Updated: November 19, 2026, 9:31 PM IST
| Thiruvananthapuram
ایرناکولم کی خصوصی سی بی آئی عدالت نے ۲۰۱۲ء میں کنور کے ایم ایس ایف کارکن عبدالشکور کے سرِعام قتل کیس میں ۱۳؍ ملزمان کو مجرم قرار دے دیا ہے، جبکہ سی پی آئی (ایم) کے سینئر لیڈرپی جے راجن اور سابق رکن اسمبلی ٹی وی راجیش سمیت ۱۸؍ ملزمان کو بری کر دیا ہے۔ یہ قتل مبینہ طور پر سیاسی کشیدگی اور قافلے پر حملے کے ردعمل میں کیا گیا تھا اور اس کی تفتیش بعد ازاں کیرالہ ہائی کورٹ کے حکم پر سی بی آئی کو سونپی گئی تھی۔ مسلم لیگ نے فیصلے کے جائزے کے بعد اعلیٰ عدالت سے رجوع کرنے کا عندیہ دیا ہے جبکہ تفصیلی عدالتی حکم نامے کا انتظار ہے۔
ایرناکولم کی ایک خصوصی سی بی آئی عدالت نے جمعرات کو۲۰۱۲ء میں کنور میں ۲۱؍ سالہ مسلم اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ایم ایس ایف) کے کارکن عبدالشکور کے سرِعام قتل کے مقدمے میں کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے سینئر لیڈر پی جے راجن اور سابق رکن اسمبلی ٹی وی راجیش کو بری کر دیا ہے۔ ایم ایس ایف، انڈین یونین مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل) کا طلبہ ونگ ہے۔ عدالت نے اس مقدمے میں ۱۸؍ ملزمان کو بری کیا جبکہ دیگر ۱۳؍ کو مجرم قرار دیا۔ اس کیس میں کل ۳۳؍ افراد کو ملزم نامزد کیا گیا تھا، جن میں سے دو کی مقدمے کے فیصلے سے قبل ہی موت ہو چکی تھی۔ سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سیکرٹریٹ کے رکن جے راجن اس کیس میں 32ویں ملزم تھے، جبکہ سابق ایم ایل اے اور ڈیموکریٹک یوتھ فیڈریشن آف انڈیا (ڈی وائے ایف آئی ) کے اس وقت کے ریاستی سیکرٹری راجیش ۳۳؍ ویں ملزم تھے۔ دونوں پر اس قتل کی مجرمانہ سازش رچنے کے الزامات عائد تھے۔ اس کے علاوہ سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سیکرٹری ایم وی گووندن کے بیٹے شیام جیت (جو نویں ملزم تھے) کو بھی بری کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: فریدآباد: شادی سے چند ہفتے قبل جیل میں مسلم نوجوان کی موت، اہلِ خانہ کا پولیس پر تشدد کا الزام
کنور کے تلی پرمبا کے اریل کے رہائشی عبدالشکور کو ۲۰؍ فروری ۲۰۱۲ء کو سی پی آئی (ایم) کے کارکنوں نے پیچھا کر کے پکڑا اور کنّا پورم کے چلیوڈ میدان میں ایک خود ساختہ عوامی عدالت (کینگرو کورٹ) لگا کر ان کا ٹرائل کیا۔ ان کی تصویر شیئر کرکے شناخت کی تصدیق کرنے کے بعد، ضلع میں مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل ) کے ساتھ جاری سیاسی کشیدگی کے نتیجے میں سی پی آئی (ایم) کے کارکنوں نے انہیں سرِعام قتل کر دیا تھا۔ یہ لرزہ خیز قتل اس مبینہ حملے کے ردعمل میں کیا گیا تھا جو اسی روز اس سے قبل جے راجن (جو اس وقت سی پی آئی ایم کے کنور ضلع سیکرٹری تھے) اور راجیش (اس وقت ڈی وائی ایف آئی کے ریاستی سیکرٹری) کے قافلے پر ہوا تھا۔ مبینہ طور پر مسلم لیگ کے کارکنوں نے ان کے قافلے پر پتھراؤ کیا تھا، جس سے گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور دونوں لیڈران زخمی ہو گئے تھے۔ بعد ازاں انہیں تلی پرمبا کوآپریٹو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: جموں کشمیر میں کمپنیاں ملازمت کیلئے مقامی افراد کو فوقیت دیں: وزیراعلیٰ عمرعبداللہ
سی بی آئی کی تحقیقات میں ایک مرکزی الزام یہ تھا کہ عبدالشکور کے قتل کی سازش اسپتال کے کمرہ نمبر ۳۱۵؍ میں رچی گئی تھی، جہاں حملے کے بعد جے راجن اور راجیش زیرِ علاج تھے۔ تفتیشی ایجنسی نے دونوں لیڈران کے خلاف سازش کے الزامات ثابت کرنے کیلئے کال ریکارڈز، موبائل ٹاور لوکیشن ڈیٹا اور دیگر مادی شواہد پر انحصار کیا تھا۔ اس سے قبل عدالت نے ان کی بریت کی ابتدائی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ اس قتل کی ابتدائی تحقیقات کیرالہ پولیس نے کی تھیں، تاہم تفتیش سے غیر مطمئن ہو کر عبدالشکور کی والدہ پی سی عاتکہ نے آزادانہ تحقیقات کیلئے کیرالہ ہائی کورٹ سے رجوع کیا۔ ۸؍ فروری ۲۰۱۶ء کو ہائی کورٹ نے یہ مقدمہ سی بی آئی کے حوالے کر دیا۔ جسٹس بی کمال پاشا نے اپنے حکم نامے میں پولیس کی تفتیش اور سینئر سی پی آئی (ایم) لیڈران کو بچانے کی مبینہ کوششوں پر سخت تبصرے کئے تھے۔ عدالت نے مشاہدہ کیا تھا کہ تفتیشی افسر کو جے راجن اور راجیش کو سازش کے الزام سے باہر نکالنے کیلئے غیر معمولی کوششیں کرنی پڑیں۔ سی بی آئی نے ۸۱؍ گواہوں، ۲۳۸؍ دستاویزات اور ۲۱؍ مادی اشیاء پر مشتمل چارج شیٹ داخل کی تھی۔ مقدمے کی باقاعدہ سماعت ۵؍ مئی ۲۰۲۵ء کو شروع ہوئی اور عدالت نے ۴۱؍ گواہوں کے بیانات قلمبند کئے۔ جمعرات کے فیصلے سے قبل یہ قانونی کارروائی ایک دہائی سے زیادہ عرصے تک جاری رہی۔ عدالت نے اس مقدمے میں 13 ملزمان کو قصوروار قرار دیا ہے، جن میں پہلے ملزم سمیش، تیسرے ملزم انوپ، ساتویں ملزم پویترن، نویں ملزم منوہرن اور دسویں ملزم دنیش شامل ہیں۔ عدالت کی جانب سے بری کئے جانے والے دیگر ملزمان میں امیش، پی گنیشن، شیام جیت، پرکاشن، اجین اور راجیون شامل ہیں۔ عدالتی فیصلے کی تفصیلی کاپی کا ابھی انتظار ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ، پوتن اور شی جن پنگ کی سہ فریقی ملاقات، عالمی امن کیلئے مشترکہ کوششوں پر زور
فیصلے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مسلم لیگ (آئی یو ایم ایل ) کے لیڈر پی کے کنہالی کٹی نے کہا کہ عبدالشکور کا قتل ایک سوچی سمجھی سازش کا نتیجہ تھا اور پارٹی فیصلے کی مکمل تفصیلات کا جائزہ لینے کے بعد اعلیٰ عدالت سے رجوع کرے گی۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ایک وحشیانہ اور گھناؤنا قتل تھا، اس میں کوئی شک نہیں کہ اس میں سازش شامل تھی۔‘‘ انہوں نے الزام لگایا کہ گواہوں کو دھمکیاں دی گئیں اور خوف کی وجہ سے کئی گواہ عدالت میں پیش نہیں ہوئے، جس سے کیس متاثر ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اگر فیصلے کی تفصیلات پارٹی کے اس مؤقف کی تائید کرتی ہیں کہ سی پی آئی (ایم) کے لیڈر مبینہ سازش میں ملوث تھے تو پارٹی اپیل دائر کرنے پر غور کرے گی۔ مسلم لیگ کے ایک اور لیڈر پی ایم اے سلام نے بھی الزام لگایا کہ استغاثہ کچھ ملزمان کے خلاف کافی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہا اور دعویٰ کیا کہ دھمکیاں ملنے کے بعد دو گواہ عدالت سے دور رہے۔ اس مقدمے میں سینئر پبلک پراسیکیوٹر ایم نواس اور اسسٹنٹ پبلک پراسیکیوٹر کے پدمانابھن نے سی بی آئی کی پیروی کی، جبکہ سینئر ایڈووکیٹ بی رمن پلئی نے ملزمان کی وکالت کی۔