Inquilab Logo

پیراسائٹ دی گرے: انسان کی طفیلی مخلوق سے کشمکش کی کہانی

Updated: April 14, 2024, 11:01 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

جاپانی کامکس کی کہانی پر مبنی کوریا میں بنی ویب سیریز کونیٹ فلکس پر نشر کیا گیا ہے،ایک ایسی مخلوق دکھائی گئی جو انسانی دماغ پر قبضہ کرتی ہے۔

Jeong Soo-ni and other actors in the web series Parasite the Grey. Photo: INN
ویب سیریز پیراسائٹ دی گرے میں جیونگ سو -نی اور دیگر اداکار۔ تصویر : آئی این این

پیراسائٹ :دی گرے (Parasyte: The Grey)
اسٹریمنگ ایپ : نیٹ فلکس(۶؍ ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:جیون سو-نی، کو کیو- ہوان، لی جونگ -ہیون، کوون ہے ہیو، کم ان کیون، وکٹوریہ گریس، ٹوم چوئی، جن یونگ ووک، چو ڈونگ ان
ہدایت کار اور رائٹر:یون سینگ ہو
رائٹر:ہیتوشی ایواکی، ریو یونگ جائے، یون سینگ ہو
پروڈیوسر:سو ہی اہن، ہیلی یومن یینگ
آرٹ ڈپارٹمنٹ:ہیتوشی ایواکی
سائونڈ ایڈیٹر:گائے اراد، روڈریگو ایچبرن، ٹیلر وین ووڈارڈ
ڈائیلاگ ایڈیٹر:ریکارڈو لیڈیسما
ریٹنگ: ***

 کیا آپ سوچ سکتے ہیں کہ اگر آپ کے جسم میں آپ کے علاوہ کوئی اور بھی موجود ہواور وقفہ وقفہ سے آپ کے جسم سےدو الگ شخصیتیں نمودار ہوتی ہوں جن کا رویہ اور بات چیت کا اندازیہاں تک کہ نسل تک الگ ہو۔ یعنی وہ نسل انسانی سے تعلق نہ رکھتا ہویہاں تک کہ وہ آپ کی دنیا سے ہی تعلق نہ رکھتا ہو۔ آپ کہیں گے کہ یہ تو ممکن ہی نہیں ہے۔ لیکن یہ سائنس فکشن میں ممکن ہے اور اسی نظریہ پر مبنی نیٹ فلکس پرایک نئی ویب سیریزجاری کی گئی ہے۔ کوریا میں بنائی گئی یہ ویب سیریزکوریائی زبان میں ہی ہے لیکن آج کے گلوبلائزیشن کے دور میں جب تفریح بھی عالمی ہوگئی ہے تو زبان کا کوئی مسئلہ نہیں رہ گیا۔ آج کل ایک زبان میں بنائی گئی فلم یا ویب سیریز کو متعدد زبانوں میں ڈب کرکے اپ لوڈ کیا جاتا ہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ اسے بھی ہندی میں ڈب کیا گیا ہے تاکہ آپ کسی دوسرے ملک کی سوچ اور اس پر مبنی کہانی کو اپنی زبان میں دیکھ کر اس سے لطف اندوز ہوسکیں۔ یہ سیریز ہندی میں بھی دستیاب ہے۔ 
کہانی:اس ویب سیریز کی کہانی ایک کنسرٹ سے شروع ہوتی ہےجس میں رقص سے تھک کر ایک نوجوان ایک کمرے میں جاکر بیٹھ جاتاہے۔ اتنے میں ایک جرثومہ کہیں سے آجاتا ہے اور وہ اپنی شکل تبدیل کرکے چپکے سے اس کے کان میں داخل ہوجاتا ہےجس سےوہ مرجاتا ہے لیکن تھوڑی ہی دیر میں وہ دوبارہ زندہ ہوجاتا ہے اور باہر کی جانب چلنے لگتاہےجہاں بڑی تعداد میں لوگ موجود ہیں۔ یہاں آکر اس کا سر دو حصوں میں تقسیم ہوجاتا ہے اور اس میں سے آکٹوپس کے بازوئوں کی طرح کئی بازو نمودار ہوتے ہیں جو کافی دھار دار ہوتے ہیں۔ وہ اپنے ان بازوئوں سے لوگوں کا قتل کرنا شروع کردیتاہے۔ جوجرثومہ اس کے کان میں داخل ہوا تھا اسے پیراسائٹ یعنی طفیلی کیڑا قرار دیاگیا ہے۔ 
دوسری جانب یونگ سو- ان(جیون سو-نی) نامی لڑکی مال نما ایک اسٹور میں کام کررہی ہوتی ہے۔ ایک کسٹمر سے اس کی تکرار ہوجاتی ہے اور وہ اس سے دشمنی پر آمادہ ہوجاتا ہے، یہاں تک کہ اس کے اسٹور سے چھوٹنے پر وہ اسے قتل کرنے کے ارادے سے اس کا پیچھاکرتا ہے اور ایک جنگل میں اسے گھیر کر چاقو سے قتل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ لیکن اگلی صبح معلوم ہوتا ہے کہ وہ لڑکی تو زندہ اور صحیح سلامت ہے لیکن جو اسے قتل کرنے کی کوشش کررہا تھا وہ مردہ پایا گیا۔ دوسری جانب ایک پولیس اہلکار ہے جو اس لڑکی کا محسن ہے اور بچپن میں بھی اسے اس کے ظالم باپ سے نجات دلاچکا ہے۔ لڑکی کے زندہ رہنے اور قاتل کےقتل ہونے کی وجہ بعدمیں یہ معلوم ہوتی ہے کہ جب اس نےچاقو کا وار کیا تو زخمی حالت میں لڑکی ایک جھاڑی میں گر گئی جہاں ایک پیراسائٹ موجود تھا اور اس نے اس لڑکی کے دماغ پر بھی قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن چونکہ وہ بہت زیادہ زخمی تھی اوراس کے مرجانے کا اندیشہ تھاتو پیراسائٹ نے پہلے اس کے زخموں کو مندمل کیا اور اس کے قاتل کو قتل بھی کردیا۔ اس طرح لڑکی صحتمند اور اس کو قتل کرنےکی کوشش کرنے والا مردہ پایا گیا۔ لیکن اس مشق میں پیراسائٹ کو اس کے جسم پر آدھا ہی قبضہ کرنے کا موقع مل سکا جس کی وجہ سے اس کےچہرے کے ایک ہی جانب سےبازو نما نمودار ہوتا تھا اور جو اس لڑکی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا اسے ختم کردیتا تھا۔ اس طرح اس لڑکی کے ایک جسم میں دو شخصیات موجود تھیں ایک خود اس لڑکی کی شخصیت جو نرم خو، نرم مزاج اور رحمدل طبیعت کی مالک ہے جبکہ دوسری جانب اس پیراسائٹ کی شخصیت جو اس پر آدھا قبضہ کرسکی۔ دوسری جانب اس پیرائٹ کی نسل سے مقابلہ کرنے کیلئے پولیس کی ایک خصوصی یونٹ تشکیل دی گئی ہے جس کا نام ’گرے‘ رکھا گیا ہے جو اسے دنیا سے ختم کرنا چاہتی ہے۔ یہ پیراسائٹ اپنی نسل والوں کا ایک گروپ بناکر انسانوں کو ختم کرنا چاہتے ہیں تو دوسری جانب پولیس کی یونٹ پیراسائٹ کو ختم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ اس جدوجہد کا کیا نتیجہ نکلتا ہے یہ آپ کو ویب سیریز میں دیکھنا ہوگا۔ 
تکنیکی پہلو:۶؍ایپی سوڈ پر مشتمل یہ سیریز جاپان کی مشہور ’مانگا‘ کہانی پر مبنی ہے۔ مانگا دراصل جاپانی زبان میں مخصوص قسم کی کامکس، اینی میشن اور کارٹون کیلئے استعمال ہوتا ہے۔ اسے جاپانی کامکس بھی کہا جاسکتا ہے۔ اس کہانی کو ’ٹرین ٹو بوسان‘ نامی مشہور فلم کے ہدایت کار ’یون سینگ ہو‘ نے لکھا اوراس کی ہدایت کاری کی ہے۔ یہ سیریز آغاز ہی سےآپ کو متاثر کرنے لگتی ہے۔ اس سیریز کو زبردست سائنس فکشن، ایکشن، ڈرائونے پہلوئوں اور انسانی جذبات کا بہترین امتزاج قرار دیا جاسکتاہے۔ اس کے وی ایف ایکس اور ایکشن سیکوئنس نہایت ہی شاندار ہیں اور جب انسانوں کا سر پھٹتا ہے توپہلے پہل آپ کو ڈر لگ سکتا ہے لیکن بعد میں بہترین تفریح محسوس ہوتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK