• Tue, 10 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

اگلا جیمس بانڈ کون ہوگا؟ رابرٹ پیٹنسن بھی دوڑ میں شامل

Updated: November 10, 2026, 9:24 AM IST | New York

ہالی ووڈ کی مشہور فلمی سیریز ’’جیمس بانڈ‘‘‘ کے اگلے ہیرو کی تلاش میں ایک نیا اور دلچسپ موڑ آگیا ہے۔ برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کا نام بھی نئے جیمس بانڈ یعنی ایجنٹ ۰۰۷ کے کردار کے لیے سامنے آیا ہے۔

Robert Pattinson.Photo:X
رابرٹ پیٹنسن۔ تصویر:ایکس

ہالی ووڈ کی مشہور فلمی سیریز ’’جیمس بانڈ‘‘‘ کے اگلے ہیرو کی تلاش میں ایک نیا اور دلچسپ موڑ آگیا ہے۔ برطانوی اداکار رابرٹ پیٹنسن کا نام بھی نئے جیمس بانڈ یعنی ایجنٹ ۰۰۷ کے کردار کے لیے سامنے آیا ہے۔ تازہ میڈیا رپورٹس کے مطابق رابرٹ پیٹنسن اور اداکار نکولس ہولٹ   نے اس اہم کردار کے لیے اسکرین ٹیسٹ دیا ہے۔ اس سے قبل کیلَم ٹرنر ، جیک لوڈن   اور جوش او کونر  کے نام بھی ممکنہ امیدواروں میں شامل تھے۔ اس طرح اب پانچ اداکاروں کے نام اس دوڑ میں نمایاں طور پر سامنے آرہے ہیں۔ تاہم فلم سازوں یا ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز نے ابھی تک کسی اداکار کے انتخاب کی باضابطہ تصدیق نہیں کی ہے۔۴۰؍سالہ رابرٹ پیٹنسن کا نام سامنے آنے کے بعد جیمس بانڈ کے کردار کے لیے جاری قیاس آرائیوں میں مزید شدت آگئی ہے۔ پیٹنسن عالمی سطح پر ’ٹوائی لائٹ‘   فلم سیریز سے مقبول ہوئے، جبکہ انہوں نے ’’دی بیٹ مین‘‘ میں بھی مرکزی کردار ادا کیا ہے۔ ان کی اداکاری کے سفر میں’’ہیری پوٹر‘‘،’’ٹینیٹ‘‘ ،’’دی لائٹ ہاؤس‘‘  اور’ ’مکی ۱۷‘‘  جیسی فلمیں بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:’’مرزا پور‘‘ کو بڑے پردے پر لانے کا خیال دوسرے سیزن کے بعد ہی آگیا تھا: فرحان

رپورٹس کے مطابق پیٹنسن نے اکتوبر کے آخری ہفتے میں لندن میں جیمس بانڈ کے کردار کے لیے اسکرین ٹیسٹ دیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وہ ہدایت کار ڈینس ویلینیو کی آنے والی فلم’’ڈون: پارٹ تھری‘‘  میں بھی کام کرچکے ہیں۔ یہی ہدایت کار اب جیمس بانڈ سیریز کی اگلی فلم کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ تاہم پیٹنسن کے سامنے ایک چیلنج یہ بھی ہے کہ وہ پہلے ہی ڈی سی اسٹوڈیوز کی فلموں میں بیٹ مین کا کردار ادا کررہے ہیں اور اس بڑی فلمی سیریز کی مصروفیات نئے بانڈ کے کردار کے شیڈول پر اثرانداز ہوسکتی ہیں۔ 


رابرٹ پیٹنسن کے ساتھ نکولس ہولٹ کا نام بھی تازہ رپورٹس میں سامنے آیا ہے۔ ۳۶ ؍سالہ ہولٹ ’’ایکس مین‘‘ فلم سیریز، ’’میڈ میکس: فیوری روڈ‘‘اور ’’دی گریٹ‘‘  جیسے پروجیکٹس میں اپنی اداکاری کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔ وہ ڈی سی فلموں میں لیکس لوتھر کا کردار بھی ادا کررہے ہیں۔ہولٹ اس سے قبل ’’دی بیٹ مین‘‘ میں مرکزی کردار کے لیے بھی زیرِ غور آئے تھے، لیکن بالآخر یہ کردار رابرٹ پیٹنسن کو ملا تھا۔ اب دونوں اداکار ایک دوسرے کے مقابلے میں جیمس بانڈ کے کردار کی دوڑ میں دکھائی دے رہے ہیں۔ تاہم ہولٹ کی دیگر فلمی وابستگیاں بھی حتمی انتخاب کے وقت اہم ہوسکتی ہیں۔ ۳۶ ؍سالہ برطانوی اداکار طویل عرصے سے اس کردار کے مضبوط امیدواروں میں شمار کیے جارہے ہیں۔ وہ’ ’فینٹاسٹک بیسٹس‘‘  اور’’ماسٹرز آف دی ایئر‘‘ میں کام کرچکے ہیں۔ سابق جیمز بانڈ اداکار پیئرس بروسنن نے بھی ان کے نام کی حمایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:سینڈ پیپر کے استعمال سے متعلق خواجہ کا دعویٰ سو فیصد درست: وارنر

اسکاٹ لینڈ سے تعلق رکھنے والے جیک لوڈن ’’سلو ہارسیز‘   میں اپنی اداکاری کے لیے مشہور ہیں۔ وہ جاسوسی اور خفیہ مشنوں پر مبنی کرداروں کا تجربہ رکھتے ہیں۔ اداکار گیری اولڈمین نے بھی ان کی حمایت کی ہے۔ جوش او کونر نے ’’دی کراؤن‘‘  میں شہزادہ چارلس کا کردار ادا کرکے عالمی شہرت حاصل کی۔ وہ ’’چیلنجرز‘‘  میں بھی نظر آچکے ہیں۔ جیمس بانڈ کے کردار کے لیے ان کا نام بھی اسکرین ٹیسٹ دینے والے اداکاروں میں شامل بتایا گیا ہے۔
 ان پانچ اداکاروں کے علاوہ گلوکار اور اداکار ہیری اسٹائلز  کے بارے میں بھی اطلاعات ہیں کہ ان سے جیمس بانڈ کے کردار کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔ اسی طرح اداکار تھیو جیمس  کا نام بھی ممکنہ امیدواروں میں لیا جارہا ہے، لیکن ان دونوں کے اسکرین ٹیسٹ دینے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ اس سے قبل جیکب ایلورڈی  اور دیگر اداکاروں کے نام بھی اس کردار کے لیے زیرِ بحث رہے ہیں۔  میڈیا رپورٹس کے مطابق آخری مرحلے کے اسکرین ٹیسٹ میں اداکاروں کی تین اہم صلاحیتوں کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ان میں ایکشن اور اسٹنٹ کرنے کی صلاحیت، کیمرے کے سامنے شخصیت اور موجودگی  اور جیمس بانڈ کے مخصوص مکالموں کی ادائیگی شامل ہے۔ اس عمل کے ذریعے یہ جانچنے کی کوشش کی جارہی ہے کہ کون سا اداکار ایکشن، ذہانت، اعتماد اور مخصوص بانڈ اسٹائل کو بہتر انداز میں پیش کرسکتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK