بڑے پیمانے پر پسند کی جانے والی سیریز میں آپ کو وہی پرانا انداز دیکھنے کو ملتا ہے، کچھ مقامات پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پرانی باتیں دہرائی جارہی ہیں۔
EPAPER
Updated: June 14, 2026, 10:03 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
بڑے پیمانے پر پسند کی جانے والی سیریز میں آپ کو وہی پرانا انداز دیکھنے کو ملتا ہے، کچھ مقامات پر ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے پرانی باتیں دہرائی جارہی ہیں۔
گُلّک ۵ (Gullak 5)
اسٹریمنگ ایپ: سونی لیو(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: جمیل خان، گیتانجلی کلکرنی، ہرش مایار، سنیتا راجور، اننت جوشی،اجے پال۔
ڈائریکٹر: شریانش پانڈے،ابھے رائوت
رائٹر: شریانش پانڈے،ویدت ترپاٹھی،نکھل سچن
پروڈیوسر: سید زید علی،ارونبھ کمار
موسیقی: انوراگ سیکیا،اربند نیوگ
سنیماٹو گرافر: شری نام جوشی، آنند بنسل، شیو پرکاش راٹھور
ایڈیٹر: گورو گوپال جھا، امیت کلکرنی، پرشانت رامچندرن
ریٹنگ: ***
یہ بھی پڑھئے: ’میڈ ان انڈیا: اے ٹائٹن اسٹوری‘ ایک برانڈ کی نہیں لگن اور محنت کی کہانی ہے
او ٹی ٹی پلیٹ فارمز پر جہاں نت نئے اور سنسنی خیز موضوعات پرمبنی مواد پیش کیا جاتا ہے، وہیں ’گلّک‘ ایک ایسی منفرد ویب سیریز ہے جس نے ایک چھوٹے شہر کے متوسط طبقے کے عام خاندان کی سادہ، میٹھی اور کبھی کبھی تلخ حقیقتوں کو پیش کرکے ناظرین کے دلوں میں مستقل جگہ بنا لی ہے۔ اپنے پانچویں سیزن میں بھی یہ سیریز مشرا خاندان کی روزمرہ زندگی، چھوٹی چھوٹی خوشیوں، بدلتے حالات اور نئی مشکلات کو نہایت فطری انداز میں پیش کرتی ہے۔اس مرتبہ سیریز میں ۷؍ ایپی سوڈہیں اور ہر قسط تقریباً۳۰؍ منٹ کاہے۔ یہ سیزن ایک اور وجہ سے بھی خاص اہمیت رکھتا ہے،کیونکہ کاسٹ میں ایک بڑی تبدیلی کی گئی ہے۔ مشرا جی کے بڑےبیٹے انو مشرا کے کردار میں اب اننت وی جوشی نظر آتے ہیں، جنہوں نے ویبھَو راج گپتا کی جگہ لی ہے۔
کہانی
اس بار کہانی کا آغاز سنتوش مشرا (جمیل خان) کے گھر کی پوتائی سے ہوتا ہے۔ گھر میں وائی فائی لگ چکا ہے اور اسی کے ساتھ گلّک کی جگہ بھی تبدیل ہو گئی ہے۔ یہ ایک علامتی اشارہ ہے کہ مشرا خاندان وقت کے ساتھ ساتھ بدل رہا ہے۔سنتوش مشرا ایک بڑے گھر کے لیےقرض کا انتظام کرنے کی کوششوںمیں مصروف ہیں۔ دوسری طرف بڑا بیٹا انومشرا محبت اور پیشہ ورانہ حقیقتوں کے درمیان توازن قائم کرنے کی جدوجہدکر رہا ہے۔ چھوٹا بیٹا امن مشرا مستقبل کو سنوارنے کیلئے شارٹ کٹس تلاش کر رہا ہے اور مختلف طریقوں سے اپنی قسمت بدلنے کے خواب دیکھ رہا ہے۔اگر اس گھر میں کوئی کردار اب تک نہیں بدلا تو وہ ہیں شانتی مشرا (گیتانجلی کلکرنی)۔ وہ اب بھی بغیر کسی معاوضے کے گھر کے تمام کاموں کی ذمہ داری پوری محنت اور خلوص سے نبھا رہی ہیں۔دوسری جانب پڑوس میں رہنے والی بٹّو کی ممی یعنی شالنی دیوی (سنیتاراجور) سوشل میڈیا کی بدولت اچانک مشہور ہو چکی ہیں۔ وہ اپنے خواتین کے گروپ کے ذریعے بار بار شانتی مشرا کو یہ احساس دلانے کی کوشش کرتی ہیں کہ خواتین کی اپنی شناخت بھی ہونی چاہیے۔ایسے میں مشرا خاندان کے یہ چار ستون اپنے اپنے خوابوں کو کس حد تک پورا کر پاتے ہیں، یہ جاننے کے لیے پورا سیزن دیکھنا ضروری ہے۔
یہ بھی پڑھئے: اسپائیڈر نوائر: پرانے دور کو زندہ کرنے والی سوپر ہیرو پر مبنی ویب سیریز
ہدایت کاری
’گلّک‘ کی سب سے بڑی طاقت ہمیشہ اس کی سادگی رہی ہے۔مشرا خاندان کی روزمرہ زندگی، ان کی محدود خواہشات، چھوٹی چھوٹی خوشیاں اور معمولی مسائل ناظرین کو اپنے گھر اور خاندان کی یاد دلاتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ اس سیریز سے ایک جذباتی رشتہ قائم ہو جاتا ہے۔پانچویں سیزن میں بھی اسی تعلق کو برقرار رکھنے کی کوشش کی گئی ہے، لیکن تفریح کے لحاظ سے یہ سیزن اپنے پچھلے معیار سے آگے نہیں بڑھ پاتا۔ کہانی اب بھی خوشگوار احساس دیتی ہے اور کرداروں کے درمیان محبت اور اپنائیت دل کو بھاتی ہے، مگر تازگی کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ بعض مقامات پر وہ جذباتی لمحات بھی نظر نہیں آتے جو پہلے سیزنوں کی پہچان تھے۔اس مرتبہ چند ضمنی کہانیاں ایسی محسوس ہوتی ہیں جیسے پرانے سیزن کی کامیاب باتوں کو دوبارہ استعمال کرنے کی کوشش کی گئی ہو۔ مثال کے طور پر بٹّو کی ممی کے ذریعے خواتین کی شناخت اور حقوق کا موضوع اٹھایا گیا ہے۔ یہ سوال یقیناً اہم ہے کہ عورتوں کو اکثر ان کے اپنے نام کے بجائے بچوں یا شوہروں کے نام سے کیوں پہچانا جاتا ہے، لیکن اس موضوع کی پیشکش اتنی مؤثر نہیں بن سکی جتنی پہلے سیزنوں میں گھریلو اور سماجی مسائل کی ہوتی تھی۔
اداکاری
اداکاری کے شعبے میں ’گلّک‘ اب بھی اپنی مضبوط روایت برقرار رکھتاہے۔ جمیل خان سنتوش مشرا کے کردار میں اس قدر رچ بس گئے ہیں کہ انہیں دیکھ کر حقیقی متوسط طبقے کے ایک ذمہ دار باپ کا احساس ہوتا ہے۔ گیتانجلی کلکرنی نے شانتی مشرا کے کردار کو ہمیشہ کی طرح بھرپور سچائی اور فطری انداز سے نبھایا ہے۔ ہرش مائر بھی امن مشرا کے کردار میں پراعتماد نظر آتے ہیں۔سب سے زیادہ توجہ اننت وی جوشی پر تھی، کیونکہ انہیں ویبھَو راج گپتا جیسے مقبول اداکار کی جگہ لینا تھی۔ خوش آئند بات یہ ہے کہ وہ انو مشرا کے کردار میں خود کو ثابت کرنے میں کامیاب رہے ہیں اور ناظرین کو سابق اداکار کی کمی زیادہ محسوس نہیں ہونے دیتے۔اس کے علاوہ سنیتا راجور (بٹّو کی ممی)، ہیلی شاہ (ڈاکٹر پریتی) اور گوپال دت (پنکی ماما) نے بھی اپنے کرداروں کے ذریعے سیریز کو مزید مضبوط بنایا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ کو مشرا خاندان کی سادہ، حقیقی اور دل کو چھو لینے والی کہانیاں پسند ہیں تو ’گلّک سیزن۵؍‘ آپ کو مایوس نہیں کرے گا۔