بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن ۴۷؍ برس کی ہو گئی ہیں۔ودیا بالن یکم جنوری ۱۹۷۹ءکو بمبئی میں ایک تمل برہمن خاندان میںپیدا ہوئیں۔
ودیا بالن نےٹی وی سے اپنی کریئر شروع کیا تھا۔ تصویر: آئی این این
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ ودیا بالن ۴۷؍ برس کی ہو گئی ہیں۔ودیا بالن یکم جنوری ۱۹۷۹ءکو بمبئی میں ایک تمل برہمن خاندان میںپیدا ہوئیں۔ ان کے والد پی آربالن ڈجی کیبل میںایگزیکٹو وائس پریزیڈنٹ کے عہدے پر فائز تھے، جبکہ ان کی والدہ سرسوتی ایک گھریلو خاتون ہیں۔ کیرالہ کے پالکّاڈ میں واقع ان کے گھر میں تمل اور ملیالم زبانوں کا ملا جلا استعمال ہوتا ہے۔
ودیا کی بڑی بہن پریا بالن اشتہارات کے شعبے سے وابستہ ہیں۔ودیا بالن کی پرورش ممبئی کے مضافاتی علاقے چمبورمیں ہوئی اور انہوں نے سینٹ انتھونی گرلز ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔کم عمری ہی سے ودیابالن فلمی کریئر بنانے کی خواہش مند تھیں اور وہ اداکارہ شبانہ اعظمی اور مادھوری دکشت کے کام سے بے حد متاثر تھیں۔ ۱۶؍برس کی عمر میں انہوں نے ایکتاکپور کے سٹ کام ہم پانچ کے پہلے سیزن میں رادھیکا کے کردار سے اداکاری کا آغاز کیا، جس میں وہ ایک چشمہ لگائے ہوئی نوعمر لڑکی کے روپ میں نظر آئیں۔
ماسٹرزکی ڈگری کے دوران ودیا بالن کو ملیالم فلم چکرم میں مرکزی خاتون کردار کے لیے منتخب کیا گیا، جس میں ان کے مدمقابل موہن لال تھے،اور اس کے بعد انہیں مزید۱۲؍ملیالم فلموں کے لیے بھی سائن کر لیاگیا۔تاہم پروڈکشن میں مشکلات کے باعث فلم چکرم کو روک دیا گیا۔ موہن لال کی فلم کا ملتوی ہونا ملیالم سنیما میں ایک غیر معمولی بات تھی، جس پر پروڈیوسرز نے اس منصوبے کے لیے ودیا بالن کو’بدقسمت‘ قرار دیا۔فلمی کریئر کی شروعات میں ناکامیوں کے بعدودیا بالن نےتقریباً ۶۰؍ٹیلی وژن اشتہارات میں کام کیا اور میوزک بینڈ یوفوریا اور گلوکارہ شبھا مدگل کی میوزک ویڈیوز میں بھی نظر آئیں۔ ان میں سے زیادہ تر کی ہدایت کاری پردیپ سرکار نے کی۔
بالی ووڈ میں انہوں نے۲۰۰۵ءمیںودھو ونود چوپڑا کی فلم پرینیتا سے قدم رکھا۔ اس فلم میں شاندار اداکاری پر انہیں فلم فیئر کا بہترین ڈیبیو اداکارہ کا ایوارڈ ملا۔ اس فلم میں ودیا بالن کے مدمقابل سیف علی خان تھے اور فلم باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔
۲۰۰۶ءمیںودیا بالن کو ایک بار پھر ودھو ونود چوپڑا کی فلم لگے رہومنابھائی میںسنجے دت کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا۔ ۲۰۰۷ء میں انہوں نے منی رتنم کی فلم گرو میں اداکاری کی۔ اس کے بعد ہے بےبی اور بھول بھلیاں جیسی سپر ہٹ فلمیں سامنے آئیں۔ فلم بھول بھلیاں کے لیے ودیا بالن کو بہترین اداکارہ کے فلم فیئر ایوارڈ کے لیے نامزد بھی کیا گیا۔ ۲۰۰۹ءمیں ریلیز ہونے والی فلم پا میں ودیا بالن نے امیتابھ بچن کی ماں کا کردار ادا کیا، جس کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا۔۲۰۱۰ءمیںریلیز ہونےوالی فلم عشقیہ ودیا بالن کے کریئر کی اہم فلموں میں شمار کی جاتی ہے۔ ۲۰۱۱ء میںریلیز ہونے والی فلم دی ڈرٹی پکچر ودیا بالن کے کریئر کی سب سے کامیاب فلم ثابت ہوئی۔ ایکتا کپور کے بینر تلے بنی اس فلم میں ودیا بالن نے جنوبی ہند کی اداکارہ سلک سمتھا کے کردار کو پردۂ سیمیں پر زندہ کر دیا۔ اس کردار کے لیے انہیں بہترین اداکارہ کا قومی ایوارڈ اور فلم فیئر ایوارڈ ملا۔۲۰۱۴ءمیں ودیا بالن کو پدم شری اعزاز سے نوازا گیا۔اس کے بعد انہوں نے شادی کے سائیڈ ایفیکٹس، بابی جاسوس،کہانی۲؍، بیگم جان، تمہاری سلو، مشن منگل، شکنتلا دیوی، شیرنی، جلسہ اور نیت جیسی فلموں میں کام کیا۔ ۲۰۲۴ءمیںودیا بالن نےفلم دو اور دو پیار اور بھول بھلیاں۳؍میں اداکاری کی۔ فلم بھول بھلیاں۳؍ باکس آفس پر سپر ہٹ ثابت ہوئی۔