Inquilab Logo Happiest Places to Work

بلیک، وہائٹ اینڈگرے- لَو کلز:جرم کی سنسنی خیز اور عمدہ ویب سیریز

Updated: May 11, 2025, 2:38 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai

ڈاکیومنٹری اور ڈرامے کے امتزاج کی صورت میں بنائی گئی اس ویب سیریز میں ہر منٹ پر ایک نیا موڑدیکھنے کو ملتا ہے جو آپ کو باندھے رکھتا ہے۔

A scene from the web series ‘Black, White and Gray: Love Kills’. Photo: INN.
ویب سیریز’بلیک، وہائٹ اینڈ گرے:لو کلز ‘ کا ایک منظر۔ تصویر: آئی این این۔

بلیک، وہائٹ اینڈ گرے:لَو کلز
(Black, White & Gray: Love Kills)
اسٹریمنگ ایپ: سونی لیو(۶؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ: ابھینو گپتا، ابھیشیک بھالیرائو، نشانت شامسکر، میور مورے، پلک جیسوال، تگمانشو دھولیا، دیوین بھوجانی، حکیم شاہجہاں 
ڈائریکٹر: پشکر سنیل مہابل
رائٹر: پشکر سنیل مہابل، یوگیندر 
پروڈیوسر: سوروپ سمپت، ہیمل ٹھکر، انکتا نارنگ، انوجیت گھٹک
کمپوزر: میگھ دیپ بوس
سنیماٹو گرافی: سائی بھوپے
ایڈیٹر: پشکر سنیل مہابل
پروڈکشن ڈیزائن: عابد شیخ
کاسٹنگ: شبھم گور، تریشان
کاسٹیوم: سواتی پٹیل
ریٹنگ:****
حالیہ دنوں میں، او ٹی ٹی پرجرائم کی دنیا کی روح کو ہلا دینے والی کہانیوں پرسیریز اور شوز بنانے کا رجحان بڑھ گیا ہے۔ ان شوز کو دیکھنےوالوں کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔ آپ نے ایسی بہت سی ویب سیریزدیکھی ہوں گی جو حقیقی کہانی میں فکشن کا ٹچ شامل کر رہی ہیں۔ لیکن’بلیک، وائٹ اینڈ گرے: لو کِلز‘، جس کا پریمئر۲؍مئی کو سونی لیوپرہوا، ایسی ہی ایک دستاویزی ڈرامہ سیریز ہے جو آپ کو پہلے ایپی سوڈکے پہلے ہی سین سےباندھ کررکھتی ہے اور آخری لمحات تک آپ کوکہیں جانےنہیں دیتی۔ یہ ایک ایسی سیریزہے جسے دیکھ کر آپ کہیں گے . واہ! کیا سیریزہے! اگر آپ کو بھی سسپنس، قتل کے اسرار، اور حقیقی زندگی کی گہری کہانیاں پسند ہیں، تو یہ آپ کیلئے ہے!
سیریز کی کہانی
یہ ناگپور کے ایک سنسنی خیزکیس کاقصہ ہے، جہاں ۴؍قتل ہوتےہیں، ایک لڑکی، ایک پولیس اہلکار، ایک ڈرائیور اور ایک معصوم بچہ۔ سارا الزام ایک غریب لڑکےپر آتا ہے، جسے میڈیا، پولیس اور معاشرہ فوراً مجرم سمجھنے لگتاہے۔ لیکن رکئے، یہ کیس اتناآسان بھی نہیں ہے!ایک فری لانس صحافی ڈینیئل گرے، اس کیس کے معمہ کو حل کرنے کے لیے نکلتا ہے۔ جیسےجیسے وہ پرتوں کو ہٹاتا ہے، سچ اور جھوٹ کا ایک ایسا جال سامنے آتا ہے جو آپ کو حیران کر دےگا۔ 
اس دستاویزی ڈرامے میں ان سنسنی خیز قتل کی تفتیش کرنے والےپولیس افسران کے ساتھ بات چیت کی گئی ہے۔ بنانے والوں نےکیس سے جڑے کچھ لوگوں سے بھی براہ راست بات کی ہے، جن تک پولیس نہیں پہنچ سکی۔ ہر ایپی سوڈ میں نیا موڑ، نیا سوال۔ یہ سیریز آپ کو اندازہ لگانے والا کھیل کھیلنے پر مجبور کرتاہے۔ محبت کی وجہ سے قتل؟یا کوئی بڑا راز؟ یہ سب کچھ ایسا ہے کہ آپ اپنی آنکھوں کو سکرین سے ایک پل کیلئے بھی نہیں ہٹاسکیں گے۔ 
ہدایت کاری
ڈائریکٹر پشکر سنیل مہابل نےبہت اچھا کام کیا ہے۔ یہ سیریز دستاویزی اور ڈرامے کا ایسا امتزاج ہےکہ کبھی کبھار ایسا محسوس ہوتا ہےکہ یہ تو ایک حقیقی کہانی پر مبنی ہے! قتل کے مناظر، پولیس کی پوچھ گچھ اور انٹرویو ایسےہیں کہ آپ خود کو کہانی کا حصہ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ بیک گراؤنڈ میوزک اور کیمرہ ورک ہر منظر کو مزید خوفناک اور دلچسپ بنا دیتاہے۔ خاص طور پر وہ منظر جہاں ڈینیئل گرے ملزم سے سوال کرتا ہے، اسے دیکھ کر ہی رونگٹے کھڑے ہوجاتے ہیں۔ 
اداکاری
ملزم لڑکے کا کردار ادا کرنے والے میور مور نےدل جیت لیے۔ اس کا کردار ایسا ہے کہ کبھی آپ کو اس پرغصہ آئے گا اور کبھی ترس آئےگا۔ وہ ایک ہارا ہوا، ناراض اور پیار کرنے والا آدمی ہے، اور میور نے اس کردار کو بہت ہی عمدگی سےپیش کیا ہے۔ تگمانشو دھولیا نے پولیس افسرکاکردار اداکیا جسے بعد میں قتل کردیا جاتا ہے۔ تگمانشواپنی اداکاری سےکہانی کواعلیٰ سطح پرلےجاتےہیں۔ باقی کاسٹ بشمول پلک جیسوال اور دیون بھوجانی بھی کمال کےہیں۔ آپ دیون کو کامیڈین کے طور پر جانتے ہیں، لیکن یہاں ان کا سنجیدہ کردار دیکھ کر آپ دنگ رہ جائیں گے۔ 
اس ڈاکو ڈرامہ سیریز کا نام ہی اس کا پیغام ہے ۔ دنیا میں ہر چیز سیاہ یا سفید نہیں ہوتی، سرمئی بھی ہوتی ہے۔ سیریز ہمیں بتاتی ہے کہ سچائی کو جلدبازی میں نہیں پرکھناچاہیے۔ یہ غربت، محبت، فریب اور میڈیاکے کھیل کے بارے میں سوالات اٹھاتا ہے۔ یہ پوچھتا ہے. کیا ہم واقعی سب کو برابری کا موقع دیتے ہیں ؟ یہ سوالات آپ کو آخری قسط کے بعد بھی پریشان کرتے رہیں گے۔ مجموعی طور پریہ ایک ایسی سیریز ہے جو آپ کے دماغ کو ہلا کر رکھ دےگی اور آپ کے دل کو چھو لے گی۔ ہندوستان میں بہت کم کرائم سیریزایسی بنتی ہیں جن میں فیصلہ ناظرین پر چھوڑ دیا جاتا ہے کہ سچ کیا ہے اور جھوٹ کیا ہے؟
نتیجہ
بھرپورسسپنس، ہر منٹ میں نیا موڑ۔ مزاحیہ انداز دیگر کرائم شوزسےمختلف ہے۔ لاجواب اداکاری کے ساتھ یہ سیریز صرف قتل کےمعمہ نہیں بلکہ معاشرے کو آئینہ دکھاتی ہے، ان تمام لوازمات کیلئے آپ کو اسے ایک بار ضروردیکھنا چاہئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK