ورون دھون کی اس سے قبل ریلیز ہونےوالی رومانٹک کامیڈی فلموںکی کہانیوں کو کچھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ پیش کردیا گیا ہے۔
EPAPER
Updated: October 04, 2025, 11:23 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai
ورون دھون کی اس سے قبل ریلیز ہونےوالی رومانٹک کامیڈی فلموںکی کہانیوں کو کچھ تبدیلیوں کے ساتھ دوبارہ پیش کردیا گیا ہے۔
سنی سنسکاری کی تلسی کماری
(Sunny Sanskari Ki Tulsi Kumari)
اسٹارکاسٹ:ورون دھون، جھانوی کپور، روہت صراف، سانیا ملہوترا، ابھینو شرما، منیش پال، اکشے اوبرائےمنینی چڈھا
ڈائریکٹر : ششانک کھیتان
رائٹر :ششانک کھیتان
پروڈیوسر:کرن جوہر، ہیرو جوہر، ششانک کھیتان، اپورا مہتا
موسیقار:پریتم چکربرتی
سنیماٹوگرافر:کے ایم بھاسکرن، منوش نندن
ایڈیٹر:چارو شری رائے، منن ساگر
کاسٹنگ ڈائریکٹر:روی آہوجا، مکیش چھابڑا
پروڈکشن ڈیزائنر:شمتا سچن گورو، سوپنل سورائیکر
ریٹنگ: ***
’سیارہ‘کی سپرہٹ لو اسٹوری کے بعد پردے پر پیار اور رومانس پر مبنی کہانیوں کا ایک سلسلہ شروع ہوچکاہے، پھرچاہے وہ ’دھڑک۲؍‘ ہو، ’پرم سندری‘ ہو یا ’تو میری پوری کہانی‘ہو۔ لیکن ان میں سے کوئی بھی مداحوں کا دل جیتنے میں کامیاب نہیں ہوسکی۔ اسی سلسلے میں، ششانک کھیتان اس ہفتے’سنی سنسکاری کی تلسی کماری‘لے کر آئےہیں۔ ششانک اس سے قبل ’بدری ناتھ کی دلہنیا‘، ’ہمپٹی شرما کی دلہنیا‘ اور ’دھڑک‘ جیسی ہٹ لَو اسٹوریز پیش کر چکے ہیں۔ تاہم، اس بار نتیجہ اتنا متاثرکن نہیں ہے۔ یہ فلم ایک چمک دمک والی رومانوی کامیڈی ہے، لیکن ہلکے پھلکے انداز کے سبب یہ کوئی یادگار فلم نہیں بن سکی بلکہ ایک ٹائم پاس تفریحی فلم بن کررہ جاتی ہے۔
فلم کی کہانی
کہانی کا مرکزی کردار سنی سنسکاری (ورون دھون) ہے جسے قسمت سے کوئی شکایت نہیں اور وہ ہمیشہ خوش رہتا ہے۔ وہ اننیا (سانیہ ملہوترا) سے گہری محبت کرتا ہے۔ لیکن ۲؍ سال کی ڈیٹنگ کے بعد، وہ اسے پروپوز کرنے والا ہے۔ اسی دن، اننیا اس کے ساتھ بریک اپ کرلیتی ہے اوراسےبتاتی ہے کہ وہ وکرم (روہت صراف) سے شادی کر رہی ہے، جو ایک بزنس ٹائیکون خاندان کا چشم و چراغ ہے۔ اننیا کا کہنا ہے کہ ان کے خاندان کا خیال ہے کہ سنی ان کے لیے صحیح انتخاب نہیں ہے۔
دریں اثنا، اننیا سے شادی کے لیے خاندانی دباؤ کی وجہ سے، وکرم اپنی محبوبہ تلسی کماری (جھانوی کپور) کوٹھکرا دیتا ہے جس سے وہ گزشہ ۱۲؍ سال سے پیار کرتا ہے۔ پیار میں ناکامی کےباوجود، سنی، ہار نہیں مانتا اورتلسی کے ساتھ مل کر اننیا اور وکرم کی شادی توڑنےکا منصوبہ بناتاہے تاکہ وہ اپنی محبت کو دوبارہ زندہ کر سکیں۔ ایک پرجوش جوڑے کے طور پر، وہ وکرم اور اننیا کی ڈیسٹینیشن ویڈنگ میں دخل اندازی کرتے ہیں اورپھر جلنے جلانے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے۔ لیکن کیا وہ ان کی شادی توڑکر اپنی اپنی محبت تلاش کرنے میں کامیاب ہوتے ہیں یہ فلم دیکھنے کے بعد ہی پتہ چلے گا۔
ہدایت کاری
ہدایت کار ششانک کھیتان کی اس فلم کا سب سے بڑا مسئلہ اس کی کہانی ہے۔ پوری فلم دوسطروں میں بیان کیا جاسکتا ہے جس کا اندازہ شروع میں ہی لگایا جاسکتا ہے۔ ماضی میں کئی ہٹ لو اسٹوریز پیش کرنے کے بعد، ششانک کھیتان نے پرانی کہانی کو نئے انداز اور نئے عنوان کے ساتھ پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔
فلم میں سہ رخی محبت کی کہانی پیش کی گئی ہے جس میں ہدایت کار نے ریلیشن شپ بنام سچوئیشن شپ کا اینگل جوڑ کر جین زی سے جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ فلم میں فیملی ڈرامہ بھی ہے۔
تکنیکی محاذ پر، مانوش نندن کی سنیماٹوگرافی متاثر کن ہے۔ اس کی موسیقی کئی میوزک ڈائریکٹرز نے ترتیب دی ہے، لیکن صرف ’پنواڑی‘ گانا ہی نمایاں ہے۔ جہاں تک اسکرین پلے کا تعلق ہے، پہلا ہاف کافی سست ہے، وقفہ کے بعد ہی فلم رفتار پکڑتی ہے۔ کلائمکس ٹوئسٹ ناظرین کے تجسس کو بڑھاتا ہے، لیکن فلم کا جذباتی پہلوبالآخر کمزور ثابت ہوتا ہے، جس سے فلم ادھوری رہ جاتی ہے۔
اداکاری
اداکاری کی بات کریں تو ورون دھون ہمیشہ سے روم کام کے ماہر رہے ہیں اور یہاں بھی فلم کا ایک مضبوط ستون ثابت ہوتے ہیں۔ وہ رومانس، کامیڈی سے لے کر ڈانس اور گانے تک ہر چیز میں مہارت رکھتے ہیں۔ جھانوی نے تلسی کماری کا کردار پورے خلوص کے ساتھ نبھایا ہے۔ وہ بھی کافی خوبصورت لگ رہی ہے۔
سانیا ملہوترا نے اننیا کے کردار کے ساتھ انصاف کیا ہے، لیکن ان کے کردار کو صحیح طریقے سے تیار نہیں کیا گیا ہے۔ روہت صراف پیارا ہے۔ منیش پال شادی کے منصوبہ ساز کے طور پر کچھ مزاحیہ لمحات شامل کرنے کا انتظام کرتے ہیں۔ اکشے اوبرائے وکرم کے بڑے بھائی کے طور پر مضبوط ہیں۔ باقی معاون کاسٹ ٹھیک ٹھاک ہے۔
کیوں دیکھیں ؟
اگر آپ ٹائم پاس تفریحی فلموں کےدلدادہ ہیں، تو آپ اس فلم کوایک مرتبہ دیکھ سکتے ہیں۔