Inquilab Logo

قومی جمہوری اتحادیوں کے موقف میں تبدیلی؟

Updated: May 09, 2024, 1:18 PM IST | Dr Mushtaq Ahmed | Mumbai

چندرا بابو نائیڈو آندھرا پردیش میں مسلمانوں کیلئے چار فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کر رہے ہیں۔ وہ اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ ان کی ریاست میں وزیر اعظم کی اشتعال انگیزی سے انہیں نقصان ہو سکتا ہے۔

Photo: INN
تصویر: آئی این این

اب اس تلخ حقیقت سے وطنِ عزیز ہندوستان کا ہر شہری واقف ہو چکا ہے کہ رواں پارلیمانی انتخاب میں حکمراں جماعت کے لیڈروں اور بالخصوص ہمارے وزیر اعظم انتخابی تشہیری جلسوں میں اپنی دس سال کی مدت کار کے کاموں کا ذکر نہ کرکے پھر ملک کے ایک بڑے اقلیت مسلم طبقے کے تئیں اکثریت طبقے کے ذہن میں منافرت بھرنے بلکہ ایک طرح سے اقلیت طبقے کے خلاف اُکسانے کی بات کر رہے ہیں۔ اب تک تین مرحلوں کی پولنگ میں زمینی حقیقت سے ہر سیاسی جماعت بھی واقف ہو چکی ہے اور حکمراں جماعت بھی اپنی کھسکتی ہوئی زمین سے نا آشنا نہیں ہے۔ شاید اسی لئے روز بروز فرقہ وارانہ زہرا فشانی کا زور بڑھتا جا رہاہے۔ ظاہر ہے کہ جمہوریت میں اکثریت حاصل کرنے والی سیاسی جماعت ہی حکومت پر قابض ہوتی ہے لہٰذاحکمراں جماعت کو فکر مندی ہے کہ اگر وہ اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہی تو اس کا حشر کیا ہوگا۔ شاید اس لئے مسلمانوں کو ہی بلی کا بکرا بنانے میں قومی جمہوری اتحاد کو عافیت نظر آرہی ہے۔ لیکن اب ایک خوش آئند بات بھی نظر آنے لگی ہے کہ قومی جمہوری اتحاد میں شامل بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار اور آندھرا پردیش میں چندرا بابو نائیڈو کے موقف میں تبدیلی آنے لگی ہے۔ ایک طرف بہار میں جنتا دل متحدہ کے سپریمو اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار اپنے انتخابی جلسوں میں صرف اور صرف اپنے کاموں کا ذکر کر رہے ہیں اور ووٹروں سے اپنی مدتِ کار میں عوامی فلاحی کاموں کے بدل میں ووٹ دینے کی اپیل کر رہے ہیں۔ دوسرے مرحلے کے بعد بہار میں نتیش کمار جہاں کہیں بھی انتخابی تشہیری جلسوں سے خطاب کر رہے ہیں اس میں اقلیت طبقے سے خصوصی طورپر اپیل کر رہے ہیں کہ انہو ں نے اپنی مدتِ کار میں اقلیت مسلم طبقے کیلئے بہت کام کیا ہے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ساتھ ساتھ لوک جن شکتی پارٹی اور جیتن رام مانجھی کا رویہ بھی اقلیت طبقے کے ساتھ تعصبانہ ہی نظر آرہا ہے لیکن نتیش کمار اپنے کسی بھی انتخابی جلسے میں مسلم اقلیت طبقے کے خلاف کسی طرح کے نازیبا الفاظ کا استعمال نہیں کر رہے ہیں بلکہ وہ اقلیت طبقے سے گزارش کر رہے ہیں کہ ان کیلئے ان کی حکومت نے جو کام کئے ہیں اس کا بدل ملنا چاہئے۔ البتہ جنتا دل متحدہ کے کئی دوسرے لیڈر بی جے پیکے لیڈروں کی طرح ہی بیان بازی کر رہے ہیں۔ 
کرناٹک میں جس طرح ایک کارٹون کے ذریعہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے مسلمانوں کے خلاف اکثریت طبقے کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے وہ جگ ظاہر ہے کہ ایسا کیوں کیا گیاہے۔ کرناٹک میں ایچ ڈی دیو گوڑاکے پوتے پرجوَل رونّا کی کارکردگی نے نہ صرف کرناٹک بلکہ ملک کی شبیہ کو بین الاقوامی سطح پر مسخ کردیاہے اور قومی جمہوری اتحاد اس کی کارکردگی سے جس طرح ذلیل ہوا ہے اس کی کاٹ کیلئے کرناٹک میں اس طرح کا ماحول بنایا جا رہاہے۔ مسلم اقلیت کو ریزرویشن دینے کے نام پر ’’انڈیا‘‘ اتحاد اور بالخصوص کانگریس کے خلاف اشتعال انگیزی کی جا رہی ہے اور اکثریت طبقے کو مبینہ طورپر یہ سمجھانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے کہ اگر انڈیا اتحاد کی حکومت بن جائے گی تو مسلم طبقے کو سرکاری نوکریوں میں ریزرویشن ملے گا اور اس کا نقصان اکثریت طبقے کے ایس سی، ایس ٹی اور دیگر پسماندہ طبقے کو ہوگا۔ لیکن ایک طرف ہمارے ملک کے وزیر اعظم مسلمانوں کو ریزرویشن دینے کے خلاف اور مسلمانوں کے خلاف اکثریت طبقے کے ذہن میں زہر بھرنے کی کوشش کر رہے ہیں تو دوسری طرف قومی جمہوری اتحاد میں شامل چندرا بابو نائیڈو آندھرا پردیش میں مسلمانوں کیلئے چار فیصد ریزرویشن دینے کا وعدہ کر رہے ہیں۔ ظاہر ہے کہ چندرابابو نائیڈو اس حقیقت سے آگاہ ہیں کہ ان کی ریاست میں وزیر اعظم کی اشتعال انگیزی سے انہیں نقصان ہو سکتا ہے اس لئے وہ قومی جمہوری اتحاد کا حصہ ہوتے ہوئے ہی اپنے موقف میں تبدیلی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ۔ غرض کہ بہار اور آندھرا پردیش میں قومی جمہوری اتحاد میں شامل لیڈران ہی وزیر اعظم کے مسلم مخالف بیان کی حمایت میں کھڑے نظر نہیں آرہے ہیں اور اب تک تین مرحلوں کی ووٹنگ سے بھی یہ ثابت ہو اہے کہ اکثریت طبقے میں بھی وہ جوش وخروش نہیں نظر آرہا ہے جو گزشتہ پارلیمانی انتخاب میں دکھا ئی دے رہا تھا۔ اگرچہ حکمراں جماعت جس طرح کی انتخابی ماحول سازی کو فروغ دے رہی ہے وہ کسی طوربھی ملک کے مفاد میں نہیں ہے اور آئینی طورپر انتخابی ضابطہ اخلاق کی بھی خلاف ورزی ہے۔ لیکن افسوس کا مقام یہ ہے کہ ہمارا آئینی ادارہ انتخابی کمیشن تماشائی ہے اور اب تک محض کاغذی خانہ پُری کر رہی ہے اور جیسے جیسے انتخابی مرحلے آگے بڑھ رہے ہیں ملک میں فرقہ وارانہ منافرت کو بڑھانے کی کوشش ہو رہی ہے اس لئے انتخابی کمیشن کو بھی اپنی آئینی ذمہ داریاں پوری کرنی چاہئے تاکہ بین الاقوامی سطح پر دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کی شناخت قائم رہ سکے۔ واضح ہو کہ انتخابی کمیشن نے جس دن انتخابی عمل کی تاریخ کا اعلان کیا تھا اور دو مہینے تک ملک کو انتخابی عمل سے گزرنے پر مجبور کیا تھا کہ سات مرحلوں کی ووٹنگ دو ماہ کی مدت میں پوری ہوگی اسی دن یہ اندیشہ ظاہر ہوگیا تھا کہ انتخابی عمل کو پورا کرنے میں اتنی طوالت کیوں ہے۔ اب جیسے جیسے پولنگ کے مرحلے طے ہو رہے ہیں ویسے ویسے زمینی حقیقت سے آشنا ہو کر ہمارے لیڈران ایک خاص طبقے کو نشانہ بنانے کو ہی اپنی کامیابی کا آلہ سمجھ رہے ہیں لیکن ملک کے اکثریت طبقے کا عمل قابلِ تحسین ہے کہ وہ اشتعال انگیزی کرنے والے لیڈروں کی امیدوں پر پانی پھیر رہے ہیں ۔ ہندوستان ایک جمہوری ملک ہے اور یہاں تمام سیاسی جماعتوں کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ عوام کے سامنے اپنا مدعا رکھے اور اپنی کامیابی کو یقینی بنائے لیکن اس بات کا بھی خیال رکھا جانا چاہئے کہ ان کے قول وعمل سے کسی طبقے کی دل آزاری نہ ہو اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت و ملک کی سا لمیت کو کسی طرح کا خطرہ لاحق نہ ہو۔ اس لئے کہ ہمارا ملک کثیر المذاہب اور کثیر اللسان بھی ہے اور کثیر السیاسی فکر ونظر کا مسکن بھی۔ اس لئے ہر سیاسی جماعت کو اس بات کو ذہن میں رکھنی چاہئے کہ ہمارے ملک کی تہذیبی شناخت قائم رہے اور ہمارے معاشرے میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم رہے کہ جب تک ملک میں امن وامان نہیں ہوگا ہم ایک ترقی یافتہ ملک کی صف میں کھڑے نہیں ہو سکتے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK