• Sun, 15 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

کہرا، ۲: قتل کی واردات کے بیچ کرداروں کی زندگی کے راز کھولتی سیریز

Updated: February 15, 2026, 11:37 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سیزن ون کی طرح یہاں بھی سیریز کے کرداروں کی زندگی کی تہوں کو کھولنے پر زیادہ زور دیا گیا ہے، برون سوبتی اور مونا سنگھ کی اداکاری عمدہ ہے۔

Barun Sobti and Mona Singh can be seen in a scene from the web series `Kahra 2`. Photo: INN
ویب سیریز’کہرا ۲ ‘ کےایک منظر میں برون سوبتی اور مونا سنگھ کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این

کُہرا(Kohrra)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: برون سوبتی، مونا سنگھ، انوراگ اروڑا، رنوجے سنگھ، ششی بھوشن، پوجا بھامرا، پریانک مہتا
ڈائریکٹر: فیصل رحمان، سدیپ شرما
رائٹر: سدیپ شرما، گنجیت چوپڑا، ڈگی سیسودیا
پروڈیوسر: روہت جیسوال، سدیپ شرما، ٹینا تھروانی
سنیماٹوگرافر: سوربھ مونگا، ایشان گھوش
موسیقار: نرین چنداورکر، بینیڈکٹ ٹیلر، وزیرپاتر
ایڈیٹر: سنیکت کازا
کاسٹنگ ڈائریکٹر: دیپالی سرین
ریٹنگ:***
پردے پر مرڈر مسٹری کی ایسی کہانیاں کم ہی بنتی ہیں جہاں کچھ دیر بعد یہ سوال پیچھے رہ جائے کہ قاتل کون تھا؟ قتل کس نے کیا؟ اور اس کی جگہ کرداروں کی زندگیاں، ان کے دکھ، الجھنیں اور اندرونی پیچیدگیاں زیادہ اہم ہو جائیں۔ ویب سیریز ’کہرا‘ کی یہی خاص بات ہے کہ اس میں صرف جرم کی گتھی نہیں سلجھتی بلکہ ہر کردار کی زندگی اوررشتوں پر چھائی دھند بھی آہستہ آہستہ صاف ہوتی ہے۔ اسی خصوصیت کی بدولت خالص پنجابی پس منظر میں بنی اس پولیسیا تفتیشی کرائم ڈرامے کے پہلے سیزن کو خوب پسند کیاگیا تھا۔ اب اس کا دوسرا سیزن ’کہرا۲؍‘ سامنے آیا ہے، جس میں انہی بنیادی عناصر کے درمیان ایک نئے جرم کی گرہ کھولی جاتی ہے۔ 
کہانی 
اس بار کہانی پنجاب کے دلیَرپورا پہنچتی ہے، جہاں امرپال گَرونڈی (برون سوبتی) جگرانہ کی اپنی پرانی زندگی کو پیچھے چھوڑ کر نئی پوسٹنگ کے ساتھ ساتھ اپنی بیوی سلکی کے ساتھ ایک نئی شروعات کرتا ہے۔ ابتدا اس مرتبہ بھی ایک این آر آئی لڑکی پریت (پوجا بمراہ) کے قتل سے ہوتی ہے، جو اپنے میکے کے چراگاہ میں مردہ حالت میں ملتی ہے۔ اس کیس کی تفتیش کی ذمہ داری ایس آئی دھنونت کور (مونا سنگھ) کو سونپی جاتی ہے۔ 
ابتدائی جانچ میں معلوم ہوتا ہے کہ پریت اپنے شوہر (رنوِجے سنگھا) اور دو بچوں کو چھوڑ کر کئی مہینوں سے اپنے میکے میں رہ رہی تھی۔ یہی نہیں، اس کا اپنے ڈانس انسٹرکٹر کے ساتھ تعلق بھی تھا۔ ساتھ ہی بھائی انوراگ اروڑا کے ساتھ جائیداد کا تنازع بھی چل رہا تھا۔ ایسے میں شک کی سوئی انہی تینوں کی طرف گھومتی ہے، مگر جیسے جیسے تفتیش آگے بڑھتی ہے، اس جرم کی جڑیں معاشرے کی ایک ایسی تلخ حقیقت میں پیوست ملتی ہیں جو چونکا دیتی ہے۔ 
ہدایت کاری
پہلے سیزن کی طرح ’کہرا۲؍‘ بھی ایک سلو برن سیریز ہے، یعنی کہانی بہت دھیرے دھیرے آگےبڑھتی ہے۔ اس وجہ سے وہ ناظرین جو ہر لمحہ چونکا دینے والے موڑ کی توقع رکھتے ہیں، انہیں مایوسی ہو سکتی ہے، کیونکہ یہ سیریز ایک بار پھر دھندلی، سرد اور بے چین فضا میں لے جاتی ہے جہاں قتل کی پہیلی کے بہانے انسان کے اندر چھپی تاریکی اور درد کو بے نقاب کیا جاتا ہے۔ یہاں تک کہ ایک وقت کے بعد قاتل کی تلاش سے زیادہ دلچسپی کرداروں کی ذاتی زندگی میں ہونے لگتی ہے، خاص طور پر دھنونت کور کی خاندانی المیہ داستان اور امرپال گرونڈی کے ماضی اور حال کے رشتوں کی کشمکش میں۔ 

یہ بھی پڑھئے: دلدل: جرائم کی دنیا پر مبنی خاتون کے مضبوط کردار والی ایک عمدہ سیریز

البتہ مرکزی کرداروں کے علاوہ دیگر کردار اور ان کی پس منظر کہانیاں اس بار اتنی مضبوط نہیں لگتیں۔ کچھ سوال بھی تشنہ رہ جاتے ہیں۔ ہدایت کار سدِیپ شرما اور فیصل رحمان نے کہانی کو حقیقت پسندانہ انداز میں پیش کیا ہے۔ پنجاب کی دھند، سنّاٹا اور اداسی کو کہانی کے مزاج کے ساتھ خوبصورتی سے ہم آہنگ کیا گیا ہے۔ سینماٹوگرافی اور پس منظر کی موسیقی اس فضا کو مزید گہرا کرتی ہے۔ 
اداکاری
اداکاری کےمحاذ پر مونا سنگھ اور برون سوبتی ایک بار پھر شو کی جان ثابت ہوتےہیں۔ امرپال کے کردار میں برون سوبتی پوری طرح ڈھل گئے ہیں۔ ان کی مکالمہ ادائیگی، ہلکا سا سیاہ مزاح اور وقت کی درست سمجھ اس بار بھی متاثر کرتی ہے۔ مونا سنگھ بھی اپنی ذاتی زندگی کی اذیتوں کے باوجود فرض کو مقدم رکھنے والی دھنونت کے کردار میں درد کو بھرپور انداز میں ابھارتی ہیں۔ معاون اداکاروں میں رنوِجے سنگھا اپنے کردار میں جچے ہوئے ہیں۔ پوجا بمراہ اور انوراگ اروڑا نے بھی اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ پریارک مہتا اچھے لگتے ہیں، جبکہ ستیہ کام آنند اپنی موجودگی سے اثر چھوڑتے ہیں۔ ان سب کے باوجود، ’کہرا سیزن ون‘ دیکھ چکے ناظرین کو اس بار بھی گزشتہ سیزن کے سوِیندر وِکی کی کمی محسوس ہوتی ہے۔ 
نتیجہ
اگر آپ ’کہرا‘ فرنچائزکےمداح ہیں، مرڈر مسٹری کے ساتھ جذباتی ڈراما پسند کرتے ہیں اور برون سوبتی و مونا سنگھ کی عمدہ اداکاری دیکھنا چاہتے ہیں تو نیٹ فلکس پر ’کہرا سیزن۲؍‘ دیکھ سکتے ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK