• Thu, 01 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۰۲۵ء میں بالی ووڈ کی شاندار واپسی: باکس آفس پر واضح برتری

Updated: January 01, 2026, 9:02 PM IST | Mumbai

۲۰۲۵ء میں بالی ووڈ نے باکس آفس پر شاندار واپسی کرتے ہوئے ساؤتھ سنیما کو واضح برتری کے ساتھ پیچھے چھوڑ دیا۔ تقریباً ۵۰۰۰؍ کروڑ روپے کی مجموعی کمائی کے ساتھ ہندی سنیما سال کی سب سے مضبوط فلم انڈسٹری ثابت ہوئی، جبکہ کنڑ، تمل، ملیالم اور تیلگو سنیما نے بھی اپنی اپنی سطح پر قابلِ ذکر کارکردگی دکھائی۔

Ranveer Singh. Photo: INN
رنویر سنگھ۔ تصویر: آئی این این

گزشتہ چند برسوں سے سوشل میڈیا پر یہ تاثر عام تھا کہ ساؤتھ سنیما نے باکس آفس پر مکمل غلبہ حاصل کر لیا ہے اور بالی ووڈ یا ہندی سنیما زوال کا شکار ہو چکا ہے۔ تاہم، ۲۰۲۳ء میں شاہ رخ خان کی بڑی اسکرین پر شاندار واپسی نے اس بیانیے کو بدل کر رکھ دیا۔ فلمیں پٹھان، جوان اور ڈنکی بیک ٹو بیک بلاک بسٹر ثابت ہوئیں اور ہندی سنیما کو دوبارہ مرکزِ توجہ بنا دیا۔اب ۲۰۲۵ء میں بالی ووڈ نے ایک بار پھر باکس آفس پر اپنی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔ اگرچہ فلموں کی تعداد کے اعتبار سے ۲۰۲۵ء،  ۲۰۲۳ء  سے پیچھے رہا، لیکن مجموعی کمائی میں ہندی سنیما نے تیلگو، تمل، کنڑ اور ملیالم سنیما کو بڑے فرق سے پیچھے چھوڑ دیا۔

یہ بھی پڑھئے: کپل شرما کی ’’کس کس کو پیار کروں ۲ ‘‘ ۹؍ جنوری کو دوبارہ ریلیز ہوگی

۲۰۲۵ء میں ہندی سنیما نے عالمی سطح پر تقریباً ۵۰۰۰؍  کروڑ روپے کا مجموعی بزنس کیا۔ اس میں دھرندھر نے ۱۱۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کمائی کی (تاحال سینما گھروں میں نمائش جاری ہے)، جبکہ ایک فلم نے ۷۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا۔ سیارا نے ۵۵۰؍ کروڑ روپے سے زائد کمائے، دو فلمیں مہاوتار نرسمہا اور وار ۲ نے ۳۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کیا، جبکہ ستارے زمین پر، ریڈ ۲ اور ہاؤس فل ۵ نے عالمی سطح پر ۲۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کمائی کی۔
کنڑ سنیما میں کانتارا: چیپٹر ون سب سے بڑی ہٹ ثابت ہوئی، جس نے عالمی سطح پر ۸۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کمائے۔ اس کے بعد سُو فروم سو نے ۱۲۵؍ کروڑ روپے کمائے، جبکہ دیگر زیادہ تر فلمیں ۳۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکیں۔ کنڑ سنیما کا مجموعی باکس آفس تقریباً ۱۰۰۰؍ کروڑ روپے رہا۔
تمل سنیما میں قلی نے ۵۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کی، گڈ بیڈ اگلی نے ۲۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد، جبکہ ڈریگن، وڈامویاچی اور ڈیوڈ ۱۰۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنے میں کامیاب رہیں۔ تمل سنیما کا مجموعی باکس آفس تقریباً ۲۰۰۰؍ کروڑ روپے رہا۔
ملیالم سنیما نے ۲۰۲۵ء میں اپنی تاریخ کی پہلی ۳۰۰؍ کروڑ روپے کی فلم لوکا چیپٹر ۱: چندر۔ اس کے بعد ایل ۲: امپوران اور تھنڈرم نے ۲۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ کمائی کی، جبکہ سروم مایا نے ۱۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد بزنس کیا۔ ملیالم سنیما کا مجموعی باکس آفس اب ۱۶۰۰؍ کروڑ روپے سے تجاوز کر چکا ہے۔
تیلگو سنیما نے ۲۰۲۵ء میں نسبتاً کمزور کارکردگی دکھائی۔ صرف ایک بڑی بلاک بسٹر سنکرانتھیکی وستھونم سامنے آئی، اور کوئی بھی فلم ۳۰۰؍ کروڑ روپے کا ہندسہ عبور نہ کر سکی۔ تاہم دے کال ہم او جی سمیت دو فلموں نے ۲۰۰؍ کروڑ روپے سے زائد کمائے، جبکہ سات فلمیں ۱۰۰؍ کروڑ روپے سے زیادہ بزنس کرنے میں کامیاب رہیں۔ تیلگو سنیما کا مجموعی باکس آفس تقریباً ۲۰۰۰؍کروڑ روپے رہا۔

یہ بھی پڑھئے: ۲۰۲۶ء میں ریلیز ہونے والی بالی ووڈ کی بڑے بجٹ کی فلمیں

۲۰۲۵ء: ہر انڈسٹری کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم

ہندی سنیما: دھرندھر: ۱۱۰۰؍ کروڑ روپے
کنڑ سنیما: کانتارا (چیپٹر ون): ۸۵۰؍ کروڑ روپے
تمل سنیما: قلی: ۵۰۱؍ کروڑ روپے
ملیالم سنیما: لوکا (چیپٹر ون): ۳۰۰؍ کروڑ روپے
تیلگو سنیما: دے کال ہم او جی: ۲۸۳؍ کروڑ روپے

فلم انڈسٹری کے ماہرین کے مطابق ۲۰۲۶ء تمام زبانوں کی فلم انڈسٹریز، خصوصاً ہندی سنیما کے لیے مزید بڑا سال ثابت ہو سکتا ہے، جس میں کنگ، دھرندھر ۲، رامائن اور بارڈر ۲  جیسی بڑی فلمیں شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK