Inquilab Logo

میں بیک وقت مختلف شعبوں میں اپنی خدمات کو انجام دیتا ہوں

Updated: March 07, 2023, 11:59 AM IST | Abdul Karim Qasim Ali | Mumbai

ویب سیریز اورفلم اداکار آکاش دیپ سبیر نے کہا کہ سوشل میڈیا پر کام کرنے کیلئے میری بیوی نے مجھے ترغیب دی،اس کے بعد ہم دونوں نے مزاحیہ ویڈیوز کے ذریعہ شہرت حاصل کی

Akash Deep Saber, who played an important role in Anil Kapoor`s recently released film `The Night Manager`.
آکاش دیپ سیبر جنہوں نےحال ہی میں ریلیز ہونے والی انل کپور کی فلم’’ دی نائٹ منیجر‘‘ میں اہم کردار ادا کیا ہے

آکاش دیپ  سبیرنے فلم انڈسٹری میں اداکاری سے لے کر فلمسازی اور ہدایتکاری کے فرائض بھی انجام دیئے ہیں اور وہ انڈسٹری کے سینئر افراد میں شمار کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے ۱۹۹۸ء میں فلم ’مس ۴۲۰‘ پروڈیوس کی تھی۔ اس سے قبل وہ ’پیار کا روگ‘ کے ہدایتکار بھی رہے تھے۔ ۲۰۱۶ء میں فلم سنتا بنتا پرائیویٹ لمیٹڈ کی فلمسازی کی۔ ۲۰۲۱ء میں انہوں نے طوفان فلم میں ملک کا کردار ادا کیا تھا۔ حال ہی میں ریلیز ہونے والی انل کپور کی فلم دی نائٹ منیجر میں بھی انہوں نے اہم رول نبھایا ہے۔آکاش دیپ  سبیرنے اداکارہ شیبا سے شادی کی تھی اوراس کے بعد ان دونوں کے ویڈیوز سوشل میڈیا پر پسند کئے جاتے ہیں۔ نمائندہ   انقلاب نے آکاش دیپ سبیر کے ساتھ سے بات چیت کی جسے یہاں پیش کیا جارہاہے:
س:اس وقت آپ کہاں مصروف ہیں؟ 
ج:میری ایک فلم اورایک ویب سیریز گزشتہ ماہ ریلیز ہوچکی ہیں اوراب میں چند اشتہاری فلموں میں کام کررہا ہوں۔ مستقبل قریب میں میں اپنے ایک پروجیکٹ کا جلد ہی اعلان کرنے والا ہوں۔  اس میں بحیثیت اداکار شامل نہیں ہوں، اس کے پروڈکشن کی ذمہ داری میرے کندھوں پر ہے۔ ا س کے ساتھ ہی میں دیگر پروجیکٹ میں مصروف ہوں جس کے بارے میں بتانا قبل ازوقت ہوگا۔    
س:آپ فلمساز اور ہدایتکار تھے، پھر اداکاری کی سمت رجحان کس طرح ہوا ؟ 
ج:میں نے ایک دو اسٹیج شوز میں کام کیا تھا اور کاسٹنگ ڈائریکٹر مکیش چھابڑیا کو میرا کام بہت پسند آیا تھا۔ انہوں نے مجھ سے رابطہ کیا کہ میں اپنے کام کے ساتھ اداکاری پر بھی توجہ دوں۔ ان کے کہنے پر ہی میں نے اداکاری کی طرف توجہ دی۔ ان کی وجہ سے ہی میں نے کچھ اچھے رول کئے ہیں۔ چند پروجیکٹس میں کام کرنے کے بعد مجھے یکے بعد دیگرے فلموں اور ویب سیریز کی پیشکش آنے لگی اور  میں اداکاری شعبے میں بھی مصروف ہوگیا۔ فی الحال صورتحال یہ ہے کہ اب فلمساز مجھے مسلسل کام دے رہے ہیں۔   
 س:اس طرح بے شمار صلاحیتوں کے مالک ہونے کے بعد کیا اب بھی کوئی کام کرنے کی خواہش ہے؟
ج:میں نے ہدایتکاری کرلی، فلمسازی میں قسمت آزمائی اور اب اداکاری بھی کررہا ہوں ۔ میں نے کئی اداکاروں اور ڈانسرس کے ٹور فارمنس کی بھی ہدایتکاری کی ہے۔ میں نے چند ایوارڈس فنکشن کی ہدایتکاری کی ہے۔ ٹی وی سے لے کر ویب سیریز میں پردے کے پیچھے مختلف فرائض انجام دیئے ہیں۔ اب آپ ہی بتائیں کچھ اور کام باقی ہے تو میں وہ بھی کرنے کیلئے تیارہوں۔ اس معاملے میں میں ایک بات کہنا چاہوں گاکہ میں ملٹی ٹاسکنگ ہوں اور ہر کام کو بہتر انداز میں مکمل کرنے کی خواہش رکھتاہوں۔میں پورے دن میں چند گھنٹوں کی نیند کرتاہوں اور باقی وقت کام کرنے میں مصروف رہتا ہوں۔ آپ یقین نہیں کریں  گے کہ میں    دن میں ۲۰؍ گھنٹے کام کرتاہوں۔ 
 س:او ٹی ٹی کی وجہ سےکتنی تبدیلیاں دیکھ رہے ہیں ؟
 ج:اوٹی ٹی نے انڈسٹری میں ایک انقلاب برپا کردیا ہے اور ہم وہ تبدیلیاں دیکھ رہے ہیں جس کے بارے میں ہم نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا۔پہلی بات تو اس کے ذریعہ نئی نئی کہانیاں دیکھنے کو مل رہی ہیں۔ اوٹی ٹی نے انڈسٹری کو کتنی ہی نئی صلاحیتیں دی ہیں۔ آج کسی بھی فلم یا ویب سیریز میں آپ کو ایک جیسی کاسٹ نظر نہیں آئے گی۔ ہر شو اور سیریز میںنئے نئے چہرے ہی نظر آتے ہیں۔ حالانکہ اس پرکچھ فحاش مواد بھی دکھایا جارہا تھا لیکن اب وہ بند ہوگیا ہے کیونکہ او ٹی ٹی پر اب سینسر کی نظر ہے۔ تکنیکی طورپر ڈی وی ڈی کا دورختم ہو گیا۔ ایک وقت تھا جب میرے پاس بہت سی سی ڈیز اور ڈی وی ڈی ہوتی تھیں لیکن او ٹی ٹی کے بعد میں نے ہارڈ ڈسک میں ہی ساری چیزیں محفوظ کرنی شروع کردی ہیں۔ ایسی کئی تبدیلیاں رونما ہوئی ہیں اور مجھے نہیں لگتاکہ یہ سلسلہ یہیں ختم ہوگا۔   
س:سوشل میڈیا پر نظر آنے کامنصوبہ کس کا تھا؟ 
ج:یہ میری بیوی اداکارہ شیبا کا منصوبہ تھا۔ انہوں نے ہی مجھے اس بات کی ترغیب دی تھی اور مجھ سے کہا تھا کہ جب وہ ویڈیو بنائیں تو درمیان میں آکر مزاحیہ اداکاری اور مکالمہ ادا کریں۔ہم دونوں نے یہ چیز لاک ڈاؤن میں شروع کی تھی  اور ہمارا مقصد عوام کو تناؤ سے نجات دلانا تھا۔ ہم نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ہمیں اتنی زیادہ لائکس ملیں گی۔ اس کے بعد شیبا نے اس سلسلے کو جاری رکھا تھا۔ میں بھی اپنی مصروفیت کے ساتھ ان کا ساتھ دیتا رہتا ہوں۔ 
س:موجودہ دور کی صلاحیت کے بارےمیں آپ کی کیا رائے ہے ؟
ج:آج کتنے ہی نوجوان فلم انڈسٹری کے افق پر چمک رہے ہیں۔ کبھی کسی نے سوچا نہیں تھاکہ پنکج ترپاٹھی ، نوازالدین  صدیقی اور وکی کوشل بھی اتنے کامیاب رہیں گے۔ ان کے ساتھ ہی بہت سے ایسے اداکار ہیں جو سائیڈ رول میں بھی آکرخود کی شناخت قائم کرچکے ہیںجن میں وجے ورما کانام بھی شامل ہے۔ آج انڈسٹری میں خوبرو ہونا ہی اہم نہیں ہے بلکہ آپ نے اداکاری کی صلاحیت ہونی ضروری ہے۔ آج کسی کہانی کا ہیرو لیدر کا جیکٹ اور جینس پہن کر نہیں آتا بلکہ اس کا انداز ہی یکسر بدل گیا ہے۔ انڈسٹری میں نئی صلاحیتوں نے اپنا لوہا منوایا ہے اور وہ مسلسل اچھا کام کررہے ہیں۔
س:آج کل بالی ووڈ کی فلموں کے  بائیکاٹ کا جو سلسلہ سا چلاہے، اس معاملے میں آپ کی کیا رائےہے؟
 ج :میرے نزدیک یہ بہت ہی غلط قدم  ہے۔اس کی وجہ سے میری ایک فلم کا بھی بائیکاٹ کیا گیاتھا جس کی وجہ سے وہ فلم ۷۵؍ فیصدسنیما گھروں میں ریلیز نہیں ہوسکی تھی۔ بائیکاٹ کرنے والوں کو یہ تک پتہ نہیں ہوتا کہ ان فلموں اور ویب سیریز کے ذریعہ کئی افراد کو روزگارملتا ہے اور ان کے گھرکا چولہا جلتاہے۔ کئی بار ڈیبیٹ پروگرام میںمیں یہ بات کہہ چکا ہوں۔ میںچاہتاہوںکہ ایسے افراد کو بائیکاٹ کرنے سے پہلے سوچنا چاہئے کہ ان کا یہ قدم کتنا صحیح ہے ۔
س:اپنی فٹنیس کے تعلق سے کتنے باخبر ہیں؟
 ج :میری عمر ۵۰؍ برس سے زیادہ ہوگئی ہے اوراس عمر میں صحت کے تعلق سے زیادہ محتاط رہنا ہوتاہے۔ حالانکہ میری بیوی شیبا گھنٹوں ورزش اور دوسری فٹنیس ایکسرسائز کرتی رہتی ہیں اور اسے دیکھ کر لگتاہے کہ میں اس کی محنت ضائع کردیتا ہوں۔ بہرحال ان کے کہنے پر ہی میں نے اپنی صحت کی طرف توجہ دینی شروع کر دی ہے۔اپنے کھانے اور پینے پر زیادہ دھیان دے رہاہوں ۔ اپنا وزن بھی کم کرچکا ہوں۔ اب مجھ سے جیسے اداکار کیلئے جو رول معقول ہوتے ہیں وہ مجھے مل جاتے ہیں اور اس میں مجھے صحت کے تعلق سے زیادہ پریشان نہیں ہونا ہوتا۔

Akash Deep Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK