• Fri, 20 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۲۰۷۰ء تک ہندوستان میں ہندو ۷۵؍ فیصد اور مسلمان۲۰؍ فیصد ہوںگے

Updated: November 20, 2026, 1:32 PM IST | Agency | New Delhi

’پیو ریسرچ‘ کا اندازہ، ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی ہندو آبادی والا ملک برقرار رہے گا جبکہ یہاں پاکستان کےبعد مسلمانوں کی دوسری سب سے بڑی آبادی ہوگی۔

The proportion of Muslims in India`s population will increase. Image: INN
ہندوستان کی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب بڑھےگا۔ تصویر: آئی این این

پیو ریسرچ سینٹر کی تازہ تحقیق   نے ہندوستان میں مسلمانوں کی آبادی سے ڈرانے والوں کو جھوٹا ثابت کردیاہے۔  رپورٹ میں اندازہ لگایا گیا ہے کہ آئندہ۵؍ دہائیوں  کے بعد بھی ہندوستان ۷۵؍ فیصد ہندو آبادی کے ساتھ ہندو اکثریتی ملک   ہی رہے گا ۔اس دوران ہندوؤں اور مسلمانوں دونوں کی آبادی میں اضافہ ہوگا تاہم ملک کی مجموعی آبادی میں مسلمانوں کا تناسب۴؍ فیصد تک بڑھے گا۔ 

رپورٹ کے مطابق ۲۰۷۰ء تک ہندو ملک کا سب سے بڑا مذہبی گروہ برقرار رہیں گے لیکن ان کی آبادی کا تناسب   ۲۰۲۰ء  کے  ۴ء۷۹؍ فیصد  سے گھٹ کر ۸ء۷۵؍ فیصد رہنے کا امکان ہے۔ اس کے برعکس مسلمانوں کا تناسب ۲ء۱۵؍ فیصد سے بڑھ کر ۶ء۱۹؍ فیصد ہوسکتا ہے۔  پیو ریسرچ کی رپورٹ ’دی فیوچر آف ورلڈ ریلیجنس: پاپولیشن گروتھ پروجیکشن، ۲۰۲۰ء-۲۰۷۰ء‘ میں ہندوستان سمیت ۲۰۱؍ ممالک میں مذہبی آبادی کے ممکنہ رجحانات کا جائزہ لیا گیا ہے۔  رپورٹ کے مطابق ۲۰۷۰ء تک ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی ہندو آبادی والا ملک برقرار رہے گا جبکہ یہ مسلمانوں کی تعداد کے اعتبار سے پاکستان کے بعد دوسرے مقام پر ہوگا۔ تحقیق میں کہا گیا ہے کہ مسلمانوں کی آبادی کا تناسب بڑھنے کی بنیادی وجوہات ان کی نسبتاً کم عمر آبادی اور ہندوؤں کے مقابلہ میں شرحِ پیدائش کا زیادہ ہونا  ہے۔ اگرچہ ہندوستان میں تمام مذہبی برادریوں میں شرحِ پیدائش گزشتہ چند دہائیوں کے دوران کم ہوئی ہے تاہم مسلمانوں میں فی خاتون بچوں کی اوسط تعداد  اب بھی ہندوؤں سے زیادہ ہے۔ رپورٹ کے مطابق عمر کے اس فرق اور شرحِ پیدائش کے باعث مسلمانوں کی آبادی نسبتاً تیزی سے بڑھنے کا امکان ہے۔ 

پیو ریسرچ کے اندازوں کے مطابق ۲۰۲۰ء میں ہندوستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً  ۳ء۲۱؍  کروڑ تھی جو ۲۰۷۰ء تک بڑھ کر ۴ء۳۳؍ کروڑ ہوسکتی ہے۔ اس وقت پاکستان میں مسلمانوں کی تعداد تقریباً ۱ء۴۶ ؍کروڑ رہنے کا امکان ہے۔ انڈونیشیا، جو فی الحال دنیا کی سب سے بڑی مسلم آبادی والا ملک ہے، اس فہرست میں تیسرے مقام پر آسکتا ہے۔ ۲۰۲۰ء میں ہندوستان میں ہندوؤں کی تعداد تقریباً ۱۱۱؍ کروڑ تھیجو  ۲۰۷۰ء تک بڑھ کر تقریباً ۱۲۹؍ کروڑ ہوسکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK