Updated: June 22, 2026, 8:58 PM IST
| Mumbai
ٹیلی ویژن اداکارہ دپیکا ککڑ اور ان کے شوہر شعیب ابراہیم اس وقت ذاتی زندگی میں شدید آزمائشوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ایک طرف شعیب کے والد گزشتہ ایک ماہ سے زائد عرصے سے اسپتال میں زیر علاج ہیں، جبکہ دوسری طرف دپیکا جگر کے کینسر کے علاج سے گزر رہی ہیں۔ ان تمام مشکلات کے باوجود جوڑے نے شعیب کی سالگرہ منائی، جہاں دپیکا نے ایک جذباتی پیغام شیئر کیا جبکہ شعیب نے اپنی نئی میوزک ویڈیو کی پہلی جھلک بھی مداحوں کے ساتھ شیئر کی۔
شعیب ابراہیم اور دپیکا ککڑ۔ تصویر: آئی این این
ٹی وی انڈسٹری کے مقبول جوڑے دپیکا ککڑ اور شعیب ابراہیم اس وقت زندگی کے ایک انتہائی مشکل دور سے گزر رہے ہیں۔ خاندان کو بیک وقت کئی طبی اور ذاتی چیلنجز کا سامنا ہے، لیکن اس کے باوجود دونوں نے حوصلہ برقرار رکھتے ہوئے شعیب ابراہیم کی سالگرہ سادگی اور محبت کے ساتھ منائی۔ دپیکا ککڑ نے اسپتال سے ایک تصویر شیئر کی جس میں شعیب ان کے ساتھ موجود ہیں۔ تصویر کے ساتھ انہوں نے اپنے شوہر کے لیے ایک جذباتی پیغام لکھا جس نے مداحوں کو بھی متاثر کیا۔ انہوں نے لکھا کہ ’’تمہارا ساتھ ہونا زندگی کی سب سے بڑی نعمت ہے۔ حالات چاہے جیسے بھی ہوں، مجھے معلوم ہے کہ میں ہر مشکل کا سامنا کر سکتی ہوں کیونکہ تم میرے ساتھ ہو۔ تم میری طاقت ہو، میرا سہارا ہو، میری زندگی اور میرا سکون ہو۔ تمہیں سالگرہ مبارک ہو۔ ہمارے پاس تمہیں دینے کے لیے کچھ نہیں، لیکن میری ہر دعا میں تمہارا نام شامل ہے۔‘‘
شعیب ابراہیم نے بھی اس پوسٹ پر محبت بھرے انداز میں ردعمل دیتے ہوئے ہارٹ ایموجیز کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا۔ سالگرہ کے موقع پر شعیب نے مداحوں کو اپنی نئی میوزک ویڈیو تم ساتھ نہیں ہے کی پہلی جھلک بھی دکھائی۔ پوسٹر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’’کچھ کہانیاں سنائی نہیں جاتیں، صرف محسوس کی جاتی ہیں۔ ہمارے نئے گانے ’تم ساتھ نہیں ہے‘ کی پہلی جھلک پیشِ خدمت ہے۔‘‘
دریں اثنا شعیب ابراہیم نے اپنے تازہ یوٹیوب وی لاگ میں اپنے والد کی صحت کے بارے میں بھی تفصیلات شیئر کیں۔ ان کے والد مئی میں دماغی شریان پھٹنے (برین ہیمرج) کے باعث اسپتال میں داخل ہوئے تھے اور اب کئی ہفتوں سے زیر علاج ہیں۔ شعیب نے بتایا کہ ’’الحمدللہ، پاپا پہلے سے کافی بہتر ہیں۔ روزانہ کی بنیاد پر چھوٹے چھوٹے مسائل میں بہتری آ رہی ہے۔ ان کی فزیوتھراپی جاری ہے اور امید ہے کہ اگلے چار سے پانچ دن میں انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا جائے گا۔‘‘
دوسری جانب دپیکا ککڑ نے بھی اپنی صحت کے حوالے سے اہم اپ ڈیٹ دی۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی امیونو تھراپی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے اور علاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔ دپیکا نے کہا کہ ’’ہم نے ڈبل امیونو تھیراپی کا پہلا انفیوژن مکمل کر لیا ہے اور اگلا سیشن جلد ہوگا۔ فی الحال کوئی سنگین سائیڈ ایفیکٹس سامنے نہیں آئے، تاہم جسم میں بھاری ادویات جانے کی وجہ سے کمزوری، تھکن، کمر درد اور ہلکا بخار محسوس ہوا۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے مزید خون کے ٹیسٹ اور ٹیومر مارکرز کی جانچ بھی تجویز کی ہے تاکہ بیماری کی نوعیت کو مزید بہتر انداز میں سمجھا جا سکے۔
دپیکا نے اس موقع پر اپنے شوہر کی ذہنی اور جذباتی کیفیت کا ذکر کرتے ہوئے مداحوں سے ان کے لیے دعا کی اپیل بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ ’’شعیب پہلے ہی میری بیماری کی وجہ سے بہت پریشان تھے اور پھر پاپا کی طبیعت بھی خراب ہو گئی۔ وہ اس وقت اپنی زندگی کے شاید سب سے مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ براہِ کرم ان کا ساتھ دیں اور ان کے لیے دعا کریں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں جب بھی خاندان کے کسی فرد کو اسپتال میں رہنا پڑتا تھا تو وہ ہمیشہ شعیب کے ساتھ موجود رہتی تھیں، لیکن اس بار اپنی صحت کے مسائل کے باعث وہ ایسا نہیں کر سکیں۔ ساتھ ہی انہیں اپنے بیٹے روہان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی نبھانی پڑ رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ’’راکھ‘‘ کے سیریل کلر آکاش مکھیجانے کہا’’ حقیقی زندگی کے تجربات نے مدد کی‘‘
یاد رہے کہ دپیکا ککڑ اور شعیب ابراہیم گزشتہ کئی برسوں سے ٹیلی ویژن کی دنیا کے مقبول ترین جوڑوں میں شمار ہوتے ہیں۔ دونوں سوشل میڈیا اور یوٹیوب پر بھی بڑی تعداد میں مداح رکھتے ہیں اور اکثر اپنی نجی زندگی کی جھلکیاں مداحوں کے ساتھ شیئر کرتے رہتے ہیں۔ کام کے محاذ پر شعیب ابراہیم اپنے پروڈکشن ہاؤس قلب کے تحت مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں جبکہ دپیکا ککڑ اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنے کپڑوں کے برانڈ کے کاروبار کو بھی سنبھال رہی ہیں۔