• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہماری خاموشی کسی کی تکلیف کی وجہ بن سکتی ہے

Updated: November 20, 2026, 5:13 PM IST | Mudassir Ahmad Qasmi | Mumbai

زبان کا صحیح استعمال نہ کرنا اور اختیار ہونے نیز موقع و محل کے باوجود خاموشی اختیار کر لینا اس عظیم نعمت کی ناشکری ہے۔

Islam has taught Muslims to share in one another’s pain and suffering. Image: INN
اسلام نے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے کی تعلیم دی ہے۔ تصویر: آئی این این

اللہ نے انسان کو زبان جیسی عظیم نعمت عطا فرمائی ہے تاکہ وہ اس کا صحیح استعمال کرکے دین و دنیا کی بھلائی حاصل کر سکے، حق کا اظہار کرے، خیر کی دعوت دے، مظلوم کی حمایت کرے، غمزدہ کو تسلی دے اور بھٹکے ہوئے انسانوں کی رہنمائی کرے۔ زبان محض اظہارِ خیال کا ذریعہ نہیں بلکہ اللہ کی عطا کردہ ایک ایسی امانت ہے جس کے استعمال کے متعلق انسان سے باز پرس ہوگی۔ اس لئے جہاں زبان کا غلط استعمال گناہ اور دوسروں کی تکلیف کا سبب بن سکتا ہے، وہیں اس کا صحیح استعمال نہ کرنا اور موقع و محل کے باوجود خاموشی اختیار کر لینا بھی اس عظیم نعمت کی ناشکری ہے۔

اللہ نے سورۂ بلد میں انسان پر اپنے احسانات کا تذکرہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا: ’’کیا ہم نے اسے دو آنکھیں نہیں دیں؟ اور ایک زبان اور دو ہونٹ؟‘‘ (آیات ۸، ۹)۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ زبان کا وجود اور اس کی صلاحیت انسان کیلئے اللہ کا عظیم انعام ہے۔ اب یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس نعمت کو خیر، حق، محبت اور اصلاح کیلئے استعمال کریں نہ کہ اسے صرف دنیاوی گفتگو تک محدود رکھیں یا ضرورت کے وقت خاموش رہ کر اپنی ذمہ داری سے پہلو تہی کریں۔ افسوسناک ہے کہ ہم زبان کے استعمال میں بسا اوقات افراط و تفریط کے شکار ہو جاتے ہیں۔ چنانچہ جہاں نہیں بولنا چاہئے وہاں بے جا بولتے ہیں، دوسروں کی غیبت، عیب جوئی، دل آزاری اور غیر ضروری تنقید کا ذریعہ بنتے ہیں جبکہ جہاں بولنا ضروری ہوتا ہے وہاں مصلحت، خوف یا بے پروائی کے نام پر خاموشی اختیار کر لیتے ہیں۔ اسلئے رسولؐ نے زبان کے صحیح استعمال کی تعلیم دیتے ہوئے فرمایا: ’’جو شخص اللہ اور یومِ آخرت پر ایمان رکھتا ہو، اسے چاہئے کہ اچھی بات کہے یا خاموش رہے۔‘‘ (البخاری)۔ اس حدیث کا تقاضا ہے کہ ہماری زبان سے خیر ہی خیر نکلے اور فضول و نقصاندہ گفتگو سے ہم خود کو محفوظ رکھیں مگراس کا مطلب یہ ہرگز نہیں کہ ہر موقع پر خاموشی ہی اختیار کر لی جائے۔ جب حق کہنے، مظلوم کی حمایت کرنے اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے کا موقع ہو تو خاموشی مناسب نہیں۔ رسولؐ نے فرمایا: ’’افضل ترین جہاد ظالم حکمراں کے سامنے انصاف کی بات کہنا ہے۔‘‘ (سنن ابی داؤد)۔ یا درہے کہ اسلام نہ بے لگام گفتگو کی تعلیم دیتا ہے اور نہ بزدلانہ خاموشی کی بلکہ موقع و محل کے مطابق حق گوئی، حکمت اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کی تلقین کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: حیا منکرات کیلئے حفاظتی حصار ہے

بولنے اور خاموشی اختیار کرنے کے تعلق سے ایک اہم بے ترتیبی ہماری زندگی میں یہ بھی پائی جاتی ہے کہ ہم چھوٹی چھوٹی باتوں پر اپنے رشتے داروں، احباب اور قریبی تعلق رکھنے والوں سے بے رخی اختیار کر لیتے ہیں، بات چیت بند کر دیتے ہیں اور خاموشی کی ایک ایسی دیوار کھڑی کر دیتے ہیں جسے گرانا مشکل ہو جاتا ہے۔ کبھی ایک معمولی اختلاف، کبھی کسی بات کا برا مان جانا، کبھی انا کا مسئلہ اور کبھی کسی کی غیر ارادی غلطی برسوں پرانے تعلقات میں دراڑ ڈال دیتی ہے۔ حالانکہ رشتوں کی خوبصورتی اسی میں ہے کہ انسان ایک دوسرے کی لغزشوں کو برداشت کرے، غلط فہمیوں کو گفتگو کے ذریعے دور کرے اور محبت کے رشتوں کو انا کی بھینٹ نہ چڑھائے۔ رسولؐ نے اس سلسلے میں نہایت واضح ہدایت دیتے ہوئے فرمایا: ’’کسی مسلمان کیلئے جائز نہیں کہ وہ اپنے بھائی سے تین راتوں سے زیادہ قطع تعلق رکھے، اس طرح کہ دونوں ملیں تو ایک اس سے منہ پھیر لے اور دوسرا اس سے منہ پھیر لے، اور ان دونوں میں بہتر وہ ہے جو سلام میں پہل کرے۔‘‘ (مسلم)۔ اس حدیث میں سبق ہے کہ تعلقات کو بچانے کیلئے پہل کرنے میں عار محسوس نہیں کرنی چاہئے۔ زندگی میں ایسے مواقع بھی آتے ہیں جب کسی انسان کو ہماری تسلی، ہمدردی اور غم خواری کی شدید ضرورت ہوتی ہے۔ ممکن ہے کہ ہم اس کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہ رکھتے ہوں، اس کی مالی مدد نہ کر سکتے ہوں یا اس کی پریشانی کا کوئی عملی حل ہمارے پاس نہ ہو، لیکن ہمارے چند حوصلہ افزا الفاظ، محبت بھرا لہجہ اور خلوص سے ادا کئے گئے تسلی کے جملے اس کیلئے بڑی طاقت بن سکتے ہیں۔

اسلام نے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونے اور باہمی ہمدردی کا ماحول پیدا کرنے کی تعلیم دی ہے۔ رسولؐ نے فرمایا: ’’مومنوں کی باہمی محبت، رحمدلی اور ہمدردی کی مثال ایک جسم کی طرح ہے۔‘‘ (مسلم)

جس طرح جسم کے ایک عضو کو تکلیف پہنچنے پر پورا جسم بے چین ہو جاتا ہے، اسی طرح ایک مومن کو دوسرے مومن کے دکھ سے بے تعلق نہیں رہنا چاہئے۔ لہٰذا کسی غم زدہ شخص کے پاس دو ہمدردانہ جملے کہہ دینا، کسی پریشان حال کو حوصلہ دینا اور کسی مایوس انسان کے دل میں امید جگانا محض اخلاقی خوبی نہیں بلکہ ایک دینی و انسانی ذمہ داری بھی ہے۔

اسی طرح جب ہمارے معاشرے میں کوئی شخص اچھا کام انجام دے، کوئی نوجوان مثبت سرگرمی میں حصہ لے، کوئی استاد تعلیمی میدان میں نمایاں خدمت انجام دے یا ہمارے طلبہ محنت کرکے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کریں تو ایسے مواقع پر بھی خاموشی اختیار نہیں کرنی چاہئے۔ تعریف اور حوصلہ افزائی کے چند مخلصانہ الفاظ کسی انسان کے اندر نئی توانائی پیدا کر سکتے ہیں۔ افسوس کہ بعض اوقات ہم دوسروں کی کامیابی دیکھ کر خاموش ہو جاتے ہیں، گویا ان کی تعریف کرنے سے ہماری اپنی اہمیت کم ہو جائے گی۔ بعض لوگ تو دوسروں کی خوبیوں کا اعتراف کرنے کے بجائے ان میں خامیاں تلاش کرنے لگتے ہیں۔ یہ رویہ نہ صرف ہماری اخلاقی کمزوری کی علامت ہے بلکہ معاشرے میں مثبت سرگرمیوں کی حوصلہ شکنی کا سبب بھی بنتا ہے۔ 

معاشرے کا ایک افسوسناک پہلو یہ بھی ہے کہ کبھی کمزوروں پر طاقتور ظلم کرتے ہیں، کسی غریب کا حق مارا جاتا ہے، کسی بے سہارا کو ستایا جاتا ہے یا کسی بے قصور کے ساتھ ناانصافی ہوتی ہے، لیکن بہت سے لوگ یہ سوچ کر خاموش رہ جاتے ہیں کہ اس معاملے کا براہِ راست ہم سے کوئی تعلق نہیں۔ چنانچہ ہم اپنی مصلحتوں کی چادر اوڑھ کر بیٹھ جاتے ہیں حالانکہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا صرف مظلوم کا حق نہیں بلکہ ہر صاحبِ ضمیر انسان کی اخلاقی ذمہ داری ہے۔ 

چونکہ یہ سوشل میڈیا کا دور ہے اس لئے زبان کے استعمال اور خاموشی کی ذمہ داری عام محفلوں تک محدود نہیں رہی۔ سوشل میڈیا کے ذریعے کہیں جھوٹ پھیلایا جاتا ہے، کہیں کسی کی عزت اچھالی جاتی ہے، کہیں دین کے بارے میں غلط فہمیاں پیدا کی جاتی ہیں اور کہیں کمزوروں کے حقوق پامال کئے جاتے ہیں۔ ایسے مواقع پر ہماری خاموشی اگر غلط بات کو فروغ دینے اور لوگوں کو گمراہ ہونے دینے کا سبب بن رہی ہو تو ہمیں حکمت کے ساتھ اپنی خاموشی توڑنی چاہئے۔ زندگی میں صرف یہ اہم نہیں کہ ہم کیا کہتے ہیں بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ ہم کب بولتے ہیں اور کب خاموش رہتے ہیں۔ یاد رکھئے! کبھی ایک درست جملہ کسی کی زندگی بدل دیتا ہے اور کبھی ایک بے موقع خاموشی کسی کا دل زخمی کرسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK