Inquilab Logo

کرنالہ :نایاب پرندوں کا مسکن اور ہرے بھرے نظاروں کا مرکز

Updated: August 31, 2023, 11:10 AM IST | Mohammad Habib | Mumbai

یہاں برڈ سینکچوئری کے علاوہ عظیم الشان قلعے اور جھیلیں دیکھنے کیلئے جانا ہی خود میں ایک دلکش تجربہ ہوتا ہےجو آپ کو زندگی بھر یاد رہے گا

A scenic drive to the Bird Sanctuary in Karnala
کرنالہ میں برڈ سینکچوئری کا دلکش راستہ

کرنالہکوئی زیادہ مشہور جگہ نہیںہےلیکن یہ نادر ونایاب قسم کی چڑیاںدیکھنے اور قدرت کےحسین نظاروں سے لطف لینے کا بہت اچھا مقام ہے۔یہ جگہ خاص طور پر برڈ سینکچوئری یعنی چڑیوں کی محفوظ پناہ گاہ کے طور پر مشہور ہے جبکہ یہاں واقع کرنالہ قلعہ بھی سیاحوں کی توجہ کا مرکز رہتا ہے۔یہاں اس کے علاوہ بھی بہت کچھ دیکھنے لائق ہے۔کرنالہ دراصل رائے گڑھ ضلع میں واقع ہے اور ممبئی سے ۶۵؍ کلومیٹر تو پنویل سے ۱۶؍کلومیٹر دور ہے۔ یہاں پہنچنے کیلئے آپ کو کسی بھی موسم میں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔
کرنالہمیں دیکھنے لائق مقامات: جیساکہ پہلے ہی کہا گیا یہاں برڈ سینکچوئری اور قلعہ زیادہ مشہور ہیں۔ ا س کے علاوہ یہاں پربل گڑھ کا قلعہ،بوٹ لیک(جھیل)،مانک گڑھ قلعہ اور چاندیری کا قلعہ بھی مشہور مقامات میں شامل ہیں۔
کرنالہ قلعہ:سطح سمندر سے ۱۵۰۰؍فٹ کی اونچائی پر واقع ۱۳؍ ویں صدی میں تعمیر ہونے والا کرنالہقلعہ سہیادری پہاڑی سلسلہ کے بور پاس کی گھنی ہریالی سے گھرا ہوا ہے۔پہاڑیوں،جھاڑیوں اور چھوٹی سیڑھیوںسےگھرا ہوا ہوادار ۳؍کلومیٹر پر مشتمل یہاںپہنچنے کاراستہ غیر تجربہ کار ٹریکنگ کرنے والوں کیلئے بہترین ہے۔بسالٹ کے پتھر سے بنے ستون آپ کو یہیں نظر آئیں گے جو کہ عہد وسطیٰ میںپہاڑی کے اوپر بنائے گئے ہیں۔
کرنالہ برڈ سینکچوئری:    ممبئی کی گہما گہمی  اور بھاگ دوڑ والی زندگی سے محض ایک گھنٹہ ڈرائیونگ کی دوری پر واقع یہ ہریالی سے پر راستوں، چہچہاتی چڑیوں اورکبھی کبھار نظر آنے والے آبشاروں اور ایسی ہی دیگر چیزوں سے پر یہ علاقہ قابل دید ہے۔ وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت محفوظ رکھا گیا یہ علاقہ نقل مکانی کرنے والے چند نادرپرندوں اور ہندوستان کے چند کم یاب پرندوں کا گھر ہے۔۱۲؍مربع کلومیٹر میں پھیلےاس علاقے میں ۲۲۲؍اقسام کی چڑیاں دیکھنے کو ملتی ہیں۔ اس کے علاوہ مختلف قسم کے بھینسے،ہرن، ہاتھی ، فیریٹ،لومڑیاں، خرگوش اور دیگر متعدد جانور بھی یہاں پائے جاتے ہیں۔اس برڈ سینکچوئری سے کرنالہ قلعہ تک پہنچنے کیلئے آپ کو تقریباً ۹۰؍منٹ لگتے ہیں۔
پربل گڑھ قلعہ:پربل گڑھ کا قلعہ بہمنی سلطنت کی مراٹھا حکمرانوں کے ہاتھوں کراری ہار کا نمونہ ہے۔ پنویل اور ماتھیران کے بیچ قدرتی سرحدکے طور پر کام آنے والا یہ قلعہ سطح سمندر سے ۲؍ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے۔یہاں جانے کا راستہ ہرے بھرے جنگل،ٹیڑھی میڑھی سیڑیوں،خم دار پہاڑیوں اور اونچی نیچی چٹانوںسے ہوکر جاتا ہے۔ارشال گڑھ کا قلعہ اور کلیان قلعہ بھی پربل گڑھ کے قلعہ سے دیکھےجاسکتےہیں۔بادلوں،نمی اور کہرے سے بھرے پربل گڑھ قلعہ کو دیکھنے کا بہترین وقت اکتوبر سے اپریل کے بیچ ہے۔
بوٹ لیک:بوٹ لیک یاجھیل کو کرنالہ علاقے میں واقع خوبصورت ترین جھیل قرار دیا جاتاہےکیوں کہ یہاں ایسے نظارے ملتے ہیں جنہیں آپ ہمیشہ کیلئے اپنی یادوں میں محفوظ کرلینا چاہیں گے۔جب آپ یہاں آئیں گے تو چڑیوں کی چہچہاہٹ اور جنگل کی پرسکون خاموشی آپ کا استقبال کرےگی۔یہ کرنالہ میں فوٹوگرافی کیلئے بھی بہترین جگہ ہے۔آپ اپنے پیاروں کے ساتھ اس جگہ ویک اینڈ پر جاسکتےہیں تاکہ تفریح کے ساتھ ان کے ساتھ وقت گزار سکیں۔اس جگہ جانے کیلئے بھی بہترین وقت موسم باراں ہی ہے کیوں کہ یہ جگہ بھیگنے کے بعد مزید دلکش ہوجاتی ہے۔
کرنالہ کیسے جائیں؟
ٹرین کے ذریعہ:  کرنالہپہنچنے کیلئے پنویل قریب ترین ریلوے اسٹیشن ہے۔ پنویل  دراصل ممبئی  اور روہاکے درمیان چلنے والی گاڑیوں کے بیچ ایک اہم اسٹیشن ہے جبکہ ممبئی کی لوکل ٹرینوں کا بھی ایک اہم اسٹیشن ہے۔پنویل اسٹیشن سے آپ یہاں ملنے والے آٹو رکشا اور ٹیکسی کے ذریعہ آسانی سے کرنالہ قلعہ کے گیٹ تک پہنچ سکتے ہیں۔
روڈ کے ذریعہ:کرنالہ دراصل نیشنل ہائی وے نمبر ۱۷؍ جسے عام طور پر ممبئی گوا ہائی وے کہا جاتا ہے پر واقع ہے۔ممبئی سے پین، علی باغ،مروڈوغیرہ کی جانب جانے والی اسٹیٹ ٹرانسپورٹ کی بسوں کا اسٹاپ برڈ سینکچوئری کے گیٹ پر ہے۔پنویل سے قریبی گائوں کیلئے جانے والے آٹو رکشہ بھی یہاں پہنچنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ اس کے علاوہ ممبئی،نوی ممبئی اور تھانے سے ٹیکسی کے ذریعہ بھی آپ یہاں آسانی کے ساتھ پہنچ سکتے ہیں۔ n

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK