نیٹ فلکس سیریز ’’ٹنل مین‘‘میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ یہ سیریز نومبر ۲۰۲۳ء میں اتراکھنڈ کی سِلکیارا سرنگ میں پھنسے ۴۱ ؍مزدوروں کو بحفاظت باہر نکالنے کے غیر معمولی ریسکیو آپریشن سے متاثر ایک فرضی ڈرامہ ہوگی۔ اس پروجیکٹ کے ذریعے تبّو پہلی مرتبہ کسی ہندی اوریجنل اسٹریمنگ سیریز میں نظر آئیں گی۔ سیریز میں حقیقی واقعہ کے انسانی پہلوؤں، مشکل حالات میں حوصلے، ٹیم ورک، قربانی اور امید کو نمایاں کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے:دلجیت دوسانجھ نے گانوں میں شراب اور نشے کے ذکر پر اعتراضات کا دیا جواب
نومبر۲۰۲۳ء میں اتراکھنڈ کے اترکاشی ضلع میں زیر تعمیر سِلکیارا-بارکوٹ سرنگ کا ایک حصہ منہدم ہوگیا تھا، جس کے نتیجے میں ۴۱ ؍تعمیراتی مزدور سرنگ کے اندر پھنس گئے تھے۔ یہ واقعہ پورے ملک کی توجہ کا مرکز بن گیا تھا اور مزدوروں کی بحفاظت واپسی کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کیا گیا تھا۔ سرنگ کے اندر پھنسے مزدوروں کو باہر نکالنے کے لیے مختلف سرکاری اداروں، انجینئرس، ماہرین اور ریسکیو ٹیموں نے مسلسل کوششیں کیں۔ اس کارروائی میں کئی تکنیکی مشکلات اور رکاوٹوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن تقریباً ۱۷؍دن کی جدوجہد کے بعد تمام ۴۱؍مزدوروں کو بحفاظت باہر نکال لیا گیا تھا۔ اس کامیاب آپریشن کو ہندوستان کی اہم ترین ریسکیو کارروائیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔’’ٹنل مین‘‘ اسی واقعہ کی لفظ بہ لفظ منظرکشی یا دستاویزی فلم نہیں ہوگی، بلکہ حقیقی آپریشن سے تحریک حاصل کرکے ایک فرضی ڈرامائی کہانی پیش کرے گی۔ اس میں ان افراد کی جدوجہد اور عزم کو اجاگر کیا جائے گا جنہوں نے اپنی مہارت اور اجتماعی کوششوں سے مشکل ترین حالات میں انسانی جانیں بچانے کا کارنامہ انجام دیا تھا۔
اس سیریز کے شو رنر کی ذمہ داری شیو راول سنبھالیں گے، جو اس سے قبل وائی آر ایف انٹرٹینمنٹ کی نیٹ فلکس سیریز ’’دی ریلوے مین‘‘ کی ہدایت کاری کرچکے ہیں۔ ’’دی ریلوے مین‘‘ ۱۹۸۴ء کے بھوپال گیس سانحے کے پس منظر میں بنائی گئی تھی، جس میں ریلوے ملازمین کی بہادری اور انسانی جانیں بچانے کی کوششوں کو پیش کیا گیا تھا۔’’ٹنل مین‘‘ کے ذریعے شیو راول ایک مرتبہ پھر حقیقی زندگی کے غیر معمولی واقعے کو ڈرامائی انداز میں پیش کرنے جارہے ہیں۔ اس مرتبہ کہانی کا مرکز سرنگ میں پھنسے مزدوروں کی زندگی، ان کے اہل خانہ کی بے چینی اور انہیں بچانے کے لیے جاری مسلسل جدوجہد ہوگی۔
یہ بھی پڑھئے:چھکے لگانے کے ریکارڈ سے آگے نکلے پنت، اب مستقل مزاجی پر توجہ
تبّو کا شمار ہندوستانی سنیما کی باصلاحیت اور ورسٹائل اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ تین دہائیوں سے زیادہ عرصے پر محیط اپنے فلمی سفر میں انہوں نے مختلف نوعیت کے کردار ادا کرکے اپنی الگ شناخت قائم کی ہے۔ فلم ’’ماچس‘‘ اور ’’چاندنی بار‘‘ میں شاندار اداکاری کے لیے انہیں قومی فلم ایوارڈ سے نوازا گیا تھا، جب کہ ’’مقبول‘‘، ’’حیدر‘‘ اور ’’اندھادھن‘‘ جیسی فلموں میں ان کی اداکاری کو بھی بے حد سراہا گیا۔ہندوستانی فلموں کے علاوہ تبّو نے بین الاقوامی پروجیکٹس میں بھی اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا ہے۔ میرا نائر کی فلم ’’دی نیم سیک‘‘ میں انہوں نے اشیما گانگولی کا کردار ادا کیا تھا، جب کہ اینگ لی کی ’’لائف آف پائی‘‘ اور بین الاقوامی سیریز ’’ڈون: پروفیسی‘‘ میں بھی وہ اہم کرداروں میں نظر آئیں۔ ’’ٹنل مین‘‘ ان کے کیریئر میں ایک نیا اضافہ ہوگا، کیونکہ اس کے ذریعے وہ پہلی مرتبہ ہندی اوریجنل اسٹریمنگ سیریز میں مرکزی کردار ادا کریں گی۔