Inquilab Logo Happiest Places to Work

اسٹولن: بچہ چوری کے موضوع پرحقیقت پر مبنی کہانی پر عمدہ فلم

Updated: June 14, 2025, 1:13 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

کئی انٹرنیشنل ایوارڈ جیت چکی یہ فلم عمدہ کہانی،بہتر ہدایت کاری اور لاجواب اداکاری کا مجموعہ ہے جو حقیقت میں آپ کو تفریح فراہم کرسکتی ہے۔

Abhishek Banerjee can be seen in a scene from the film `Stolen`. Photo: INN
فلم’اسٹولن‘ کے ایک منظر میں ابھیشیک بنرجی کودیکھاجاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

اسٹولن (Stolen)
اسٹارکاسٹ:ابھیشیک بنرجی، شبھم وردان، میا میلزر، بے بی تانیہ، شرشٹی، لو کش کنڈو، بھانو، الطاف، رینو، ریشبھ، بھوانی
ڈائریکٹر :کرن تیج پال
 رائٹر : کرن تیج پال، گورو ڈھنگرا، سوپنل سالکر، شبھم وردھان
پروڈیوسر:گورو ڈھنگرا، راجیش چوپڑا، نیہا کول، نرنجن انی کرشنن
سنیماٹوگرافر:ایشان گھوش، سچن پلئی
ایڈیٹر:شرے یاس بیلٹنگڑی
 کاسٹنگ ڈائریکٹر:سمیر پہاڑیا، مہندر شرما
پروڈکشن ڈیزائن:نیرج کمار سنگھ
 ریٹنگ: ***
 کرن تیج پال کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’اسٹولن‘جس نےکئی بین الاقوامی فلمی میلوں میں شہرت حاصل کی ہے، اوٹی ٹی پر ایک جذباتی کرائم تھریلر ثابت ہورہی ہے جو آپ کو اپنی سیٹ سے چپکے رہنے پر مجبور کرتی ہے۔ 
فلم کی کہانی
 ایک حقیقی واقعے سے متاثر اس فلم کی کہانی راجستھان کے ایک چھوٹےسے ریلوے اسٹیشن سے شروع ہوتی ہے، جہاں ایک غریب مزدور نما عورت جھمپا (میا میلزر) اپنی۵؍ ماہ کی بیٹی کے ساتھ اسٹیشن کی بنچ پر سو رہی ہے۔ گوتم (ابھیشیک بنرجی) جو پریشان نظر آتےہیں، اپنے بھائی رمن (شبھم وردھن) کو لینے اسی پلیٹ فارم پر آئےہیں۔ رمن کی فلائٹ چھوٹ گئی، اس لیے وہ ٹرین سے آرہا ہے۔ اگلے دن ان دونوں بھائیوں کی ماں کی شادی ہے اور گھر میں ان کا انتظار کیا جا رہا ہے، لیکن پھر ایک نامعلوم خاتون جھمپا کی بیٹی کو اغوا کر لیتی ہے۔ پلیٹ فارم پر رمن کی موجودگی سےجھمپا کو شک ہوتاہے کہ اس کی بیٹی کی گمشدگی میں اس کا بھی ہاتھ ہوسکتا ہے۔ جھمپا کی رمن سے لڑائی ہوجاتی ہے، حالانکہ جلد ہی یہ واضح ہو جاتا ہے کہ بچی کی گمشدگی میں رمن کا کوئی رول نہیں ہے۔ لیکن گوتم کو بھی گواہ کے طور پر رمن کے ساتھ اسٹیشن پر روک لیا جاتاہے۔ دوسری طرف جھمپا کو چائے بیچنے والےپرشبہ ہوتاہے اور پولیس کی پوچھ گچھ کے دوران وہ اس بات کا سراغ دیتا ہے کہ لڑکی کو اغوا کر کے کہاں لے جایا گیا ہے۔ گوتم جلد از جلد اس گڑبڑ سے نکل کر گھر جانا چاہتا ہے، لیکن رمن کو احساس ہے کہ پولیس جھمپا سے تفتیش میں لاپروائی برت رہی ہے۔ پھر وہ پولیس کے ساتھ جانے اوربچی کو ڈھونڈنے کا فیصلہ کرتا ہے، جس کے لیے گوتم بالکل تیار نہیں ہے۔ پھر رمن کے اصرار پر وہ مان جاتا ہے۔ یہ دونوں بھائی جھمپا کو گاڑی میں لےکر پولیس کے ساتھ منزل تک بھی نہیں پہنچےتھےکہ ان کی گاڑی اور ان لوگوں کا ویڈیو اس خبر کے ساتھ وائرل ہوجاتا ہےکہ یہ تینوں بچہ چور ہیں۔ صورتحال اس وقت اور بھیانک ہو جاتی ہے جب مشتعل ہجوم ان کی گاڑی کاپیچھاکرتا ہے اور ہجوم ان سےمار پیٹ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ کیا وہ بھیڑ سے بچ پائیں گے؟ کیا جھمپا کو اپنے بچے کے بارے میں کوئی سراغ مل پائے گا؟ یہ جاننے کیلئے آپ کو فلم دیکھنا پڑے گی۔ 
ہدایت کاری
 ڈائریکٹر کرن تیج پال کی اس پہلی فلم میں کئی پہلوہیں اورہر پہلو کےساتھ ایک پوشیدہ مسئلہ ہے، جسے بیان نہیں کیا گیا ہے۔ لیکن ناظرین اسے جان کر بے چین ہونے لگتے ہیں۔ تناؤ کا آغاز بچے کے لاپتہ ہونے سے ہوتا ہے اور جیسے جیسے کہانی آگے بڑھتی ہے، یہ ایک جذباتی کرائم تھریلر میں تبدیل ہونے لگتی ہے۔ ہدایت کار نے جھمپا کے کردار کے ذریعے امیر اور غریب کے درمیان فرق کو بہت ہی عمدہ انداز میں پیش کیاہے۔ اسی مہارت سے انہوں نے انٹرنیٹ پر پھیلنے والی افواہوں کی ہولناکی کو بھی پیش کیاہے۔ فلم سماجی اور انصاف کے نظام کے ساتھ ساتھ اخلاقیات پر بھی سوال اٹھاتی ہے۔ جھمپا کی شخصیت، جو اپنی نوزائیدہ بیٹی کو حاصل کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہوجاتی ہے، دل دہلا دینے والی ہے۔ یہ فلم ۲؍مختلف طبقوں کے لوگوں کویقین اور اخلاق کے دھاگے سے جوڑتی ہے۔ ہاں، ہجوم کےپیچھاکرنے کے مناظر دہرائے جانے والے لگتے ہیں۔ بہت سے مناظر خام ہیں۔ 
ادا کاری
 اداکاری کے نقطہ نظر سے یہ فلم بہت عمدہ ہے۔ اداکاروں کی کارکردگی فلم کا پلس پوائنٹ ثابت ہوتی ہے۔ ابھیشیک بنرجی نے لاتعلق، مغرور اورخودغرض قسم کےگوتم کاکردار بہت ہی عمدگی سے ادا کیا ہے، جو بعد میں جذباتی ہو جاتا ہے۔ اپنے بھائی گوتم کے مقابلے میں، رمن کا کردار پرسکون، نرم مزاج اور سماجی ناہمواریوں کے بارے میں فکرمند نظر آتا ہے، جسے شبھم وردھن نے ایک پرسکون اور متاثر کن انداز میں ادا کیا ہے۔ 
نتیجہ
 حقیقی واقعات پر مبنی کرائم تھریلر قسم کی کہانی پسند کرنے والوں کو یہ فلم ضرور پسند آئے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK