Updated: November 28, 2026, 7:05 PM IST
| Chennai
ہالی ووڈ کے معروف اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس نے جنوبی ہند کے مشہور اداکار وجے سیتھوپتی کی تمل فلم ’’مہاراجہ‘‘ دیکھنے کے بعد اس میں نوجوان اداکارہ سچنا نامیداس کی اداکاری کی زبردست تعریف کی ہے۔ ٹام ہینکس نے سچنا کی پرفارمنس سے متاثر ہوکر انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل اداکارہ قرار دیا۔
ٹام اور وجے۔ تصویر:آئی این این
ہالی ووڈ کے معروف اور آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار ٹام ہینکس نے جنوبی ہند کے مشہور اداکار وجے سیتھوپتی کی تمل فلم ’’مہاراجہ‘‘ دیکھنے کے بعد اس میں نوجوان اداکارہ سچنا نامیداس کی اداکاری کی زبردست تعریف کی ہے۔ ٹام ہینکس نے سچنا کی پرفارمنس سے متاثر ہوکر انہیں غیر معمولی صلاحیتوں کی حامل اداکارہ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم میں اس لڑکی کی اداکاری کا اثر اب تک ان کے ذہن میں موجود ہے۔ ہالی ووڈ کے اس بڑے اداکار کی جانب سے ایک ہندوستانی فلم اور اس کی نوجوان اداکارہ کی تعریف کیے جانے کے بعد سچنا نامیداس ایک مرتبہ پھر خبروں میں آگئی ہیں۔
اس دلچسپ واقعہ کا انکشاف انٹرنیشنل اکیڈمی آف ٹیلی ویژن آرٹس اینڈ سائنسز کی بورڈ ممبر کویتا گپتا نے کیا۔ انہوں نے ’دی ہالی ووڈ رپورٹر انڈیا‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ان کی ملاقات رواں سال لاس اینجلس کاؤنٹی میوزیم آف آرٹ (ایل اے سی ایم اے)کے ایک گالا پروگرام میں ٹام ہینکس سے ہوئی تھی۔اس ملاقات کے دوران ٹام ہینکس نے ان سے ہندوستان کی تین ایسی فلموں کے نام پوچھے جنہیں دیکھنے کی انہیں تجویز دی جاسکتی ہو۔ کویتا گپتا نے جن فلموں کا مشورہ دیا، ان میں وجے سیتھوپتی کی ’’مہاراجہ‘‘ بھی شامل تھی۔کچھ ہفتوں بعد ۷ نومبر کو لاس اینجلس میں منعقدہ ایک اور ایل اے سی ایم اے آرٹ اینڈ فلم گالا کے موقع پر دونوں کی دوبارہ ملاقات ہوئی۔ اس مرتبہ ٹام ہینکس نے خود ’’مہاراجہ‘‘ کا ذکر چھیڑا اور خاص طور پر فلم میں نوجوان اداکارہ سچنا نامیداس کی اداکاری کی تعریف کی۔کویتا گپتا کے مطابق ٹام ہینکس نے کہا کہ وہ اب تک اس لڑکی کی اداکاری کو نہیں بھلا پائے ہیں۔ انہوں نے سچنا کو ایک غیر معمولی اداکارہ قرار دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ وہ خود اس کردار کو اس انداز میں ادا نہیں کرپاتے۔
یہ بھی پڑھئے:سیمی فائنل میں بھی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھنے کے لیے ہندوستانی ٹیم پرعزم
فلم ’’مہاراجہ‘‘ میں سچنا نامیداس نے جیوتی کا کردار ادا کیا ہے، جو وجے سیتھوپتی کے کردار کی بیٹی ہے۔ اگرچہ فلم میں ان کا کردار مرکزی اداکار کے مقابلے میں محدود دکھائی دیتا ہے، لیکن کہانی کے جذباتی پہلو اور اہم انکشافات میں ان کا کردار غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔فلم کی کہانی ایک حجام کے گرد گھومتی ہے، جو پولیس اسٹیشن پہنچ کر ایک عجیب و غریب شکایت درج کرواتا ہے۔ ابتدا میں اس کی شکایت بظاہر معمولی محسوس ہوتی ہے، لیکن جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، ایک انتہائی سنجیدہ اور چونکا دینے والی حقیقت سامنے آتی ہے۔فلم میں کہانی کو غیر روایتی انداز میں آگے بڑھایا گیا ہے، جہاں ماضی اور حال کے واقعات ایک دوسرے سے جڑتے ہیں۔ اسی انداز نے فلم کے سسپنس اور جذباتی اثر کو مزید گہرا کردیا ہے۔ سچنا نے جیوتی کے کردار میں جس سنجیدگی اور جذباتی گہرائی کا مظاہرہ کیا، اسے ناظرین کے ساتھ ساتھ ناقدین نے بھی سراہا۔ان کی اسی پرفارمنس کے لیے انہیں قومی فلم ایوارڈ برائے بہترین معاون اداکارہ سے بھی نوازا گیا۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی وی ایس میں وراثت کی جنگ: لکشمی وینو نے اپنے ہی والد کو عدالت میں کیوں گھسیٹا؟
ہدایت کار نتھلن سوامی ناتھن کی فلم ’’مہاراجہ‘‘ ۲۰۲۴ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ یہ ایک تمل سسپنس تھرلر فلم ہے، جس میں وجے سیتھوپتی نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں ان کے علاوہ انوراگ کشیپ، ممتا موہن داس اور نٹی سبرامنیم نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔فلم کی خاص بات اس کی غیر معمولی کہانی، مضبوط اسکرین پلے اور چونکا دینے والے موڑ تھے۔ ریلیز کے بعد اسے شائقین اور فلمی ناقدین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا۔ بعد میں نیٹ فلکس پر ریلیز ہونے کے بعد اسے ہندوستان کے علاوہ دیگر ممالک میں بھی بڑی تعداد میں ناظرین نے دیکھا۔’’مہاراجہ‘‘ کی مقبولیت نے تمل سنیما کی کہانیوں اور اداکاری کو بین الاقوامی سطح پر بھی توجہ دلائی۔ اب ٹام ہینکس جیسے عالمی شہرت یافتہ اداکار کی جانب سے اس فلم کی تعریف کو اس کی بین الاقوامی پذیرائی کے ایک اہم واقعے کے طور پر دیکھا جارہا ہے۔’’مہاراجہ‘‘ کی کامیابی کے بعد اس کے ہالی ووڈ ریمیک کی تیاری سے متعلق بھی خبریں سامنے آئی ہیں۔ فلم کے پروڈیوسر سودھن سندرم نے انگریزی زبان میں اس کی نئی پیش کش کے حقوق ایک ہالی ووڈ ایجنسی کے حاصل کرنے کی تصدیق کی ہے۔وجے سیتھوپتی نے بھی اس منصوبے میں دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر انہیں ہالی ووڈ ریمیک میں کوئی کردار پیش کیا گیا تو وہ خوشی سے کام کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے پروڈیوسر سے پہلے ہی اس خواہش کا اظہار کرچکے ہیں۔کچھ میڈیا رپورٹس میں ہالی ووڈ اداکار میتھیو میک کوناہے کا نام بھی مرکزی کردار کے لیے زیرِ غور آنے والے اداکاروں میں لیا گیا ہے، تاہم ان کی شمولیت کی باضابطہ تصدیق نہیں ہوئی ہے۔