Inquilab Logo Happiest Places to Work

دی اوڈیسی: عالمی شہرت یافتہ فلم بالآخر سنیما گھروں کی زینت بن گئی

Updated: July 18, 2026, 2:41 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ہالی ووڈ کے مایہ ناز ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی اس فلم کا کافی دنوں سے انتظار کیا جارہا تھا، فلم کو اس انتظار کا بجاطور پر حق بجانب قرار دیا جاسکتا ہے۔

Matt Damon and others can be seen in a scene from the film `The Odyssey.` Photo: INN
فلم ’دی اوڈیسی‘ کے ایک منظر میں میٹ ڈیمن اور دیگر کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تصویر: آئی این این

دی اوڈیسی (The Odyssey)
اسٹارکاسٹ: میٹ ڈیمن، ٹراوس اسکاٹ، رابرٹ پیٹنسن، کوری ہاکنز، ٹام ہالینڈ ایلیٹ پیج،شیلوہ فرنانڈس، رفیع گیورون
ڈائریکٹر: کرسٹوفر نولنl رائٹر:کرسٹوفر نولن، ہومر
پروڈیوسر: کرسٹوفر نولن، ایما تھومس
موسیقار: لڈوگ گورینسن
سنیماٹو گرافر: ہوئیٹے وین ہوئیٹیماlایڈیٹر:جینیفر لیم
کاسٹنگ ڈائریکٹر: جان پیپسیڈیرا
آرٹ ڈائریکٹر: جیک کویلو،سیموئل لیک
ریٹنگ: ****

یہ بھی پڑھئے: میں واپس آئوں گا: ادھوری محبت، ہجرت کا درد اور یادوں کا سفر

ہالی ووڈ کی فلمیں دیگر کئی ممالک کے ساتھ ہندوستان میں بھی کافی پسند کی جاتی رہی ہیں۔ ہالی ووڈ کی کئی فلمیں ایسی ہیں جنہوں نے پوری دنیا کے ساتھ ہندوستان میں بھی اپنی خاص پہچان بنائی ہے اورکمائی کے ریکارڈ توڑے ہیں۔ایسے میںکرسٹوفر نولن ایک ایسے ہدایت کار کے طور پر ابھرے ہیں جن کی فلمیں نئے سے نئے ریکارڈ قائم کررہی ہیں۔ان کی فلم چاہے ’انسیپشن‘ ہو،’انٹراسٹیلر‘ ہو یا’اوپن ہائمر‘ ہندوستانی نوجوانوں کی بھی پہلی پسند ثابت ہوئی ہیں۔ اب اس فہرست میںایک نیا نام’دی اوڈیسی‘ شامل ہوگیا ہے۔یہ فلم یونانی داستانوں کے شہرۂ آفاق ٹرائے کی جنگ کے فاتح اوڈیسیئس پر مبنی ہے جس نے اپنی غیر معمولی ذہانت اور بے مثال بہادری اور حکمت عملی سےایک ایسی جنگ جیتی تھی جو تاریخ کی داستانوں میں محفوظ ہے۔یونان کے مشہور شاعر ہومرنے اس داستان کو تحریر کرکے ہمیشہ کیلئے زندہ کردیا ہے۔ یہ فلم اسی داستان ’اوڈیسی‘پر مبنی ہے۔

فلم کی کہانی

فلم کی کہانی ٹرائےکی جنگ کے خاتمے کے بعد ایتھاکا کے بادشاہ اوڈیسیئس (میٹ ڈیمن) کی اپنے وطن واپسی کے گرد گھومتی ہے۔ جنگ سے بچ جانے والے اپنے ساتھیوں کے ساتھ وہ گھر کی طرف روانہ ہوتا ہے، مگر یہ سفر غیر معمولی طور پر دشوار ثابت ہوتا ہے اور اسے مکمل ہونے میں پورے۱۰؍سال لگ جاتے ہیں۔

اس دوران اوڈیسیئس کا سامنا ایک آنکھ والے دیوقامت عفریت سائیکلوپس، اپنے سحر انگیز نغموں سے مسافروں کو موت کے دہانےتک لے جانے والی سائرنز،انسانوں کو جانوروں میں تبدیل کر دینےوالی جادوگرنی سرسی اور کئی دوسری پراسرار قوتوں سے ہوتا ہے۔ اوڈیسیئس ہر آزمائش کا مقابلہ اپنی ذہانت، جرأت اور حاضر دماغی سےکرتا ہے اور اپنے ساتھیوں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کرتا ہے، لیکن اس طویل سفر میں بالآخر وہ اپنے تقریباً تمام رفقا کو کھو دیتا ہے۔

