Inquilab Logo

یاریاں ۲؍: رشتوں کو ایک الگ انداز میں پیش کرتی ہے

Updated: October 21, 2023, 9:49 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

سیریز کی پہلی فلم ’یاریاں‘ کے برخلاف دوسرے حصے میں دوستی کے بجائےکزن بہن بھائیوں کے بیچ پائے جانے والے پیار کی کہانی دکھائی گئی ہے۔

Divya Khosla Kumar, Meezan Jaffrey and Yash Das Gupta in a scene from the movie `Yaariyan 2`. . Photo: INN
فلم’یاریاں ۲؍‘ کےایک منظر میں دیویہ کھوسلا کمار، میزان جعفری اور یش داس گپتا۔ ۔ تصویر:آئی این این

یاریاں ۲ (Yaariyan 2 )
اسٹار کاسٹ:دیویہ کھوسلا کمار، میزان جعفری، پرل وی پوری، یش داس گپتا، ورینہ حسین، مرلی شرما، پریہ پرکاش واریئر۔
ہدایتکار:رادھیکا رائو، ونئے سپرو
رائٹر:محمد آصف علی،رادھیکارائو اور ونئے سپرو
پروڈیوسر:بھوشن کمار،گلشن کمار، کرشنا کمار،آیوش مہیشوری، دیویہ کھوسلا کمار، آیانش پانڈے۔
 موسیقی:منن بھردواج 
 سنیماٹوگرافی:روی یادو
 ایڈیٹنگ: ابھیشیک کمار سنگھ
پروڈکشن ڈیزائن:شنکر سامنت
 ریٹنگ: ***

ہم سب جانتے ہیں کہ آج کی تنائوسے بھری زندگی میں بہن بھائیوں کاتعاون اور پیار کتنا قیمتی ہے۔ ملیالم فلم ’بنگلور ڈیز‘ سے متاثر فلم’یاریاں ۲‘ میں کزنزکے تعلقات اور مشکل حالات میں ایک دوسرےکے ساتھ کھڑے ہونے کی کہانی دکھا ئی گئی ہے۔
کہانی:اس فلم میں ۳؍کزن لاڈلی چھبّر (دیویہ کھوسلا کمار)، شیکھررندھاوا(میزان جعفری) اور بجرنگ داس کھتری (پرل وی پوری)کی ذاتی اورپیشہ ورانہ زندگیوں میں اتار چڑھاؤ کو دکھایاگیا ہے۔
 کہانی ہماچل پردیش سے شروع ہوتی ہے۔ ایک ماں اپنی پیاری بیٹی کومقابلہ حسن جیتانے اور اس کی شادی کیلئے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔ بیٹی نارمل نہیں ہے بلکہ ماضی میں کئی بیماریوں سےمتاثر رہی ہے۔ اور جو اس سے شادی کرنے آیا ہے وہ اپنے ساتھ اپنا ماضی بھی لے کر آیاہے۔ اس لڑکی کے۲؍کزن بھائی ہیں جن میں ایک بائیکر ہے اور دوسرا کہیں سادہ سی ملازم کر رہا ہے۔ دونوں کو مدعو کیاجاتا ہے۔ شادی ہوتی ہے اور کہانی ممبئی پہنچ جاتی ہے۔ یہاں بند کمرے میں چھپی ہوئی کچھ یادیں ہیں۔ زمانے کی رفتارسے دوڑنے والی ایک ایئر ہوسٹس اپنے بوائے فرینڈ کو غیرت دلانے کیلئے ایک عام آدمی کو استعمال کرنے کی کوشش کرتی ہے۔ اور ایک خوبصورت لڑکی ہے جو وی ٹی اسٹیشن پر ٹکٹ بانٹ رہی ہے۔ وہ ایک یونیورسٹی میں داخلہ لےلیتی ہے اور اب بھی چاہتی ہے کہ جس سے وہ پیار کرتی ہے اسے روک لے۔
اداکاری: دیویہ کھوسلہ کمارنے شملہ کی لاپروا اور معصوم پنجابی لڑکی لاڈلی چھبر کے کردار میں جان ڈال دی ہے۔ بڑے شہر میں آکر شادی شدہ زندگی کو سنبھانے کیلئے یہی لاڈلی ایک باشعور لڑکی کے کردار میں بھی نظرآتی ہے۔ دیویہ نے ہرطرح کےکردارکو خوبصورتی سے ادا کیا ہے۔ جبکہ میزان جعفری اس کے کزن شیکھر رندھاوا کے کردار میں بہت ہی زیادہ پر اثر نظر آئے۔ باہر سے ایک سخت بائیکر لیکن دل میں ایک بہت ہی مہربان شخص جس کا خراب خاندانی ماضی پریشان کرتا رہتاہے۔ میزان نے ایسے کردار کو نہ صرف اسکرین پر جیا ہے بلکہ اسےطویل عرصے تک کیلئے یادگاربھی بنادیاہے۔ انسوارا راجن نے میزان کی گرل فرینڈ کا کردار ادا کیا اور یش داس گپتا نے لاڈلی کے شوہر کا کردار خوبصورتی سےنبھایا۔ لاڈلی کے دوسرے کزن کا کردار ادا کرنے والے پرل وی پوری نے بھی اس کردارکے ساتھ انصاف کیا ہے۔
ہدایت کاری: ٹی سیریزکےلیے کئی ہٹ میوزک ویڈیوز بنانے والے رادھیکا راؤ اور ونے سپرو نے فلم’یاریاں ۲؍‘ کی ہدایت کاری کی ہے۔ فلم کو تازگی اور جاندار بنانے کے لیے یہ ان کی ایک قابل قدر کوشش ہے۔
سنیماٹوگرافی: ہماچل کی خوبصورت وادیوں سے لے کر ممبئی میں بائیک ریسنگ کےایڈونچر تک کوخوبصورتی سے پیش کرنےکی دونوں نےاچھی کوشش کی ہے۔ اس کے لیے روی یادو کی سینماٹوگرافی بھی تعریف کی مستحق ہے۔
اسکرین پلے: فلم کا اسکرین پلے کئی جگہوں پربھٹکا ہوالگتا ہے۔خاص طور پرپہلے ہاف میں ۳؍کزنز کی کہانی کوپیش کرنے میں کافی وقت صرف کیاگیاجس کی وجہ سے فلم قدرے بوجھل ہوجاتی ہے۔ تاہم دوسرےہاف کے بعد فلم نے رفتار پکڑ لی اور کچھ جذباتی اور مہم جوئی والے مناظر فلم کو دلچسپ بنا دیتے ہیں ۔
موسیقی:فلم’یاریاں ۲‘کوٹی سیریز نے پروڈیوس کیا ہے ظاہر ہے گانوں پرخصوصی توجہ دی گئی ہے۔ نوجوانوں اور رقص کرنے والوں کو مدنظر رکھتےہوئے،کچھ پنجابی نمبر بھی شامل کئے گئےہیں۔ اریجیت سنگھ کا گانا ’اونچی اونچی دیواریں ‘ اورجوبن نوٹیال کاگایاہوا ’بیوفا تو‘سننے میں اچھے لگتےہیں۔
نتیجہ: فلم ’یاریاں ۲‘ ایک تازگی بخش فیملی فلم ہے جو نوجوانوں کےمسائل اور رشتوں کے تانے بانے پر مرکوزہے۔ کہانی کی کچھ خامیوں کو نظر انداز کردیا جائے توفلم ایک بار ضرور دیکھنے کے لائق ہے۔اگر آپ اپنے بہن بھائیوں کے ساتھ قریبی رشتے استوار رکھنا چاہتے ہیں تو یہ فلم آپ کے لیے ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK