جلد کو خوبصورت اور جواں سال رکھنے کے لئے سب سے اہم عنصر کولیجن ہے جو جلد کو جھریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔ ہماری جلد خود کار نظام کے تحت کولیجن کو پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ایک صحتمند شخص اتنا کولیجن پیدا کرتا ہے جس سے اس کی جلد کی ضروریات پوری ہو سکیں۔ تصویر: آئی این این
کولیجن کیا ہے؟ یہ ایک پروٹین ہے جو آپ کے جسم میں وافر مقدار میں پایا جاتا ہے اور آپ کے پٹھوں، جلد، خون، جوڑوں اور ہڈیوں میں موجود ہوتا ہے۔ لہٰذا اس کی وجہ سے آپ کو کئی طریقوں سے مدد مل سکتی ہے۔ کولیجن کے کچھ اہم کام میں شامل ہیں۔٭جلد کی لچک کو بڑھانا٭ہڈیوں اور جوڑوں کو طاقت دینا٭اہم اعضاء کی حفاظت کرنا
کولیجن کی کمی کیوں ہوتی ہے؟ ان تمام اہم سرگرمیوں کو انجام دینے کے لئے ہڈیوں کے پٹھوں کو ایک ساتھ رکھنے سے جسم کے اندر باقاعدگی سے کولیجن پیدا ہوتا ہے۔ لیکن جب آپ کی عمر بڑھتی ہے یا تمباکو نوشی، زیادہ سورج کی شعاعیں اور غذائیت کی کمی جیسی سرگرمیاں ہوتی ہیں تو اس کی پیداوار رک جاتی ہے۔ کچھ بیماری کی حالتیں کولیجن کی پیداوار کو روکنے کی وجہ بنتی ہیں۔
کولیجن کی کمی کے جسم پر اثرات٭چہرے پر جھریاں نظر آنے لگتی ہیں۔٭جوڑوں میں درد محسوس ہوتا ہے۔٭بال اور ناخن کمزور ہوکر ٹوٹنے لگتے ہیں۔٭نظام ہضم متاثر ہوتا ہے۔٭دل کمزور ہونے لگتا ہے۔
کولیجن کی کمی کی شروعات کیسے ہوتی ہے؟ جلد میں ایک کیمیائی خامرہ (Enzyme) ہوتا ہے جسے Collagenase کہا جاتا ہے، یہ ہمارے جسم میں کولیجن کے پھیلے ہوئے وسیع نیٹ ورک کو توڑتا ہے۔ ۲۵؍ سال کی عمر تک جلد میں کولیجن کی پیداوار اسے توڑنے والے انزائم سے زیادہ ہوتی ہے۔ ۲۵؍ سال کی عمر کے بعد یہ تناسب اُلٹ ہو جاتا ہے یعنی ہم جتنا کولیجن پیدا کرتے ہیں، اس سے زیادہ ضائع کرتے ہیں، یہی وہ دور ہوتا ہے، جب ہم جلد پر فائن لائنز، جھریوں، جلد میں لٹک اور جوڑوں میں درد کو اُٹھتا محسوس کرتے ہیں۔
کولیجن لینا جلد اور بالوں کیلئے مفید ہے؟ ہم جیسے جیسے عمر رسیدہ ہوتے جاتے ہیں، ہماری جلد کولیجن پیدا کرنے کے مقابلے میں اسے ضائع زیادہ کرتی ہے، تاہم بیرونی ذرائع سے کولیجن لینے کے فوائد واضح نہیں ہیں۔ جلدی ماہرین کا کہنا ہے کہ کولیجن آپ کی جلد پر نمودار ہونے والی جھریوں کو ختم نہیں کر سکتا اور نہ ہی یہ آپ کی جلد کی بچوں والی نرمی واپس لوٹا سکتا ہے مگر یہ ممکن ہے کہ کولیجن رنگ و روپ میں بہتری پیدا کرے۔
جلد کے کولیجن میں کیسے بہتری لائی جائے؟ دیرپا نتائج کیلئے آپ کو سبزیاں، پھل اور صحتمند فیٹس کا استعمال بڑھا دینا چاہئے جبکہ مٹھائیوں اور پروسیسڈ کھانوں کے استعمال کو محدود کر دیں، اس کے علاوہ وافر مقدار میں پانی پینا انتہائی ضروری ہے۔