کمپنی کے صدر جان فرنرنے ہندوستانی کاروباریوں سے ملاقات کی، مختلف شعبوں کو توسیع دینے پربات چیت۔
EPAPER
Updated: May 11, 2026, 12:59 PM IST | New Delhi
کمپنی کے صدر جان فرنرنے ہندوستانی کاروباریوں سے ملاقات کی، مختلف شعبوں کو توسیع دینے پربات چیت۔
والمارٹ کے صدر اور سی ای او جان فرنر نے ہندوستانی کاروباری لیڈروں کے ایک گروپ سے ملاقات کی جو تیزی سے ترقی کرنے والے اور ڈجیٹل فرسٹ صارف برانڈز بنا رہے ہیں۔ اس سے یہ ظاہرہوتا ہے کہ عالمی صارف اور ڈجیٹل تجارت میں ہندوستان کا اثر و رسوخ مسلسل بڑھ رہا ہے۔ اس ملاقات میں حسن ونکھار، ذاتی نگہداشت، خوراک و مشروبات، طرزِ زندگی اور ملبوسات، خوشبو اور پالتو جانوروں کی دیکھ بھال جیسے شعبوں کے بانیوں نے والمارٹ اور فلپ کارٹ کے لیڈروں کے ساتھ ڈجیٹل چینلز کے ذریعے کاروبار کو بڑھانے اور عالمی منڈیوں میں توسیع پر بات چیت کی۔ یہ ملاقات ہندوستان کے کاروباری ماحولیاتی نظام کو مضبوط بنانے اور ملکی و بین الاقوامی صارفین کیلئے نئے برانڈز بنانے کی سمت میں کام کرنے والے ابھرتے ہوئے برانڈز کی حمایت پر والمارٹ کی توجہ کو ظاہر کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اس ماہ کے آخر تک یو پی آئی یا اے ٹی ایم سے پروویڈنٹ فنڈ کو نکالنا ممکن ہوگا
فرینر نے کہاکہ ’’ہندوستان میں صارف برانڈز قائم کرنے والے بانیوں کے ساتھ وقت گزارنا انتہائی متاثر کن تھا۔ ان کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ وہ ہندوستان اور دنیا دونوں کیلئے کام کرنے کی خواہش رکھتے ہیں اور معیار، جدت اور صارف کے تجربے پر خاص توجہ دیتے ہیں۔ ‘‘انہوں نے مزید کہاکہ ’’والمارٹ میں ہم کاروبار کو ترقی دینے میں مدد کر کے اور انہیں مختلف منڈیوں میں صارفین سے جوڑ کر اس سفر میں تعاون کیلئے پُرعزم ہیں۔ ‘‘ میٹنگ میں ہندوستانی برانڈز کو بڑے پیمانے پر صارفین تک پہنچانے میں ڈجیٹل مارکیٹ پلیس کے بڑھتے ہوئے کردار پر بھی گفتگو ہوئی۔ انہوں نے اپنے کاروباری سفر، آپریشنل چیلنجز اور مستقبل میں ترقی کو تیز کرنے کیلئے درکار تعاون کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ کلیان کرشن مورتی نے کہا کہ آج کے کاروباری افراد صارفین کی گہری سمجھ اور طویل مدتی خواہشات کے ساتھ برانڈز بنا رہے ہیں۔