شادی کی خریداری محدود بجٹ رکھنے والے متوسط طبقے کے خاندانوں کیلئے بعض اوقات مشکل مرحلہ بن جاتی ہے، جہاں ضروری اشیا کی خریداری کے ساتھ معیار اور اخراجات میں توازن رکھنا ضروری ہوتا ہے۔ مناسب منصوبہ بندی، خریداری کی فہرست، قیمتوں کا موازنہ اور غیر ضروری اخراجات سے گریز کرکے بجٹ کو قابو میں رکھا جاسکتا ہے۔
شادی کی خریداری میں متوسط طبقے کیلئے سب سے بڑا چیلنج یہ ہوتا ہے کہ محدود بجٹ میں ضروریات بھی پوری ہوں اور معیار پر بھی بہت زیادہ سمجھوتہ نہ کرنا پڑے۔ اس کیلئے چند باتوں کو پہلے سے ذہن میں رکھنا فائدہ مند ہوگا۔
بجٹ پہلے طے کریں:
خریداری سے قبل یہ طے کرلیں کہ کپڑوں، جوتوں، زیورات، بیگ اور دیگر اشیا پر مجموعی طور پر کتنی رقم خرچ کرنی ہے۔ ہر چیز کیلئے الگ بجٹ مقرر کرنے سے غیر ضروری خرچ سے بچا جاسکتا ہے۔
خریداری کی فہرست بنائیں:
شادی کے جوڑے، ساڑیاں، بچوں کے کپڑے، جوتے، بیگ، تحائف اور دیگر ضروری اشیا کی فہرست پہلے تیار کرلیں۔ فہرست کے بغیر بازار جانے پر دل کو بھانے والی غیر ضروری چیزیں بھی بجٹ کا حصہ بن جاتی ہیں۔
ایک ہی دکان پر فیصلہ نہ کریں:
خاص طور پر مہنگی اشیا خریدتے وقت کم از کم دو تین دکانوں پر قیمت اور معیار کا موازنہ کریں۔ صرف کم قیمت دیکھنے کے بجائے کپڑے کا معیار، سلائی اور اس کی پائیداری بھی دیکھیں۔ اس بات کا خیال رکھیں کہ یہ خریداری روز روز نہیں کی جاتی۔
باہر کی چمک سے متاثر نہ ہوں:
خوب صورت دکان یا مہنگی پیکنگ ہمیشہ بہتر معیار کی ضمانت نہیں ہوتی۔ متوسط طبقے کے خریدار کیلئے اصل اہمیت چیز کے معیار اور مناسب قیمت کی ہے۔ایسے میں ضروری ہے کہ اپنے ساتھ کسی تجربے کار فرد کو لے کر جائیں۔
بچوں کی خریداری پہلے کریں:
شادی کے قریب آتے ہی بچوں کے کپڑے اور جوتے بھی مہنگے یا پسند کے سائز میں کم دستیاب ہوسکتے ہیں، اس لیے ان کی خریداری آخری وقت پر نہ چھوڑیں۔
’سیل‘ اور رعایت کو سمجھ لیں:
ہر رعایت واقعی بچت نہیں ہوتی۔’سیل‘ یا ’ڈسکاؤنٹ‘ دیکھ کر فوری خریداری کے بجائے پہلے اصل قیمت اور دوسری دکانوں کے نرخ کا اندازہ کرلیں۔
بے جا قرض سے بچیں:
صرف رسم و رواج یا دوسروں کی دیکھا دیکھی غیر ضروری خرچ کرنا مناسب نہیں۔ شادی خوشی کا موقع ہے، مالی بوجھ بڑھانے کا نہیں۔ بہتر خریداری وہی ہے جس کے بعد خوشی بھی باقی رہے اور بجٹ بھی قابو میں رہے۔