Inquilab Logo Happiest Places to Work

دی رائلز: شاہی خاندان کی چمک دمک پیش کرنے والی ویب سیریز

Updated: May 18, 2025, 11:25 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

اس سیریز میں شاہی خاندان کی چمک دمک تو دکھائی گئی ہے اور کئی مناظر عمدہ ہیں لیکن کمزور اسکرین پلے کی وجہ سے کہانی زیادہ شاندار محسوس نہیں ہوتی۔

Bhumi Pednekar and Ishaan Khatter can be seen in a scene from the web series `The Royals`. Photo: INN.
ویب سیریز’دی رائلز ‘ کے ایک منظرمیں بھومی پیڈنیکر اور ایشان کھٹر کو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر: آئی این این۔

دی رائلز (The Royals)
اسٹریمنگ ایپ: نیٹ فلکس(۸؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: ایشان کھٹر، بھومی پیڈنیکر، نورا فتحی، لیزا مشرا، ملند سومن، ساکشی تنور، ڈینو موریہ، ادت اروڑا، ویہان سمپت
ڈائریکٹر: پرینکا گھوس، نوپور استھانا
رائٹر: ایتی اگروال، انوکمپا ہرش، نیہا شرما، وشنو سنہا
پروڈیوسر: اتسب ناتھ، اشیتا پرتیش نندی، رنگیتا پرتیش نندی
کمپوزر: نین تارا بھٹکل، آدتیہ این
ایڈیٹر: انترا لہری
پروڈکشن:  پایل گھوس
میک اپ: سپنا مہاترے، رکشیتا گوتم، انوجا مشرا
کاسٹنگ: پنچمی گھاوری
ریٹنگ:**
حال ہی میں ریلیز ہونے والی ویب سیریز’کل‘کےبعد اب ایک اور ایسی ویب سیریز سامنے ہے جس میں شاہی خاندان کی کہانی کواو ٹی ٹی پر پیش کیا گیا ہے۔ اس ویب سیریز کا نام ’دی رائلز‘ہے۔ پرینکا گھوس اورنوپور استھانہ کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ۸؍ ایپی سوڈزپرمشتمل ویب سیریز روایات کے تانے بانے، جھوٹے دکھاوے، گہرے رازوں ، باہمی نفرت، حقوق نسواں اور دیگرمسائل اور رشتوں میں تفاوت سے بھری پڑی ہے، لیکن کمزور کہانی ان تمام عناصر کو ایک پرکشش سیریزمیں ڈھالنے میں ناکام رہتی ہے، جس کی وجہ سےکئی اداکاروں کی موجودگی بھی ناظرین کو باندھے رکھنے میں کامیاب نہیں ہوپاتی ہے۔ 
سیریز کی کہانی
کہانی کے بارے میں بات کریں توراجستھان کے مورپور کےشاہی خاندان کےبارے میں کہا جا سکتا ہے کہ ہر چیز جو چمکتی ہے وہ سونا نہیں ہوتی۔ اس شاہی خاندان کا بھی یہی حال ہے۔ دراصل مورپورکے مہاراج یوواناتھ سنگھ (ملند سومن) کے اچانک انتقال کے بعد مورپور کے موتی باغ محل کا چارج مہاراج کے بڑے بیٹے ایویراج سنگھ (ایشان کھٹر) کو سونپ دیاگیاہے۔ لیکن مہاراجہ کے جانےکے بعد، ایویراج کی ماں رانی پدمجا(ساکشی تنور) اور منجی صاحب (زینت امان) کو معلوم ہوتا ہے کہ ان کی بادشاہی قرضوں میں ڈوبی ہوئی ہے۔ 
اس قرض سے چھٹکارا پانے کے لیے صوفیہ کنمانی (بھومی پیڈنیکر) ورک پوٹیٹو نامی کمپنی کے ذریعے رائل بی این بی کو عام لوگوں میں متعارف کروا کر رائل بی این بی شروع کرنے کی پہل کرتی ہے۔ جہاں عام لوگوں کو شاہی دنیا کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملے گا اور شاہی خاندان مالی مسائل سے نجات حاصل کر سکے گا۔ لیکن جیسے جیسے صوفیہ اس شاہی خاندانوں کے قریب آتی ہے، کہانی آگے بڑھنے کےساتھ ساتھ ان کا شاہی نقاب تہہ بہ تہہ اترناشروع ہو جاتا ہے۔ 
ایویراج نئے شہزادے کے طور پر اپنی ذمہ داری پوری نہیں کرنا چاہتا۔ اس کے چھوٹےبھائی دگ وجے (ویہان سامت) کو شیف بننےکاجنون ہے جب کہ دویہ رنجانی (کاویہ ترہان) ایک شہزادی ہے جو اپنی شناخت اور سوچ کے ساتھ جدوجہد کر رہی ہے۔ یہاں شاہی خاندان کو اپنی مالی پریشانیوں سے نجات دلانے کیلئےآنے والی صوفیہ اور ایویراج کے درمیان پہلے تنازعہ اور پھر محبت کا سلسلہ شروع ہوتا ہےجہاں رشتوں کی پیچیدگی بڑھتی ہی چلی جاتی ہے۔ جیسے جیسے کہانی آگےبڑھتی ہے، حالات اور کردار مزید پیچیدہ ہوتے جاتے ہیں ، لیکن کیا وہ اپنی منزل تک پہنچ پاتے ہیں ، یہ آپ کو سیریز دیکھنے کے بعد ہی معلوم ہو گا۔ 
ہدایت کاری
پرینکا گھوس اور نوپوراستھانہ کی ہدایت کاری میں بننے والی، ایک شاہی خاندان کی کہانی بہت اچھے طریقے سے شروع ہوتی ہے لیکن آگے بڑھنے کے ساتھ ساتھ قطعی مختلف ہو جاتی ہے۔ اسکرین پلےکہانی کی کمزور کڑی ہے، جو بہت سے مصالحوں کو صحیح مقدار میں ملانے میں ناکام رہی ہے۔ شاہی زندگی اور سیٹ ڈیزائن شاندار ہیں ، خاص طور پر تاجپوشی کا منظر، لیکن اس میں کئی مسائل ہیں۔ 
اداکاری
اداکاری کی بات کریں تو مرکزی جوڑی بھومی پیڈنیکر اور ایشان کھٹرنے اپنے کرداروں کے ساتھ انصاف کیا ہے۔ دونوں ہی کافی خوبصورت نظر آتے ہیں لیکن ان کی کیمسٹری کو مزید مضبوط بنانا چاہیے تھا۔ سینئراداکارہ زینت امان بھی اچھی لگ رہی ہیں۔ حالانکہ اسے زیادہ اسکرین اسپیس ملنی چاہیے تھی۔ ساکشی تنور اپنے کردار میں حیران کن نظر آتی ہیں۔ ویہان اور کاویہ نےاپنے کرداروں کو خوبصورتی سےپیش کیا ہے۔ چنکی پانڈے ایک معمربالی ووڈ ہیرو کے طور پر تفریح کرتےہیں۔ نورا فتحی اور ڈینو موریا نے خصوصی شرکت کی۔ ادت اروڑہ، لیزا مشرا اور سومکھی سریش نے اچھا کام کیا ہے۔ 
نتیجہ
جو لوگ شاہی خاندانوں کی کہانیوں اور اس کی چمک دمک کے شوقین ہیں وہ یہ سیریز دیکھ سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK