• Fri, 13 September, 2024
  • EPAPER

Inquilab Logo

گھڑچڑی: دو نسلوں کے رومانس پر مبنی ایک مزاحیہ فلم

Updated: August 10, 2024, 10:34 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سنجے دت اور روینہ ٹنڈن کوطویل عرصے بعد رومانس کرتے ہوئے دیکھنے کا موقع، رومانٹک کامیڈی کے تمام عناصر اس میں ملتے ہیں۔

Sanjay Dutt and Raveena Tandon can be seen in a scene from the movie `Ghadachdi`. Photo: INN
فلم ’گھڑچڑی‘ کے ایک منظر میں سنجے دت اور روینہ ٹنڈن کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر : آئی این این

گھڑچڑی(Ghudchadi)
اسٹار کاسٹ: سنجے دت، روینہ ٹنڈن، پارتھ سمتھان، خوشالی کمار، آکاش دبھاڑے، ارونا ایرانی، اچنت کور، سریندر راجن
رائٹر: دیپک کپور بھاردواج، بنوئے گاندھی
ڈائریکٹر : بنوئے گاندھی 
پروڈیوسر:ندھی دتا، بنوئے گاندھی، اشوینی کمار، بھوشن کمار، کرشن کمار، سنتوش رائے، روی سرین
سنیماٹوگرافی: یوگیش جانی 
میوزک: تنشک باگچی
ایڈیٹنگ: میتیش سونی
آرٹ ڈائریکٹر:ببن کھرات، روہت ببن کھرات
ریٹنگ: ***
 گھڑچڑی محبت، خاندان اورزندگی میں ملنے والےدوسرے موقع کےبارے میں ایک دلچسپ کہانی ہے جس میں سنجے دت اور روینہ ٹنڈن طویل عرصے سے اپنی کھوئی ہوئی محبت کو تلاش کرنے والوں کاکردار ادا کرتے ہوئے نظرآتےہیں۔ انہیں آخرکاراپنی محبت مل بھی جاتی ہے اور وہ شادی کے لیےپرعزم ہیں۔ لیکن اس بار ان کی محبت میں ویلن کوئی اور نہیں بلکہ ان کےبچےہوں گے، کیونکہ ان کے بچے بھی ایک دوسرےسےرومانس کر رہےہیں۔ بنوئے گاندھی ایک ایسی پیچیدہ رومانوی کامیڈی لے کر آئے ہیں، جن کی ہدایت کاری میں فلم ’گھڑچڑی‘جیو سنیما پر ریلیز ہوئی ہے۔ 
فلم کی کہانی
ویرشرما (سنجے دت) کے بیٹے چراغ شرما (پارتھ سمتھان) کی محبت مینکا (روینہ ٹنڈن)کی بیٹی دیویکا (خوشالی کمار) کے ساتھ پروان چڑھ رہی ہے۔ لیکن اس دوران سنجے دت کی روینہ ٹنڈن سے ملاقات ہوجاتی ہے اور ان کی خواہشات، جو کافی عرصہ پہلے دبا دی گئی تھیں، دوبارہ جاگ اٹھتی ہیں اور ان کی محبت کی کہانی شادی تک پہنچنے لگتی ہے۔ اب ان کے بچے ان کی شادی میں رکاوٹ بنیں گے یا یہ دونوں اپنے بچوں کی شادی میں رکاوٹ بنیں گے، ان تمام سوالوں کے جواب آپ اس فلم کو دیکھ کر معلوم ہوں گے۔ فلم میں دو نسلوں کے درمیان محبت کو مزاحیہ انداز میں دکھایا گیا ہے اور اس رومانوی کہانی میں کامیڈی کا ٹچ بھی شامل کیا گیا ہے۔ 
ہدایت کاری
 بنوئے گاندھی کی ہدایت کاری بہت محتاط ہے، وہ کہانی کو کہیں بھی پھیکا نہیں پڑنے دیتے اور فلم دیکھنے کے بعد ناظرین خوشی محسوس کرتے ہیں۔ انہوں نے بہت احتیاط سے اداکاروں کا انتخاب کیا ہے اور وہ اپنی کوشش میں پوری طرح کامیاب رہے ہیں۔ فلم کے تکنیکی پہلو میں فوٹو گرافی، اسکرین پلے اور ایڈیٹنگ وغیرہ بہترین معیار کے ہیں۔ فلموں کے شائقین نے کئی برسوں میں بہت سی رومانوی کامیڈی فلمیں دیکھی ہونگی اور ہررومانوی کامیڈی فلم میں کوئی چیزمنفردہوتا ہے۔ بنوئے گاندھی کی گھڑچڑی بھی مختلف معلوم ہوتی ہے کیونکہ اس میں بہت سے موڑہیں۔ کلیانی دیوی (ارونا ایرانی)کے وجود کا واحد مقصداپنے پوتے کی شادی کرانا ہے۔ لیکن ہر دادا دادی کی طرح، وہ اپنے پوتے کےگھڑچڑی پر رقص کرنا چاہتی ہے۔ اس کے پاس واقعی ایک ہی کام ہے (اس کی شادی کرنا) اور وہ اس میں ناکام ہو رہی ہے۔ 
اداکاری
 سنجے دت نے ہمیشہ کی طرح اچھی اداکاری کی ہے، انہوں نے اپنےکردار کے ساتھ مکمل انصاف کیا ہے۔ ان کی شخصیت کی دلکشی فلم میں پوری طرح جھلکتی ہے۔ روینہ ٹنڈن فلم میں تازگی لاتی ہیں۔ اس پر عمر کا کوئی اثر نظر نہیں آتا۔ انہوں نےاپنے چلبلے پن کو برقرار رکھا ہے۔ پارتھ سمتھان نے بھی اچھی اداکاری کی ہے اور اپنا سو فیصد دیا ہے۔ اس سے پہلے بھی وہ کئی ٹی وی شوز کر چکے ہیں اور اب سنجیدگی ان کی اداکاری میں واضح طور پر دیکھی جا سکتی ہے۔ خوشالی کمار اچھی لگ رہی ہیں اور انہوں نے بھی اچھی اداکاری کی ہے۔ ارونا ایرانی نے بھی فلم میں کلیانی دیوی کا شاندار کردار ادا کیا ہے۔ ارونا ایرانی کا کردار فلم میں گہرائی اور پرانی یادوں کا اضافہ کرتا ہے، جو فلم کی مجموعی اپیل میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ 
موسیقی
 فلم میں موسیقی تنشک باگچی اور سکھبیر نے دی ہے اور گانے کے بول بھی تنشک باگچی اور سکھبیر کے ہیں۔ فلم کی موسیقی سریلی ہے اور اس کے گانے چارٹ بسٹر بن رہے ہیں۔ فلم میں دو گانے ہیں اور دونوں پنجابی زبان میں ہیں۔ دل وسدا اور پنجابی منڈے پون بھنگڑا دونوں گانے مزے کے ہیں۔ 
نتیجہ
 گھڑچڑی میں دل کو چھو لینے والی اور رومانوی کہانی ہے، جو پرانی یادوں اور جدید کہانی کہنے کا امتزاج ہے۔ اگر آپ اس ہفتے کے آخر میں ایک منفرد قسم کارومانس اور کامیڈی دیکھنا چاہتے ہیں تو یہ آپ کے لیے ہے۔ مختصراً یہ کہا جا سکتا ہے کہ فلم میں وہ تمام عناصر ہیں جو اسے فیملی رومینٹک کامیڈی بناتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK