Inquilab Logo Happiest Places to Work

جگدلپور: چھتیس گڑھ میں دلکش آبشاروںکا مرکز

Updated: August 13, 2025, 11:59 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس مقام پر آپ کو کئی شاندارمقامات دیکھنے کو ملتےہیں جن میں بستر پیلیس،کانگرویلی نیشنل پارک،تیرتھ گڑھ آبشار، اور چترکوٹ آبشار شامل ہیں۔

A picturesque view of Chitrakoot waterfall can be seen. Photo: INN
چترکوٹ آبشار کا دلکش منظر دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

 چھتیس گڑھ کے بستر ضلع میں واقع جگدلپورایک ایسا دلکش مقام ہےجو ثقافتی ورثے، شاندار تاریخ اور فطری حسن کا حسین امتزاج پیش کرتاہے۔ہریالی سے بھرے دلکش مناظر، شفاف جھرنے، گہری وادیاں، پراسرار غار اور تاریخی عمارتیں اس خطے کو ایسا جادو عطا کرتی ہیں کہ یہاں آنے والا ہر سیاح مسحور ہو جاتا ہے۔
بستر پیلس
 بستر پیلس، بستر کی شاندار تاریخ کا ایک جیتا جاگتا ثبوت ہے۔ یہ عظیم الشان محل اپنی شاندار فنِ تعمیر اور دلکش ڈیزائن کی وجہ سےمشہور ہے۔ اس کے وسیع صحن، بلند و بالا ہالزاور خوبصورت باغات ماضی کی یاد دلاتے ہیں۔ یہاں کے فن تعمیر میں روایتی اور نوآبادیاتی طرزتعمیرکاحسین امتزاج جھلکتا ہے، جو اسے جگدلپور کے سب سے نمایاں سیاحتی مقامات میں شامل کرتا ہے۔
کانگر ویلی نیشنل پارک
 جگدلپورمیں واقع کانگر ویلی نیشنل پارک ایک ایسا مقام ہے جو جنگلی حیات، گھنے جنگلات، چونے کے پتھر کےشاندار غاروں اور نایاب نباتات و حیوانات کے حسین امتزاج کی وجہ سے مشہور ہے۔ یہ پارک۱۹۸۲ءمیں قائم کیاگیا اور تقریباً۲۰۰؍مربع کلومیٹر کے رقبے میں پھیلا ہوا ہے۔ اس کی خوبصورتی اور ماحولیاتی تنوع اسے نہ صرف ہندوستان بلکہ دنیا کے اہم نیشنل پارکس میں ایک منفرد مقام دیتا ہے۔کانگر ویلی نیشنل پارک اپنی گھنی ساگوان اور سال کے درختوں سے بھری وادیوں، پہاڑی ندیوں اور جھرنوں کی وجہ سے دل کو موہ لیتا ہے۔ یہاں کی ہوا تازہ، ماحول پرسکون اور فضا میں ایک قدرتی خوشبو بسی ہوئی محسوس ہوتی ہے۔یہاں جنگل سفاری کے دوران آپ جنگلی بلی، بھونکنے والے ہرن، چیتل، لومڑی، رِیسس بندر، اڑنے والی گلہری اور لکڑبگھے جیسے جانوروں کو قریب سے دیکھ سکتے ہیں۔اس کے علاوہ مختلف اقسام کے رنگ برنگے پرندے، تتلیاں اور رینگنے والے جانور بھی اس پارک کا حصہ ہیں۔ پارک میںواقع کتمسار اورکیلاش کےغارمہم جو اور تاریخ کے شوقین افراد کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔
تیرتھ گڑھ آبشار
 ۳۰۰؍ فٹ کی بلندی سے گرتاہواتیرتھ گڑھ آبشارجگدلپور کا ایک اور قدرتی خزانہ ہے۔ گھنے جنگلات میں گھرا یہ آبشار کئی دھاروں میں بٹ کر ایک دلکش منظر پیش کرتاہے۔ یہاں آنے والے سیاح ٹھنڈے پانی کے قدرتی تالاب میں نہا سکتے ہیں، خوبصورت تصاویر لے سکتے ہیں اور فطرت کی اصل خوبصورتی کو محسوس کر سکتے ہیں۔
چترکوٹ آبشار
 جگدلپور کے قریب واقع چترکوٹ آبشارکو اکثر ’ہندوستان کا نیاگرا‘کہاجاتا ہے۔ یہ قدرتی شاہکاراندراوتی ندی پر واقع ہے اور اپنی گھوڑے کی نعل جیسی شکل اور شاندار بہاؤ کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کو اپنی طرف کھینچتا ہے۔چترکوٹ آبشار تقریباً۹۵؍فٹ کی بلندی سےگرتاہے اور برسات کے موسم میں جب اس کا بہاؤ عروج پرہوتا ہے، تو یہ منظر دل و دماغ کو مسحور کر دیتا ہے۔ بارش کے بعد اس کےکناروں پر سبزہ زار اور بہتے پانی کا شور ایک ایسا سماں پیدا کرتے ہیں کہ جیسے فطرت اپنے پورے جلال میں جلوہ گر ہو۔گھنے جنگلات اور پرسکون فضا میں گھرا یہ آبشار کشتی کی سیرکیلئے بہترین ہے۔ برسات کے موسم میں اس کا حسن اپنے عروج پر ہوتا ہے، اور یہ منظر دیکھنے والے کوہمیشہ کے لیے یاد رہ جاتا ہے۔
انتھروپولوجیکل میوزیم
 ۱۹۷۲ءمیں قائم ہونے والا  انتھروپولوجیکل میوزیم چھتیس گڑھ کی قبائلی ثقافت کو محفوظ رکھنے کا اہم مرکز ہے۔یہاں قبائلی زندگی، روایتی لباس، دستکاری کے نمونے، اور قدیم نوادرات کی شاندار کلیکشن موجود ہے۔ یہ میوزیم بستر کی قبائلی تہذیب اور طرزِ زندگی کو سمجھنے کا ایک بہترین ذریعہ ہے۔
دندک غار
 کانگر ویلی نیشنل پارک کے اندر واقع دندک غار ایک روحانی اور تاریخی اہمیت رکھتے ہیں۔ روایت کے مطابق یہ غاررامائن کے دور میںرام جی کے قیام کی جگہ تھیں۔ یہاں چونےکے پتھر کی قدرتی ساخت، اسٹیلیگمائٹس اور اسٹیلیکٹائٹس غاروں کو ایک پراسرار مگر دلکش منظر عطا کرتے ہیں۔ گھنے جنگلات سے گزر کر یہاں پہنچنے کا سفر بھی ایک الگ مہم جوئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK