کسی بھی کام کو بہترین انداز میں انجام دینے کے لیے بھرپور توجہ اور یکسوئی ضروری ہے، اور اس کے لیے دماغ کا پُرسکون اور بہتر انداز میں کام کرنا بھی اہم ہے۔ ذہنی تازگی برقرار رکھنے کے لیے ان ۸؍ باتوں پر عمل کرکے آپ ذہنی انتشار کو دور، ذہنی دباؤ کو کم اور روزمرہ کے کاموں کو زیادہ مؤثر انداز میں انجام دے سکتے ہیں۔ تصویر:آئی این این
اگر آپ اپنے دماغ کو ہمیشہ تر وتازہ رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لئے سب سے پہلا نسخہ ’مطالعہ ‘ آزمائیں۔ آپ کو چاہئے کہ فارغ اوقات میں مطالعہ کو ترجیح دیں۔ ایسی کتابیں پڑھیں جن سے صحت، دولت،خوداعتمادی، فلسفہ کے متعلق سیکھنے ،سمجھنے کو ملے۔ حوصلہ بڑھانے والی تحریریں پڑھیں، کیونکہ مثبت خیالات سے ذہن کو تازگی کا احساس ہوتا ہے۔ اس باعث آپ میں کچھ کرگزرنے کی امنگ اور حوصلہ پیدا ہوگا۔
نایاب اور پرانی چیزوں کی طرف بھی توجہ دیں۔ نایاب پینٹنگز، مخطوطات دیکھیں۔ کلاسک کتابیں پڑھیں۔ یاددگار اور تاریخی عمارتوں کو دیکھیں۔ بڑے بزرگوں سے بات چیت کریں، ان سے ماضی کے قصے اور باتیں سننا بھی آپ کے دماغ کو راحت دے گا۔ ان سے راہ ورسم رکھیں۔ قدرتی مناظر دیکھیں۔ گاؤں شہر سے باہر نکلیں اور سرسبز و شاداب علاقوں میں ہوا خوری کریں۔ پرندوں کی چہچہاہٹ سنیں۔
صحت بخش غذا کو فوقیت دیں۔ وٹامن بی ۱۲(انڈے، چکن بریسٹ، گوشت ،فورٹیفائیڈ سیرل، دہی وغیرہ)، زنک ، فولیٹ ، اینٹی آکسیڈینٹ والی غذائیں آپ کے دماغ کیلئے فائدہ مند ہیں۔ ان سے آپ کو نہ صرف توانائی ملے گی بلکہ آپ کا موڈ بھی اچھا رہے گا اور قوت مدافعت بہتر ہوگی۔ صحت بخش غذائیں نہ صرف آپ کے معدہ کیلئے اچھی ثابت ہوں گی بلکہ آپ کے دماغ کو بھی تازگی دیں گی۔
دماغ کو تازہ دم رکھنے کا چوتھا نسخہ یہ ہے کہ معمے /سوڈوکو حل کریں۔ یا پھر ذہنی آزمائش والے کھیل ،کھیلیں۔ مثلاً شطرنج بھی آپ کھیل سکتے ہیں۔ اس طرح کےکھیلوں سے نہ صرف آپ کے دماغ کی ورزش ہوگی بلکہ اسے تازگی کا بھی احساس ہوگا۔ اتنا ہی نہیں ایسے کھیلوں سے آپ کی ریاضی، توجہ، نفسیات، مسئلہ کو حل کرنے کی صلاحیت، پیٹرن کی شناخت، منصوبہ بندی اور حکمت عملی کی صلاحیت بہتر ہوگی۔
اچھے افراد کی صحبت اختیار کریں۔ ایسے لوگوں سے روابط بڑھائیں جن سے کچھ نہ کچھ سیکھنے کو ملے ۔ ایسے دوستوں میں وقت گزاریں جو مثبت خیال ہوں، جو ہمیشہ کچھ نہ کچھ سیکھنے کو پسند کرتے ہیں۔ ایسے دوستوں کے ساتھ رہیں جن کی نظر ہمیشہ بہتری پر ہوتی ہے ۔ جو فٹنیس کا خیال رکھتے ہیں۔ جو کاروبار اور آمدنی بڑھانے کے لئے کوشاں رہتے ہیں۔ ایسے افراد کی صحبت سے آپ کے دماغ کو تازگی کا احساس ملتاہے۔
دماغ کو تازہ دم رکھنے کیلئے چھٹا اور اہم نسخہ یہ ہے کہ ورزش کو معمول بنائیں۔ لمبی چہل قدمی کی عادت ڈالیں۔ کیونکہ ماہرین کا خیال ہے کہ ۳۰؍ منٹ کی ورزش آپ کے دماغ میں ’سیروٹونن‘ اور ’اینڈروفِنس‘ بڑھاتی ہے۔ جس سے آپ کے دماغ کو سکون اور خوداعتمادی کا احساس ملتا ہے۔ آپ کو اچھی نیند آتی ہے اور جسم میں دوران خون بہتر ہونے سے دماغ بھی تیزی سے کام کرنے لگتا ہے۔
گہری اور بھرپور نیند انسان کے لئے ضروری ہے۔ اب سوال یہ ہے کہ گہری نیند کیسے ملتی ہے۔ اس کے لئے آپ یہ کریں کہ چادر تھوڑی وزنی اوڑھیں۔ بستر نہ تو بہت نرم ہو او رنہ ہی سخت۔ سوتے وقت خواب گاہ میں روشنی بالکل معمولی رکھیں۔ سونے کا ایک وقت مقرر کرلیں اور اس وقت تک بستر پر پہنچ جائیں۔ صبح اٹھتے ہی برش کے بعد گلاس بھرکر پانی پئیں ۔ صحت بخش ناشتہ کریں۔ پھل کھائیں یا جوس پئیں۔
اپنے دماغ کو نئے ہنر او رمہارت سیکھنے کا چیلنج کریں۔ اپنے شعبے اور فیلڈ سے متعلق اضافی صلاحیت / ہنر سیکھیں۔ چاہیں تو کوئی نئی زبان سیکھیں۔ یا پھر ایسے اختراعی کام کریں جو آپ کو پسند ہوں۔ مثلاً خوش نویسی، پینٹنگ وغیرہ۔ چیلنجنگ صورتحال کا سامنا کرنے کے لئے خود کو تیار رکھیں، اور اس صورتحال سے نمٹنے کے حل پر غوروفکر کریں۔ اس طرح کی مشقیں آپ کے دماغ کو تازہ دم رکھنےمیں معاون ثابت ہوں گی۔