اسی سفر کے دوران اوڈیسیئس ایک طویل عرصے تک دیوی کیلیپسو (چارلیز تھیرون) کے جزیرے پر بھی قید رہتا ہے، جو اس سےمحبت کرنے لگتی ہے۔ دوسری جانب ایتھاکا میں اس کی اہلیہ پینیلوپ (این ہیتھ وے) اور بیٹا ٹیلیمیکس (ٹام ہالینڈ) بھی ایک الگ جنگ لڑ رہے ہوتے ہیں۔ اوڈیسیئس کے ۲۰؍برس تک واپس نہ آنے پر اینٹینیئس (رابرٹ پیٹنسن) سمیت کئی امیر اور بااثرخواستگار پینیلوپ پر دوسری شادی کے لیے مسلسل دباؤ ڈالتے رہتے ہیں۔ آخرکار ان تمام کرداروں کے سفر اور جدوجہد کا انجام کیا ہوتا ہے، یہ جاننے کے لیے اس عظیم الشان فلم کو دیکھنا ضروری ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ہے جوانی تو عشق ہونا ہے: تفریح کے لحاظ سے یہ فلم دیکھی جاسکتی ہے

ہدایت کاری

کرسٹوفر نولن اپنی منفرد فلم سازی اور حیران کن بصری دنیا تخلیق کرنےکیلئےمشہور ہیں، اور’دی اوڈیسی‘میں بھی انہوں نے اپنی اسی مہارت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ سب سے بڑی خوبی یہ ہے کہ انہوں نے ہومر کی اصل کہانی سے وفاداری برقرار رکھتے ہوئے اسے ایک زیادہ عصری، وسیع اور گہری فکر کے ساتھ پیش کیا ہے۔ فلم میں دیوتاؤں کوبراہِ راست دکھانے کے بجائے قدرتی آفات، خصوصاً طوفان، کو علامتی انداز میں استعمال کیا گیا ہے، جبکہ سائیکلوپس اور سرسی جیسےاساطیری کرداروں کو بھی محض خوفناک مخلوق کے بجائے انسانی جذبات کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔تکنیکی اعتبار سے’دی اوڈیسی‘ ایک شاندار شاہکار ہے۔ فلم مکمل طورپر ۷۰؍ملی میٹر آئی میکس فارمیٹ میں فلمائی گئی ہے، جس کے باعث ہرمنظر غیر معمولی وسعت اور خوبصورتی کے ساتھ پردے پر ابھرتا ہے۔ اس کی سنیماٹوگرافی اور بیک گرائونڈ میوزک بھی شاندار ہے۔

اداکاری

اداکاری کے محاذ پر آسکر ایوارڈ یافتہ میٹ ڈیمن نے اوڈیسیئس کےکردار میں ایک یادگار پرفارمنس پیش کی ہے۔ انہوں نے جنگ کے فاتح مگر اندر سے ٹوٹے ہوئے انسان کی ذہنی کشمکش، دکھ اور احساسِ ندامت کو نہایت مؤثر اندازمیں پردے پر زندہ کیا ہے۔ این ہیتھ وے نے پینیلوپ کے کردار میں وقار، صبر اور عظمت کا حسین امتزاج پیش کیا ہے، جبکہ ٹام ہالینڈ ٹیلیمیکس کے کردار میں مناسب کارکردگی دکھاتے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: الفا:عالیہ بھٹ کو ایکشن کوئین کے طور پر پیش کرنے والی فلم

کیوں دیکھیں؟

اگر آپ کرسٹوفر نولن کی فلموں کے مداح ہیں، شاندار سینما سے محبت رکھتے ہیں یا ایک ایسی فلم دیکھنا چاہتے ہیں جو سینما ہال سے نکلنے کےبعد بھی دیر تک ذہن و دل پر چھائی رہے، تو’دی اوڈیسی‘یقیناً آپ کے لیے بہترین انتخاب ہے۔اگر ممکن ہو تو اسے آئی میکس اسکرین پر دیکھیں،اس کا اصل حسن وہیں سامنے آتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK