Updated: November 19, 2026, 7:34 PM IST
| New Delhi
فرید آباد جیل میں شادی سے محض پندرہ روز قبل ۲۲؍ سالہ نوجوان ریحان علی کی مشکوک موت کے بعد اہلِ خانہ نے پولیس پر حراستی تشدد، بھتہ خوری اور سنگین غفلت کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔ امروہہ کے رہائشی خاندان کا دعویٰ ہے کہ ڈکیتی کے مبینہ مقدمے میں گرفتاری کے بعد ریحان کو بجلی کے جھٹکے اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا جبکہ خاندان سے ۸ء۱۸؍ لاکھ روپے بھی وصول کئے گئے۔ اہلِ خانہ نے جسم پر جلنے اور زخموں کے نشانات کا حوالہ دیتے ہوئے واقعے کی منصفانہ تحقیقات اور ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
شادی سے محض چند ہفتے قبل ۲۲؍ سالہ مسلم نوجوان ریحان علی کی فرید آباد جیل میں موت ہو گئی۔ اہلِ خانہ نے الزام لگایا ہے کہ پولیس حراست میں ریحان کو وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا، جلایا گیا اور بجلی کے جھٹکے دئیے گئے، جبکہ خاندان سے زبردستی ۸ء۱۸؍ لاکھ روپے وصول کئے گئے۔ شادی میں صرف ۱۵؍ دن باقی تھے۔ اترپردیش کے ضلع امروہہ کے گاؤں جیتولی میں تمام انتظامات مکمل ہو چکے تھے اور خاندان خوشیوں کی تیاریوں میں مصروف تھا، لیکن اب وہاں صفِ ماتم بچھی ہوئی ہے۔ ۲۲؍ سالہ ریحان علی ۱۲؍ نومبر کو فرید آباد جیل میں دم توڑ گیا۔ اہلِ خانہ نے پولیس پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ خاندان کے دیگر افراد کو جھوٹے مقدمات میں پھنسانے اور جیل بھیجنے کی دھمکی دے کر ان سے ۸ء۱۸؍ لاکھ روپے بٹورے گئے۔ ریحان کے چچا نوشاد علی نے کہا،’’تمام تیاریاں ہو رہی تھیں، سب خوش تھے، اب ہم ماتم کر رہے ہیں۔ کسے معلوم تھا کہ ہماری خوشیاں غم میں بدل جائیں گی؟‘‘ریحان کو فرید آباد کرائم برانچ نے ۱۸؍ اکتوبر کو مبینہ طور پر ۴ء۱؍ کروڑ روپے کی ڈکیتی کے ایک مقدمے میں گرفتار کیا تھا، تاہم اہلِ خانہ اس واردات میں ان کے کسی بھی کردار سے انکار کرتے ہیں۔ نوشاد علی نے `مکتوب میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ پولیس پہلے ریحان کو یہ یقین دہانی کرا کر لے گئی تھی کہ پوچھ گچھ کے بعد چھوڑ دیا جائے گا، لیکن اس کے برعکس ان پر تشدد کیا گیا اور خاندان سے پیسوں کا مطالبہ شروع کر دیا گیا۔ نوشاد کے مطابق، پولیس نے ریحان کے بڑے بھائی قاسم اور والد عبدالستار کو بھی اٹھالیا اور پورے خاندان کو پھنسانے کی دھمکی دیتے ہوئے رہائی کے بدلے پیسوں کا انتظام کرنے کیلئے دباؤ ڈالا۔ انہوں نے بتایا،’’انہوں نے پہلے بھائی اور پھر والد کو اٹھایا، تھانے میں رکھ کر مارا پیٹا اور کہا کہ یا تو ۱۸؍ لاکھ روپے دو ورنہ جیل بھیج دیں گے۔ انہوں نے دھمکی دی کہ ریحان کو پیٹا جائے گا اور ہمیں ۱۰؍ سال کی سزا ہو جائے گی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے: ’’گورکھپور میں بی جے پی کو ’ڈبل انجن‘ نہیں ’ڈبل زیرو‘ ملے گا‘‘
نوشاد نے الزام لگایا کہ دارا سنگھ نامی ایک پولیس افسر نے قسطوں میں رقم کا مطالبہ کیا۔ خاندان نے پہلے ۸ء۱۲؍ لاکھ روپے دئیے، جس کے بعد قاسم اور عبدالستار کو رہا کیا گیا، لیکن پھر پولیس نے مزید ۶؍ لاکھ روپے مانگے۔ نوشاد کے مطابق،’’میرے بھائی کے پاس کوئی پیسہ نہیں بچا تھا۔ انہوں نے گاؤں والوں سے قرض لیا اور آخر کار باقی رقم کا انتظام کرنے کیلئے اپنی چار بیگھہ زمین بیچ دی۔‘‘ نوشاد نے الزام لگایا کہ ریحان کو بجلی کے جھٹکوں اور مار پیٹ سمیت شدید جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور جب تک انہیں جیل بھیجا گیا، ان کی حالت انتہائی بگڑ چکی تھی۔ جیل سے ریحان نے اپنے گھر والوں کو فون کر کے بتایا کہ زخموں کی وجہ سے وہ نہ ٹھیک سے کھا سکتے ہیں، نہ کھڑے ہو سکتے ہیں اور نہ ہی بیٹھ سکتے ہیں اور اپنی جان بچانے کی التجا کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ڈر ہے کہ وہ مر جائیں گے۔ نوشاد نے بتایا، ’’انہوں نے اپنی ماں کو بتایا کہ ان کی طبیعت بہت خراب ہے اور والد کو ملنے کیلئے بلایا۔ انہوں نے کہا کہ انہیں بری طرح پیٹا گیا ہے، ہاتھ پیر ٹوٹ گئے ہیں۔‘‘ اہلِ خانہ نے علاج کیلئے عدالت سے رجوع کیا، جس پر عدالت نے ایمس میں علاج کی اجازت دی۔ نوشاد نے یہ الزام بھی لگایا کہ ریحان نے گھر والوں کو بتایا تھا کہ حراست میں انہیں زبردستی تیزاب پلایا گیااور جب خاندان نے سی سی ٹی وی فوٹیج مانگی تو پولیس نے دعویٰ کیا کہ کیمرے کام نہیں کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: وزیراعظم نریندر مودی نے GTA 6 کی لانچنگ کے موقع پر ۱۳؍ سالہ ترقی کو اجاگر کیا
۱۲؍ نومبر کو اہلِ خانہ کو فون پر ریحان کی موت کی اطلاع دی گئی۔ وہ بتائے گئے مقام پر پہنچے لیکن لاش نہیں ملی، بعد میں انہیں پوسٹ مارٹم کے بعد ۱۴؍ نومبر کی صبح لاش لینے کیلئے بلایا گیا۔ نوشاد کے مطابق، جب انہوں نے لاش دیکھی تو جسم پر ہر جگہ کٹنے اور جلنے کے نشانات تھے اور انگلیاں اور پاؤں بری طرح زخمی تھے۔ خاندان نے لاش کی ویڈیوز بنائیں اور حکام سے زخموں کے بارے میں سوال کیا۔ نوشاد نے بتایا،’’ویڈیو بناتے وقت انہوں نے ہمیں ریحان کے پاؤں ٹھیک سے نہیں دکھائے۔ جب ہم نے بعد میں لاش دیکھی تو ان کے پاؤں بری طرح جلے ہوئے تھے، گوشت خراب ہو چکا تھا، جسم پر ہر طرف کٹ لگے تھے اور انگلیوں کی حالت بھی انتہائی خراب تھی۔‘‘ ان کے مطابق، خاندان کو ان زخموں کی کوئی تسلی بخش وضاحت نہیں دی گئی ہے اور موت کی وجوہات مشکوک ہیں۔ نوشاد نے مزید الزام لگایا کہ قاسم کا دارا سنگھ نامی افسر کے ساتھ پہلے بھی ایک تنازع چل رہا تھا، جس میں پیسے لینے کے الزامات پر شکایت درج کرائی گئی تھی اور اس تنازع کے مخالف فریق سے جڑے لوگ اس ساری کارروائی میں ملوث تھے۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ریحان کا اس پرانے تنازع یا کسی بھی جرم سے کوئی لینا دینا نہیں تھا۔ ریحان کی موت نے پورے خاندان کو توڑ کر رکھ دیا ہے۔ نوشاد نے کہاکہ، ’’ ۱۵؍ دن بعد شادی تھی، سب کچھ تباہ ہو گیا۔ ان کی ماں اور گھر والوں کی حالت بہت خراب ہے، وہ کھانا تک نہیں کھا پا رہے ہیں۔‘‘ اہلِ خانہ نے حراستی تشدد، بھتہ خوری اور سنگین غفلت کے الزامات عائد کرتے ہوئے ذمہ دار پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے، تاہم خبر شائع ہونے تک پولیس کی جانب سے ان الزامات پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا تھا۔ نوشاد نے آخر میں کہا، ’’ہم صرف اس معاملے کی منصفانہ تحقیقات چاہتے ہیںاور جو بھی اس کے ذمہ دار ہیں انہیں سزا ملنی چاہئے۔‘‘