او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی ۵؍پر ریلیز اس فلم کے ذریعہ جونیئر بچن نےخود کو بہتر اداکار کے طور پر پیش کیا ہے، تمل فلم پر مبنی اس فلم میں بچہ کی اداکاری بھی عمدہ ہے۔
EPAPER
Updated: July 05, 2025, 11:02 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی ۵؍پر ریلیز اس فلم کے ذریعہ جونیئر بچن نےخود کو بہتر اداکار کے طور پر پیش کیا ہے، تمل فلم پر مبنی اس فلم میں بچہ کی اداکاری بھی عمدہ ہے۔
کالیدھر لاپتہ (Kaalidhar Laapata)
کہاں دیکھیں :او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی ۵؍پر
اسٹارکاسٹ:ابھیشیک بچن، دیوک باگھیلا، محمد ذیشان ایوب، گنیش مانے، شاہد الرحمان، انگد راج، دیو راز، وکرم سنگھ سوڈھا
ڈائریکٹر :مدھومیتا سندر رمن
رائٹر :مدھومیتا سندررمن، امیتوش ناگپال
پروڈیوسر:منیشا اڈوانی، نکھل اڈوانی، امیش بنسل، مدھو بھوجوانی، پرگتی دیشمکھ
موسیقی:امیت تریویدی
سنیماٹوگرافر:گیرک سرکار
پروڈکشن ڈیزائن:اشوینی شریواستو
ریٹنگ: ***
ہم سب جانتےہیں کہ او ٹی ٹی نےنہ صرف نئے ٹیلنٹ کو ایک پلیٹ فارم دیا ہے بلکہ بہت سے معروف اداکاروں کو بھی اپنے کرداروں کے ساتھ تجربہ کرنے کا موقع فراہم کیا ہے، جو شاید وہ سینما کی بڑی اسکرین پر نہیں کرپائےہوں گے۔ ابھیشیک بچن بھی ان اداکاروں میں سے ایک ہیں، جو او ٹی ٹی پراپنے کرداروں میں مسلسل کچھ نہ کچھ عمدہ پیش کر رہے ہیں۔ ’باب بسواس‘، ’دسویں ‘، ’بی ہیپی‘اور آئی وانٹ ٹو ٹاک‘کےبعد، ابھیشیک اب ایک بار پھر مدھومیتا کی ہدایت کاری میں ’کالیدھر لاپتا‘میں اپنی دل کو چھو لینے والی اداکاری سےچمک رہے ہیں۔ یہ فلم ۲۰۱۹ءکی تمل فلم ’کے ڈی‘ پر مبنی ہے۔
فلم کی کہانی
کہانی کالیدھر (ابھیشیک بچن) کی ہے، جو الزائمر کا شکار ہے اوراکثر اپنا نام بھی بھول جاتا ہے۔ ۴؍بہن بھائیوں میں سب سے بڑے کالیدھر نےاپنے والد کی موت کے بعد اپنے تمام بہن بھائیوں کی پرورش کی ہے، لیکن اب جب کہ وہ ایک بہت ہی نایاب بیماری میں مبتلا ہے، اس کے خاندان والے دولت کے لالچ میں اور اس سے جان چھڑانے کے لیے اسے کمبھ میلے میں چھوڑدیتے ہیں۔ کسی کو ان پر شک نہ ہو، اس لئےوہ کمبھ کےگمشدہ افراد سے متعلق محکمہ میں رپورٹ بھی درج کراتے ہیں۔
کھویا-پایامحکمےمیں، سبودھ (ذیشان ایوب) کالیدھر کو تلاش کرنےکیلئےایک مہم شروع کرتا ہے، کیونکہ اس کی بیوی اسے بتاتی ہےکہ اگر اسے ڈاڑھی والا ایک گمشدہ آدمی مل جاتا ہے، تو اسے ایک بچہ نصیب ہو سکتاہے۔ یہاں کالیدھر اپنے بھائیوں کو ڈھونڈتا ہوا خیمے میں واپس آتا ہے، لیکن جب وہ سنتا ہے کہ اس کے خاندان والے اسےایک سازش کے تحت جان بوجھ کر یہاں لائے ہیں، تو وہ بس میں سوار ہو کر وہاں سےبھاگ جاتا ہے۔ جس گاؤں میں وہ پہنچتا ہے وہاں اس کی ملاقات۸؍سالہ یتیم بلو (دیوک باگھیلا) سے ہوتی ہے اور پھر اس کی زندگی ہمیشہ کے لیے بدل جاتی ہے۔
بلو اور کالیدھر کی پہلی ملاقات جھگڑے سےشروع ہوتی ہے۔ لیکن پھر ان کا رشتہ ایک اٹوٹ بندھن میں بدل جاتا ہے۔ یہ بلو ہے جس نےکالیدھر کانام کے ڈی رکھا ہے۔ مندر کے احاطے میں رہنے والے یہ دونوں لوگ ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ کر نہ صرف اپنے لیے جھوپڑی بناتے ہیں بلکہ مل کر کام کرتے ہیں اورپیسے کمانے کا انتظام بھی کرتے ہیں۔ بلو، جو لکھنا پڑھناجانتا ہے، اپنے دوست کالیدھر کی خواہشات کی ایک فہرست تیارکرتا ہے اور وہ دونوں ان ادھوری خواہشات کو پورا کرنے کیلئےسفر پر روانہ ہوتے ہیں۔ لیکن یہاں، خاندان کے لوگ کالیدھر کو دوبارہ تلاش کر رہے ہیں، کیونکہ جائیداد کے کاغذات جن پر انہوں نے دھوکہ دہی سے اس کے انگوٹھے کے نشانات حاصل کیے تھے، آگ میں جل گئے ہیں۔ کہانی اپنی منزل تک کیسے پہنچتی ہے، یہ تو آپ کو فلم دیکھنے کے بعد معلوم ہوگا۔
ہدایت کاری
اس میں کوئی شک نہیں کہ ہدایت کار مدھومیتا کی یہ فلم خون کے رشتوں کی خود غرضی اور لالچ کے ساتھ ایک انجان بچے کی معصومیت اور اٹوٹ بندھن کی بات کرتی ہے۔ لیکن تقریباً اسی موضوع پر، ہم نے کچھ دن پہلے انیل شرما کی ہدایت کاری اور نانا پاٹیکر کی اداکاری میں بنی’ونواس‘دیکھی تھی۔ یہاں مدھومیتا ایک درمیانی عمر کے آدمی اور ایک بچے کے درمیان تعلق کو ظاہر کرتی ہے۔ فلم کا پہلا ہاف بہت سست رفتاری سے آگے بڑھتا ہے۔ دوسرے ہاف تک، جب چائلڈ آرٹسٹ دیوک باگھیلا داخل ہوتا ہے، تو فلم تفریحی ہو جاتی ہے۔
ادا کاری
اداکاری کی بات کریں تو ابھیشیک بچن کہیں بھی ناکام ثابت نہیں ہوتے۔ انہوں نے الزائمر میں مبتلا ایک ایسے شخص کا اداس اور الجھاہوا کردار ادا کیا ہے جسے اس کے خاندان نےچھوڑ دیا ہے۔ اس میں سب سے بڑا حیران کن بالو کے طور پر دیوک باگھیلا ہے۔ وہ اپنی تیز عقل، چنچل پن اور بچوں جیسی اداکاری سے دل جیت لیتا ہے۔
نتیجہ
اگر آپ کو دل چھولینے والی اور سادہ کہانیوں کا شوق ہے، تو آپ اس فلم کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم زی ۵؍پر دیکھ سکتے ہیں۔