یش راج فلمز کےذریعہ بنائی گئی عمدہ اسکرپٹ،بہترین ایڈیٹنگ اور اسکرین پلے پر مبنی فلم جواپنے نت نئے موڑ سے ناظرین کو باندھے رکھتی ہے۔
فلم’مردانی ۳‘کےایک منظر میں رانی مکھرجی اور متعدد بچیوں کودیکھا جاسکتا ہے۔ تصویر: آئی این این
مردانی ۳ (Mardaani 3)
اسٹارکاسٹ:رانی مکھرجی،جانکی بودی والا،ملیکا پرساد، پرجیش کشیپ،اندرنیل بھٹاچاریہ،دگوجے شریکانت روہیداس
ڈائریکٹر:ابھیراج میناوالا
رائٹر :آیوش گپتا، دیپک کنگرانی،بلجیت سنگھ مارواہ
پروڈیوسر:آدتیہ چوپڑا، اکشے ودھانی
موسیقار:جان اسٹیوارٹ ایدوری
سنیماٹوگرافر:ارتور زوراسکی
ایڈیٹر:یش رامچندانی
کاسٹنگ ڈائریکٹر:شانو شرما
کاسٹیوم ڈیزائنر:ایکا لکھانی، گن پریت کور من،دیپالی سنگھ
ریٹنگ: ****
فلم ’بلیک‘کی نابینا اور بہری لڑکی ہو یا بنٹی اور ببلی کی چلبلی اور شرارتی لڑکی کاکردار اداکارہ رانی مکھرجی نے ہر کردار کو انتہائی شاندار انداز میں پردے پر پیش کیا ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سےرانی مکھرجی کم فلموں میں کام کررہی ہیں لیکن بہت اچھا کام کررہی ہیں۔ اسی سلسلےمیں’مردانی‘ سیریزان کی عمدہ فلموں کا سلسلہ ہےجس میں وہ انسپکٹر شیوانی شیواجی رائے کے طور پر خواتین کے خلاف ہونے والے جرائم اور ان جرائم میں ملوث مجرموں کو سبق سکھاتی نظر آرہی ہیں۔ اس جمعہ کو ریلیز ہونے والی ’مردانی۳؍‘اسی سلسلے کی تازہ کڑی ہے جس میں وہ شیوانی شیواجی وائے نامی اعلیٰ پولیس افسر کے طور پر چھوٹی بچیوں کو اغوا کرنے والے گینگ سے نہ صرف ٹکر لیتی ہیں بلکہ اپنے فرض سے آگے بڑھتے ہوئےبیرون ملک جاکر مجرموں کو کیفر کردار تک پہنچاتی ہیں۔
فلم کی کہانی
فلم کی کہانی اتر پردیش کے علاقےبلند شہر میں ایک وی وی آئی پی شخص کی معصوم بیٹی کے اغوا سے شروع ہوتی ہے۔ اس وی وی آئی پی کےکیئر ٹیکر کی بیٹی کو بھی اغوا کر لیا گیا ہے۔ایس ایس پی شیوانی شیواجی رائے (رانی مکھرجی) کو ان لڑکیوں کو بچانے کا کام سونپاگیا ہے۔جب شیوانی اس کیس کی چھان بین کرتی ہے تو اسے پتہ چلتا ہےکہ ۳؍مہینوں میں ملک مختلف مقامات سے ۹۳؍لڑکیاں غائب ہو چکی ہیں۔تفتیش میں معلوم ہوتا ہے اس میں بھیک مانگنے کیلئے بچوںکو خریدنے والی خاتون امّاں (ملیکا پرساد) کا ہاتھ ہے۔
بے رحم اماں معصوم بچیوں سےلے کر شیر خوار بچوں تک کسی کو بھی بے دردی سے قتل کرنے میں کوئی وقت ضائع نہیں کرتی ہے۔ جیسے ہی شیوانی اس کیس کی تحقیق کرتی ہے، اس کی جڑیں ایک بہت زیادہ سنگین جرم میںگہرائی تک پیوست ہونے کا انکشاف ہوتا ہے۔کیا شیوانی ان لڑکیوں کو بچا پاتی ہے؟اغواء کی ان وارداتوںکے تار کہاں تک جڑے ہیں اوراس میں کون سی گہری سازش ہے؟ یہ جاننے کے لیے آپ کو فلم دیکھنا پڑے گی۔
ہدایت کاری
حالانکہ بچوںکو اغوا کرکے ان سے بھیک منگوانے،ان کے اعضاء فروخت کرنے اور عالمی سطح کے بڑے بڑے گینگ ان میں ملوث ہونے کے موضوع پر اس سے قبل بھی کئی فلمیں اور ویب سیریز بنائی جاچکی ہیں لیکن یہ فلم ایک الگ ہی سطح تک لےجاتی ہے۔ آجکل یہ دیکھنے میں آتا ہے کہ فلموں کی کہانی بغیر سوچے سمجھے اورغیر منطقی انداز میں لکھی جاتی ہیں اور ناظرین کوبھی یہی مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنا دماغ گھر پر رکھ کر آئیں۔لیکن’مردانی۳‘ کی سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس کی کہانی نہایت ہی سوجھ بوجھ کے ساتھ ہر پہلو پر غور کرتے ہوئے لکھی گئی ہے۔پھر اس کا اسکرپٹ بھی نہایت چست ہے جس سے یہ ناظرین کو پردے سے باندھے رکھتی ہے ۔
اس کے علاوہ اس کی خاص بات یہ بھی ہے کہ کئی مرتبہ استعمال کئے جاچکے موضوع کومتنوع بنایا گیا ہے۔ اس میں ایسا اینگل(پہلو) شامل کیا گیا ہے جواپنے آپ میں منفرد ہے۔ان کے ڈائیلاگ بھی پر اثر ہیں۔ اماں اور شیوانی کے بیچ ایک دوسرے کی اوقات دکھانے والے ڈائیلاگ متاثر کرتے ہیں۔
اداکاری
جہاں تک اداکاری کی بات ہے تو اس فلم کی پوری ذمہ داری رانی مکھرجی کے کاندھوں پر ہے اور انہوں نے اس ذمہ داری کو بخوبی اٹھایا بھی ہے۔عام طور پر جب دیگر فلموں میں کسی ایک اداکار کے کاندھوں پر ذمہ داری ہوتی ہے تو وہ ہر جگہ اور سب کچھ اکیلا ہی کرنے کی کوشش کرتا نظر آتا ہے یعنی وہ سارے ایکشن خود کے دم پر کرنے کی کوشش کرتا ہے لیکن اس فلم میںرانی نے فلم کی تمام ذمہ داری اپنے کاندھے پر اٹھائی ہوئی ہے لیکن دیگر اداکاروں کو بھی ساتھ لے کر چلتے ہوئے انہیں بھی کھل کر مواقع دیئے ہیں۔رانی مکھرجی دھاکڑ پولیس افسر کےطور پر خوب جچتی ہیں۔ان کے چہرے کے تاثرات دیکھنے لائق ہیں۔جانکی بوڈی والا بھی نئی بھرتی ہونے والی کانسٹیبل فاطمہ کے طور پر اچھی پرفارمنس پیش کرتی ہیں۔ امّاں کا کردار ادا کرنے والی ملیکا پرساد نے بھی بھرپور کام کیا ہے۔ وہ اس قسم کی خاتون کو پوری طرح پردے پر پیش کرتی ہیں۔رامانوجن کے طور پر پراجیش کشیپ فلم کا خوشگوار تجربہ ثابت ہوتے ہیں۔انہوں نے بھی اپنی شاندار اداکاری سے سب کو حیران کردیا ہے۔
فلم کی سنیماٹوگرافی بھی عمدہ ہے جس کے تحت دہلی کی گلیوں اور اس جرم میں ملوث دنیا کو بہتر انداز میں دکھایا گیا ہے۔
کیوں دیکھیں؟
اگر آپ ایک اچھی کہانی پر مبنی تیزرفتار اسکرپٹنگ اور چاق و چوبند ایڈیٹنگ اورتمام اداکاروں کی بہترین اداکاری پر مبنی ایک عمدہ فلم دیکھنا چاہتے ہیں تو اس فلم کوضرور دیکھ سکتے ہیں۔