• Sun, 07 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ضدی عشق : ایک عمدہ کہانی جسے صحیح ڈھنگ سے پیش نہیں کیا جاسکتا

Updated: December 07, 2025, 11:43 AM IST | Mohammed Habib | Mumbai

یہ سیریز بنگالی فلم’پرینیتا‘ پر مبنی ہے جسے کافی پسند کیا گیا تھا لیکن یہ سیریز اپنا تاثر پوری طرح قائم کرنے میں ناکام ثابت ہوتی ہے۔

Aditi Pohankar and Parambarta Chattopadhyay can be seen in a scene from the web series `Zadi Ishq`. Picture: INN
ویب سیریز’ضدی عشق‘ کےایک منظر میںادیتی پوہنکر اورپرمبرتا چٹوپادھیائےکو دیکھا جاسکتاہے۔ تصویر:آئی این این

ضدی عشق (Ziddi Ishq)
اسٹریمنگ ایپ :جیو ہاٹ اسٹار(۷؍ایپی سوڈ)
اسٹار کاسٹ:برکھا بشٹ، ادیتی پوہنکر،ریا سین، ببریتی چٹرجی، شویتا مشرا،پرمبرتا چٹوپادھیائے
رائٹر اورڈائریکٹر:راج چکربرتی
سنیماٹوگرافر:گیرک سرکار
ایڈیٹر:محمد کلام
اسسٹنٹ ڈائریکٹر:سنتو ساہا
سائونڈ ڈیزائنر:دبیو، پارتھا ہلدار، سوربھ دھوپوکر
موسیقار:جبجی سنگھ ولیچا
ریٹنگ: **

ایک طرفہ محبت کی طاقت کچھ اورہی ہوتی ہے۔فلمساز کرن جوہر نے اپنی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں اسی طرح کی محبت کو اپنی فلم میں دلکش انداز میں پیش کیا تھااور اب ویب سیریز ’ضدی عشق‘ میں ایسی ہی ایک اور محبت کی کہانی پیش کی گئی ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ادیتی پوہنکر کی بلاجواز محبت کی کہانی اسکرپٹ کی خامی اور اسے صحیح ڈھنگ سے پیش نہ کرپانے کی وجہ سےاس قدر اثردار نہیں بن سکی جتنا کہ اسے ہونا چاہئے تھا۔
کہانی 
ضدی عشق میہل نام کی ایک سادہ بنگالی لڑکی کی کہانی ہے جو اپنے ٹیوشن ٹیچر اورپڑوسی شیکھر دَا (پرمبرتا چٹرجی) سے گہری، یک طرفہ محبت کرتی ہے۔استاد اور شاگرد کی محبت کا موضوع فلموں اور سیریزمیں پہلے بھی بہت بار پیش کیاجا چکا ہے، لیکن یہاں میہل کی یہ چاہت اُس کے دوستوں کے درمیان ایک کھلا راز ہے اور یہ محبت آہستہ آہستہ جنون میں بدل جاتی ہے۔وہ ہر ممکن کوشش کرتی ہے کہ شیکھر دَا کے دل میں اپنی جگہ بنا لے، مگر وہ اس کے جذبات سے بے خبر سا رہتا ہے اور اُنہیں سنجیدگی سے نہیں لیتا۔ ایک دن شیکھر دَا، میہل کو اپنی گرل فرینڈ سیانتیکا سے ملواتا ہے اور وہ دن میہل کے لیے ایک موڑ ثابت ہوتا ہے۔ کچھ ہی دن بعد، میہل کی دنیا اس وقت ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہے جب شیکھر دَا کی لاش مشکوک حالات میں ملتی ہے اور اس کی موت کو جلد بازی میں خودکشی قرار دے دیا جاتا ہے۔لیکن میہل اس فیصلے کو ماننے کو تیار نہیں، اسے یقین رہتا ہے کہ یہ خودکشی نہیں۔ اس واقعے کے بعد غم اور غصے میں ڈوبی میہل سچائی جاننے کے لیے ایک خطرناک سفر شروع کرتی ہے۔ اسی تلاش کے دوران اس کی ملاقات سدھارتھ رائے چودھری سے ہوتی ہے جو یونیکارن نامی کمپنی کا سی ای اوہے، جہاں پہلے سیانتیکا اور شیکھر دَا کام کرتےتھے۔ رفتہ رفتہ میہل کو پتہ چلتا ہے کہ شیکھر دَا پر سیانتیکا کی جانب سے چھیڑ چھاڑ/ہراسانی کا الزام لگایا گیاتھا، جس نے اس کی زندگی اُلٹ پلٹ کر رکھ دی۔ اسی سرے سے وہ تلخ حقیقت تک پہنچنے کی کوشش کرتی ہے اور تفتیش کے دوران کارپوریٹ دنیا کے تلخ پہلو اور طاقت کے کھیل سامنے آتے ہیں۔
 ہدایت کاری
ضدی عشق کا پلاٹ بنیادی طور پر دلچسپ ہونے کے باوجود پیش کش کے معاملے میں کمزور پڑ جاتا ہے اور ناظر پر گہرا اثر چھوڑنے میں ناکام رہتا ہے۔ ایسا لگتا ہے کہ کہانی مناسب پس منظر اور مضبوط بنیاد بنانے سے پہلے ہی اختتام کی طرف دوڑنے لگتی ہے۔ اگر آپ نے بنگالی فلم’پرینیتا‘دیکھی ہے تو پلاٹ سے جڑنے میں آسانی ہوگی، ورنہ ضدی عشق ایک ایسی تیز رفتار سیریز محسوس ہوتی ہے جس میں جذبات اور کرداروں کو سانس لینے کا موقع نہیں ملتا۔
یہ بھی سوال اٹھتا ہے کہ راج چکرورتی نے آخر کیوں اسی فلم کو ہندی میں ڈھالنے کا فیصلہ کیا، جب کہ اصل بنگالی ورژن پہلے ہی بہت پسندکیا جا چکا تھا۔ ممکن ہے کسی نئے موضوع پر کام کرنا زیادہ سودمند ہوتا، کیونکہ ہر اچھی فلم کو لازمی طور پر ریمیک یا اڈاپٹیشن کی شکل میں دوبارہ پیش کرنے کی ضرورت نہیں ہوتی، خاص طور پر جب وہ اپنے اصل روپ میں ہی مکمل اور متوازن ہو۔
اداکاری
کمزور اسکرپٹ کے ساتھ اداکاری بھی سیریز کو زیادہ سہارا نہیںدے پاتی۔ شیکھر کے کردار میں پرمبرتا چٹرجی پوری سنجیدگی سے کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں، لیکن میہل کے کردار میں ادیتی پوہنکر کو اب بھی کافی ریاض اور گہرائی درکار محسوس ہوتی ہے۔ اہم اور سنجیدہ مناظر میں اُن کے چہرے پراظہار کی کمی سی محسوس ہوتی ہے، اوریہی کمی سیریز کے جذباتی اثر کو تقریباً بے اثر کر دیتی ہے۔ خاص طور پر اُن مناظر میں جہاں شیکھر دَا پر الزامات یا اس کی موت سے جڑی حقیقتیں سامنے آتی ہیں، وہاں میہل کی ری ایکشن اور جذباتی اتار چڑھاؤ کمزور رہ جاتا ہے، جس سے کہانی کا تناؤ کم ہو جاتا ہے۔
نتیجہ
یہ ایک ایسی سیریز ہے جسےصحیح ڈھنگ سے پیش نہیں کیا جاسکتا، اس لئے اسے دیکھنے سے بہتربنگالی فلم’پرینیتا دیکھ لی جائے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK