Inquilab Logo

اسوس روگ ایلی کمپیوٹر کی خصوصیات سے لیس گیمنگ کنسول

Updated: July 31, 2023, 4:39 PM IST | Mumbai

کمپیوٹر کیلئے استعمال ہونے والے اے ایم ڈی پروسیسر اور ونڈوز۱۱؍کے حامل اس ڈیوائس پر آپ کوئی بھی گیم انسٹال اورکھیل سکتے ہیں

Asus Rogue Ally looks something like this in the picture
تصویر میں اسوس روگ ایلی کچھ اس طرح نظر آتا ہے

گیمنگایک ایسا مشغلہ ہےجو تقریباًہر کسی کو پسند ہوتا ہے۔ کوئی بچہ ہو یا بڑا ہر کوئی کسی نہ کسی سطح پر گیم کھیلتانظرآتاہے۔ہ الگ بات ہے کہ آج ہمارے ملک میں زیادہ تر لوگ موبائل پر گیم کھیلتے نظرآتےہیں۔موبائل بلکہ اسمارٹ فون سےپہلےکچھ نوجوان گیمنگ کنسول سے گیم کھیلتے تھے لیکن اب وہ چلن کم ہوگیا ہے۔اس چلن کو پھر رواج دینے کیلئے کمپیوٹر اور موبائل بنانے والی مشہور کمپنی اسوس نے ان دونوں کے انضمام سے ایک نیا آلہ تیار کیا ہے۔ یہ دیکھنے میں توبالکل گیمنگ کنسول کی  طرح ہے لیکن اس میں تمام خصوصیات کمپیوٹروالی ہیں۔اس ڈیوائس کو خصوصی طورپرگیم کھیلنے کیلئےہی بنایا گیا ہے لیکن اس میں آپریٹنگ سسٹم ونڈوز ۱۱؍استعمال کیا گیا ہے جس کی وجہ سے اس میں کمپیوٹر کے کام بھی کئے جاسکتے ہیں۔گیمنگ بٹن کی وجہ سے آپ مائوس جیسا کام تو کرسکتے ہیں لیکن کی بورڈ کا کام لینا مشکل ہے۔
 اسوس روگ ایلی کی ہندوستان میں قیمت
 عالمی پیمانے پر روگ ایلی کے ۲؍ویریئنٹ متعارف کروائے گئےہیں۔ ان میں فرق محض پروسیسر کا ہے۔ سستے ڈیوائس میں اے ایم ڈی کا نیا’رائزین زیڈ ون‘پروسیسر استعمال کیا گیا ہے جبکہ رائزین  زیڈ ون ایکسٹریم کی مددسےگیمنگ کے تجربہ کوبہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ہندوستان میں یہ ڈیوائس  ۶۹؍ہزار ۹۹۰؍روپے میں دستیاب ہے۔
بکس میں کیا کیا ساتھ آتا ہے؟
 آپ کو اس کے بکس میں زیادہ کچھ نہیں ملے گا۔ اس ڈیوائس کے ساتھ ایک بڑی سائز کا چارجر اور ایک پاور کیبل آتا ہے۔اس بات سے مایوسی ہوتی ہے کہ اس کیلئے موبائل کورکی طرح کوئی کور بھی نہیں دیا گیا ہےتاکہ اسے محفوظ رکھا جاسکے حالانکہ کمپنی اسے پورٹیبل ڈیوائس کے طورپرفروخت کررہی ہے۔اسوس کمپنی مائکروایس ڈی کارڈز کیلئے کمپارٹمنٹ بھی ساتھ میں نہیں دے رہی ہے جسے اسٹینڈ کی طرح استعمال کیا جاسکتا ہے، اسے بھی الگ قیمت دے کر خریدنا ہوتا ہے۔
تکنیکی معلومات
 اس کے ڈیزائن کو نظر انداز کیا جائے تو اسے ہاتھ میں پکڑا جانےوالا ایک مکمل کمپیوٹر قرار دیاجاسکتاہے۔اس میں اسٹینڈرڈ پروسیسردیا گیا ہے جس میں جی پی یو بھی شامل ہے۔ اس کے علاوہ کی بورڈ اور ٹریک پیڈ کے علاوہ کمپیوٹر والے تمام اجزا اس میں شامل  ہیں۔ یہ ونڈو۱۱؍ ہوم ایڈیشن پر چلنے والے کمپیوٹر کی طرح ہی بوٹ ہوتا ہے۔ یہ اس کی سب سےبڑی خوبی ہے کیوں کہ اس طرح اس پر کمپیوٹر پر چلنے والا کوئی بھی گیم کھیلا جاسکتا ہے جس میں بہت سارے مفت ملنے والے گیم بھی شامل ہیں۔لیکن یہی بات اس کی کمزوری بھی ہےکیوں کہ آپ ایک عام سے سافٹ ویئر اور ہارڈویئر کومحض گیم کھیلنے کیلئے استعمال کریں گے جو کہ شاید اس مقصد کیلئے نہ بنائے گئے ہوں۔
خامیاں اور خوبیاں
 پہلی بات تو یہ کہ ہمارے ملک میں جہاں زیادہ تر لوگ اپنے موبائل پر ہی گیم کھیل لیتے ہیں تو صرف گیم کھیلنے کیلئے اتنا مہنا ڈیوائس کیسے خریدیں گے۔اس کے علاوہ یہ بھی یاد رکھنے لائق بات ہے کہ کمپیوٹر کے زیادہ تر گیم کو لگاتار یا تھوڑے تھوڑے وقفے سے انٹرنیٹ سے منسلک ہونے کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایسے میں آپ اس ڈیوائس کوہوائی جہاز،ٹرین یا بس  میں سفر کے دوران کھیلنے کیلئےکیسےاستعمال کر سکتےہیں جہاں  یا تو انٹرنیٹ کنکشن بالکل نہیں ہوتا یا کنیٹکیوٹی  بہت خراب ہوتی ہے۔
 اگر آپ چاہیں کہ اسے محض کمپیوٹر کی ہی طرح استعمال کریں  تب بھی ۷؍انچ کے چھوٹے سے اسکرین پربرائوزنگ کرنایا آفس ڈاکیومنٹ پر ٹائپنگ کرنا مشکل مرحلہ ثابت ہوسکتاہے۔
 پھر بھی موبائل کے مقابلے اس پر فلم دیکھنا زیادہ بہتر تجربہ ہوسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یو ایس بی ڈاک اور دیگر سستے لوازمات کے ساتھ یہ ایک ٹکائو گیجٹ ثابت ہوسکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK