ایکشن سے بھرپور کہانی ہی نہیں، بلکہ پولیس افسران کو ایک انسانی روپ میں پیش کرنا بھی اس سیزن کی ایک اہم خصوصیت ہے۔
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 10:38 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ایکشن سے بھرپور کہانی ہی نہیں، بلکہ پولیس افسران کو ایک انسانی روپ میں پیش کرنا بھی اس سیزن کی ایک اہم خصوصیت ہے۔
انسپکٹر اویناش۲
(Inspector Avinash 2)
اسٹریمنگ ایپ: جیو ہاٹ اسٹار(۱۰؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: رندیپ ہڈا، اروشی روتیلا، فریڈی دارووالا، شالین، بھانوٹ،امیت ،سیال، رجنیش دگل،ابھیمنیو سنگھ
ڈائریکٹر: نیرج پاٹھک
رائٹر: سمیر اروڑا،اتکرش کھرانہ، سنجے معصوم،نیرج پاٹھک
پروڈیوسر: کرشن چودھری،نیرج پاٹھک،جیوتی دیشپانڈے
سنیماٹو گرافر: داس چرنتن
ایڈیٹر: ارچت رستوگی
ریٹنگ: ***
یہ بھی پڑھئے: سیٹاڈل ۲: پرینکا چوپڑا کی ویب سیریز کا دوسرا اور قدرے بہتر سیزن
تفریحی دنیا میں اسٹائلش کرائم ڈراموں اور اخلاقی کشمکش میں پھنسے قانون کے محافظ ہیروزکی کوئی کمی نہیں، لیکن ویب سیریز انسپکٹر اویناش ۹۰ء کی دہائی کے اتر پردیش کی تلخ حقیقتوں کو پیش کرتے ہوئےاپنی الگ شناخت قائم کرتی ہے۔ نیرج پاٹھک کی اس کرائم تھرلر کا دوسرا سیزن ہمیں ایک بار پھر ایس ٹی ایف افسر اویناش مشرا کی دنیا میںلے جاتا ہے۔ وہ ایسا شخص ہے جس کے بے باک طریقے، گہری مذہبی وابستگی اور بندوق چلانےمیں جلد بازی ایک طرف اسے ہیرو بناتے ہیں، تو دوسری طرف اس کی شخصیت کی کئی خامیاں بھی سامنے لاتے ہیں۔تاہم، اس سیزن کو خاص بنانے والی بات صرف اس کی ایکشن سےبھرپور کہانی نہیں، بلکہ یہ ہے کہ اس میں پولیس افسران کو ایک انسانی روپ میں پیش کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی آغاز سے اختتام تک سنسنی اور تناؤ مسلسل برقرار رہتا ہے۔
کہانی
یہ دوسرا سیزن بھی ۹۰ءکی دہائی کے اتر پردیش کے پس منظر میںترتیب دیا گیا ہے۔ کہانی وہیں سے آگے بڑھتی ہے جہاں پچھلا سیزن ختم ہوا تھا۔ بطور ناظر ہم ایک بار پھر اسی انتشار، خوف اور ہنگامہ خیز دنیا میں داخل ہوتے ہیں۔ایس ٹی ایف افسر اویناش مشرا (رندیپ ہڈا) اور ان کی ٹیم اب ایک بڑے اسلحہ اسمگلنگ گینگ کے تعاقب میںہے، جس کا نیٹ ورک اتر پردیش سے نیپال تک پھیلا ہوا ہے۔ اس گینگ کے سرغنہ شیخ (امیت سیال) اور دیوی (ابھمنیو سنگھ)ہیں، جو انتہائی بے رحم مجرم ہیں۔ بڑھتے جرائم، سیاسی دباؤ اور خونریز گینگسٹرز کے درمیان ریاست میں قانون و امن بحال کرنا ایک کڑا امتحان بن جاتا ہے۔
اس کےساتھ ساتھ اویناش کی ذاتی زندگی میں بھی ایک شدید جذباتی بحران چل رہا ہے۔ اس کے بیٹے پر اسکول کے واش روم میں اپنےہی ایک ہم جماعت کے قتل کا شبہ ہے۔ کہانی کا یہ پہلو سخت، سنجیدہ اور جذبات سے بھرپور ہے۔ اویناش اور اس کی بیوی پونم (اروشی روتیلا)کے تعلقات پہلے ہی کشیدہ ہیں۔ ایسے میں یہ دیکھنا دلچسپ ہو جاتا ہے کہ آیا انسپکٹر اویناش مشرا اسلحہ گینگ، گھریلو کشمکش اور اپنے بیٹے کو بچانے کی جدوجہد میں کامیاب ہو پاتا ہے یا نہیں۔
یہ بھی پڑھئے: لُکھّے: ریپ کلچر، منشیات اور جرائم کی دنیا کی جھلک پیش کرنے والی کہانی
ہدایت کاری
جہاں پہلا سیزن اویناش مشرا کے مختلف مجرمانہ آپریشنز پر مبنی الگ الگ واقعات کی طرح محسوس ہوتا تھا، وہیں دوسرا سیزن زیادہ مربوط اور کئی پرتوں والی کہانی پیش کرتا ہے۔ اسلحہ کارٹیل کی تفتیش اس سیزن کی ریڑھ کی ہڈی بن جاتی ہے، جس سے کہانی میں تسلسل پیدا ہوتا ہے۔ایس ٹی ایف کا گینگسٹرز، شیخ، دیوی اور ابھیے گُرجَر (مہیش بلراج)کا پیچھا کرنا، دھوکہ دہی، سیاسی چالیں اور خود ٹاسک فورس کے اندر کسی مخبر کی موجودگی کا شک، پوری سیریز میں سنسنی برقرار رکھتے ہیں۔’انسپکٹر اویناش‘کی سب سے بڑی خوبی اس کا ماحول ہے۔۹۰ء کی دہائی کے اتر پردیش کے گرد آلود دیہی علاقے، سنگلاخ زمینیں اور بے قابو حالات کو نہایت باریکی اور حقیقت پسندی کے ساتھ دوبارہ تخلیق کیا گیا ہے۔ سیریز اس دور کی اخلاقی الجھنوں کو دکھاتی ہے، بغیر اس کے کہ تشدد کو ہیرو ازم بنا کر پیش کیا جائے۔
انکاؤنٹرز بے حد سفاک محسوس ہوتےہیں، آپریشنز حقیقت کے قریب لگتے ہیں اور ہر لمحہ خطرے کا احساس موجود رہتا ہے۔ اگرچہ ڈرامائی اثر بڑھانے کے لیے کہیں کہیں تخلیقی آزادی لی گئی ہے، لیکن مجموعی انداز میں سیریز اپنی صداقت برقرار رکھتی ہے۔
اداکاری
شو کے مرکز میں رندیپ ہڈا ہیں، اور انہوں نے ایک بار پھر شاندار اداکاری کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ مکمل طور پر اویناش مشرا کے کردار میں ڈھل جاتے ہیں۔ ایک ایسا پولیس افسر جو اپنی جبلّی ذہانت، غصے اور جرم کو جڑ سے ختم کرنے کی شدید خواہش سے چلتا ہے۔ مقامی لہجے پر ان کی مضبوط گرفت کردار کو حقیقت سے قریب بناتی ہے، جبکہ ان کی جسمانی موجودگی خاموش مناظر کو بھی اثر انگیز بنا دیتی ہے۔اروشی روتیلا بھی پونم کے کردار میں ایک ایسی بیوی کے طور پر فطری محسوس ہوتی ہیں جو شوہر کا سہارا ہے اور اپنے بچوں کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔ وہ اس سخت اور تاریک کہانی میں جذباتی توازن پیدا کرتی ہیں۔امیت سیال کا شیخ اور ابھمنیوکا دیوی دونوں زبردست ولن ثابت ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: گلوری: کھیل، قتل، سنسنی اور دیگر عناصر کو سمیٹ کر بنائی گئی ویب سیریز
نتیجہ
حقیقی واقعات سے متاثر پہلے سیزن نےایک مضبوط بنیاد رکھی تھی، اور اب دوسرا سیزن بڑی حد تک اس وعدے کو پورا کرتا ہے کہ ناظرین کو ایک سنسنی خیز اور عمدہ تجربہ ملے گا۔ رندیپ ہڈا کی زبردست اداکاری آپ کو آخر تک مایوس نہیں ہونے دے گی۔