میراروڈ میں واقع ہوٹل میں ایسی ڈشیز دستیاب ہیں جو عام طور پر لکھنؤ میں ہی ملتی ہیں ،گلائوٹی کباب، شیرمال،رومالی روٹی اور شاہی ٹکڑے شامل
EPAPER
Updated: August 04, 2023, 8:44 PM IST | Habeeb Mohammed | Mumbai
میراروڈ میں واقع ہوٹل میں ایسی ڈشیز دستیاب ہیں جو عام طور پر لکھنؤ میں ہی ملتی ہیں ،گلائوٹی کباب، شیرمال،رومالی روٹی اور شاہی ٹکڑے شامل
لکھنؤ ایک ایسی جگہ ہےجو کئی باتوں کیلئے مشہور ہے۔ان میں ایک چیز وہاں کے لاجواب ذائقے بھی ہیں ۔اکثر لوگ وہاں کی امامباڑہ،گھنٹہ گھر اور رومی دروازہ جیسی تاریخی اور شاندار عمارتیں دیکھنے جاتےہیں توکچھ وہاں کی زبان و تہذیب سے متاثر ہوکر تو کچھ وہاں کے ذائقہ دار پکوان چکھنےجاتے ہیں ۔لیکن اگر آپ کو وہاں کا ذائقہ اپنے اسی شہر ممبئی میں چکھنا ہوتو وہ بہت مشکل سے ملتا ہے۔ آئیے آج ہم آپ کو ایک ایسی جگہ سے متعارف کرواتے ہیں جہاں آپ لکھنوی ذائقہ سےلطف اندوز ہوسکتے ہیں ۔یہ جگہ میرا روڈ میں زہراز لکھنؤ دربار ہوٹل ہےجس میں آپ لکھنؤ کے مخصوص ذائقہ کا لطف لے سکتے ہیں ۔
اس ہوٹل کا مینو ہی آپ کو لکھنؤکی یاد دلادے گا جس پر لکھنؤ کے مشہور رومی دروازے کی تصویر نمایاں ہے۔پھر اسے پلٹنے پر آپ کو ڈشیز کے علاوہ ان کے زمرے ہی لکھنوی انداز لئے ہوئے ملیں گے۔لکھنوی تندور، اماں رول کھائو،داستان بریانی، گوشت خور اسپیشل، شاہی گھاس پھوس،اماں چائنیز کھاتے ہیں ، اماں ویجیٹرین ہیں ہم اور داستان روٹی اس کی چند مثالیں ہیں ۔
اگرڈشیز کی بات کی جائے تویہاں کی پہلی ہی ڈش تندوراعظم ہے۔ اس کے علاوہ تندورسےآپ کیلئے چکن تندوری ٹانگ، مٹن کاکوری کباب، چکن پسندہ اور سیخ کباب بھی پیش کئے جاتے ہیں ۔یہاں لکھنؤکےمشہور کبابوں کوجدید دور سے ہم آہنگ کرتے ہوئے رول بناکر بھی دیئےجاتے ہیں جس کے تحت ایک رول میں ۲؍،۳؍ اور ۴؍کباب تک کا متبادل موجود ہے۔ اس کے علاوہ حبشی رول اور شیرمال سیخ رول بھی دستیاب ہے۔
یہاں بریانی کی بھی کئی اقسام ہیں جن میں مٹن، چکن، دیسی گھی مٹن بامبے بریانی،مٹن سیخ بریانی اور مرغ ٹانگ بریانی بھی ملتی ہے۔ گوشت خوروں کیلئے گلائوٹی کباب،مٹن بوٹی کباب، مٹن نلی نہاری، آداب لکھنؤچکن مسالہ،چکن ٹکاٹک،چکن نہاری بھی یہاں کی خصوصی ڈشیزمیں شامل ہیں ۔اس کےعلاوہ یہاں روٹیوں میں رومالی روٹی، الٹے توے کا پراٹھا، لکھنوی کلچا،پیشاوری نان، شیرمال، زعفران شیرمال باقر خانی اور مسی روٹی ملتی ہے۔