Inquilab Logo Happiest Places to Work

تاڈوبا نیشنل پارک: سیروتفریح کے ساتھ جنگلی جانور دیکھنے کا موقع

Updated: January 30, 2025, 1:23 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

۱۷۲۷؍کلومیٹر میں پھیلا تاڈوباآندھری ٹائیگر ریزرو شیروں کے تحفظ اورانہیں محفوظ پناہ گاہ فراہم کرنے کیلئے بنایا گیا تھا، دیگر جانور بھی دیکھے جاسکتے ہیں۔

Crowds of tourists are seen watching the lions. Photo: INN.
سیاحوں کی بھیڑ شیروں کو دیکھتے نظر آرہی ہے۔ تصویر: آئی این این۔

سیر وتفریح کیلئے کئی طرح کے مقامات اہمیت کے حامل ہوتے ہیں اور ہمارا مہاراشٹر ااس اعتبار سے بھی اہم ہے کہ یہاں تقریباً ہر طرح کے مقامات ہیں جہاں آپ سیر و تفریح کیلئے جاسکتے ہیں۔ ہمارے آس پاس ایسے کئی مقامات ہیں جیسے کہ کئی طرح کے ہل اسٹیشن، شاندار اور تاریخی اہمیت کے حامل قلعے، خوبصورت اور پرسکون ساحل سمندر ایسے ہیں جہاں ہم ویک اینڈ پر تفریح کیلئے جاسکتے ہیں۔ ایسے ہی کئی جنگل یا جنگلی حیات کی پناہ گاہیں بھی موجود ہیں جہاں آپ سکون کے دو پل گزارنے کے ساتھ کئی قسم کے جنگلی جانور اور پیڑ پودے دیکھ سکتے ہیں جو اس سے پہلے آپ نے کبھی نہیں دیکھے ہونگے۔ ایسےہی جنگلوں میں تاڈوبا اندھارا ٹائیگر ریزرو بھی ہے جو ایک بڑے جنگل پر مشتمل ہے اور یہاں کئی قسم کے جنگلی جانوروں کے ساتھ شیر بھی دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔ 
تاڈوبا نیشنل پارک کا تعارف
تاڈوبا نیشنل پارک یاٹائیگرریزرو چندر پور ضلع میں واقع ہے جو ناگپور شہر سےتقریباً ۱۵۰؍کلومیٹر دور ہے۔ تاڈوبا نیشنل پارک ۱۹۵۵ء میں قائم کیا گیا تھا اور۱۹۸۶ءمیں آندھری وائلڈ لائف سینکچری قائم کیا گیاتھا۔ ان دونوں کو ملا کر۱۹۹۵ءمیں تاڈوبا آندھری ٹائیگر ریزرو بنایا گیاتھا۔ اس کا کل رقبہ تقریباًایک ہزار۷۲۷؍مربع کلومیٹر ہے۔ یہ مہاراشٹر کا سب سے قدیم اور سب سے بڑا نیشنل پارک ہے۔ 
یہاں کے جانور اور پیڑ پودے
۲۰۱۰ءکی قومی مردم شماری کےمطابق، اس ریزرو میں تقریباً ۴۳؍شیر تھے۔ اس پناہ گاہ میں شیروں کے علاوہ متعدد قسم کے دیگر جانور بھی پائے جاتے ہیں جن میں ٹائیگر، انڈین چیتے، ریچھ، گور، نیل گائے، ڈھولے، دھاری دار ہائینا، چھوٹے ہندوستانی سیویٹ، جنگلی بلیاں، سانبر، داغ دار ہرن، بھونکنے والا ہرن، چیتل، دلدلی مگرمچھ، ہندوستانی اجگر، ہندوستانی کوبرا، خاکی سر والی مچھلی نماچیل، کریسٹیڈ سرپینٹ ایگل، مور، بیٹل ایگل اور وولف اسپائیڈر شامل ہیں۔ اس پناہ گاہ میں کئی قسم کے پرندے بھی پائے جاتے ہیں۔ اس جنگل میں کئی طرح کےپیڑ پودے بھی پائے جاتے ہیں جن میں ساگون درختوں کی اہم انواع شامل ہیں۔ 
جنگل کیسا ہے؟
یہ علاقہ زیادہ تر پہاڑیوں پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ یہاں گھنے جنگلات، ہموار گھاس کے میدان، گہری وادیاں اور ایک سازگار قدرتی ماحول پایا جاتا ہے جوشیروں کی ایک بڑی تعداد کو برقرار رکھنے کے لیےمناسب ہے۔ تاڈوبا آندھری ٹائیگر ریزرو۳؍الگ الگ جنگلاتی سلسلوں میں تقسیم ہے - تاڈوباشمالی سلسلہ، کولسا جنوبی سلسلہ، اور مورہورلی سلسلہ۔ یہ نیشنل پارک ہر موسم میں ۱۵؍اکتوبر سے ۳۰؍جون تک سیاحوں کے لیے کھلا رہتا ہے اور ہر منگل کو پورا دن بند رہتا ہے۔ 
تاڈوبا میں ۲؍ جھیلیں بھی ہیں جن میں ’تاڈوبا جھیل‘ اور’کولسا جھیل‘ شامل ہے۔ اس کے علاوہ یہاں ایک دریا بھی بہتا ہےجس کا نام ’تاڈوبا‘ ہے اور ہر سال مانسون میں یہ بھر جاتا ہے۔ یہ جھیلیں اور دریا پارک کی زندگی کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ 
تاڈوبا کیسے جائیں ؟
ٹرین سے: تاڈوبا جنگل چندرپور سے ۴۹؍کلومیٹراورناگپور سے ۱۵۱؍ کلومیٹر دور ہے۔ یہی تاڈوبانیشنل پارک کے قریب ترین ریلوے اسٹیشن ہیں۔ 
ہوائی جہاز سے: ناگپور ہوائی اڈہ، جو ۱۴۰؍کلومیٹرکےفاصلے پر واقع ہے، یہاں کا قریب ترین ہوائی اڈہ ہے۔ سیاح ہوائی اڈے سے ٹیکسی لےسکتے ہیں اور تقریباً۳؍گھنٹے میں پارک پہنچ سکتے ہیں۔ 
سڑک سے: اگرآپ ممبئی یاپونےسےجارہے ہیں تو پونے احمد نگر ہائی وے کے ذریعے نیشنل پارک تک رسائی حاصل کی جاسکتی ہے۔ قریب ترین بس اسٹیشن چیمور(۳۲؍کلومیٹر) ہے۔ نیشنل پارک اور پڑوسی شہروں کے درمیان باقاعدہ بس سروسز چلتی ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK