Inquilab Logo

مدنپورہ: ایک محمد علی روڈ یہاں بھی آباد ہوگیا ہے....

Updated: March 23, 2024, 1:09 PM IST | Azhar Mirza | Mumbai

دسویں تراویح کے بعد کا وقت ہے۔  مدنپورہ ناکہ جگمگارہا ہے۔ ٹریفک رواں  دواں  ہے۔ باباسرور لائبریری سے متصل مفیدالیتٰمی ٰ(یتیم خانہ) کے چھوٹے سے شامیانے سے ریکارڈ شدہ اپیل جاری ہے۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

دسویں تراویح کے بعد کا وقت ہے۔  مدنپورہ ناکہ جگمگارہا ہے۔ ٹریفک رواں  دواں  ہے۔ باباسرور لائبریری سے متصل مفیدالیتٰمی ٰ(یتیم خانہ) کے چھوٹے سے شامیانے سے ریکارڈ شدہ اپیل جاری ہے۔ یہ وہی چوراہا ہے جہاں  شامی گیسٹ ہاؤس اور اقبال کمالی (ہوٹل جو اَب چائنیز کھانوں  کا مرکز بن گیا ہے) واقع ہے۔ عام دنوں میں  بھی اس چوراہے پر خوب ہلچل رہتی ہے۔ رمضان کا تو حال ہی نہ پوچھئے۔ یہ پورا علاقہ پررونق بازار بن جاتا ہے۔ یہاں  کھڑے ہوکر آپ جدھر نظر دوڑائیں گے، دکانیں  اور اسٹال ہی نظر آئیں گے۔ عصر سے مغرب تک یہاں  افطار بازار سجتا ہے۔ 
  ایک طرف شیخ حفیظ الدین مارگ ہے جہاں  جوہراسلام، کھچڑی والا، دہلی خاص جیسی ہوٹلیں  واقع ہیں اور الطاف بھائی و دیگر کے کھانوں  کے باکڑے اور رمضانی اسٹال بھی آباد نظر آئیں گے۔ یہیں  نور محمدی کا مالپوہ اسٹال بھی ہر رمضان میں  لوگوں  کی توجہ کا مرکز ہوتا ہے۔ سانکلی اسٹریٹ سے متصل یہ روڈ اب عبایہ اور برقعوں  کی دکانوں  کا بھی مرکز بن رہا ہے۔ دوسری طرف مولانا آزاد روڈ ہے، اس کی بات کریں   تو جھولا میدان سے لے کرناگپاڑہ جنکشن تک اس روڈ پر دکانیں  ہی دکانیں  ہیں۔ لیکن رمضان میں ان دکانوں  کے ساتھ ساتھ باکڑا دکانوں  کے اضافے سے یہ روڈمزید مصروف ہوجاتا ہے۔ یہاں ہر قسم کی دکانیں  سجتی ہیں۔ جن پر کچے کپڑوں  سے لے کر ریڈی میڈ کپڑے اور بچوں  سے لے کر بڑوں  کے جوتے چپل تک مل جائیں  گے۔ یہی نہیں لنگی، ٹوپی، موزے سمیت ہر چیز یہاں   دستیاب ہے۔ سیوئیاں، میوہ جات، کھجور جو چاہئے سب ملے گا۔ آپ یہاں  ایک چکر لگالیں  گے تولگے گا کہ ایک محمد علی روڈ یہاں  بھی آباد ہے۔ آس پاس کا بھی حال سن لیجئے۔ گوشت بازار سے ہوکر آپ مورلینڈ روڈ  پہنچیں  گے تو یہاں  بھی ایسا ہی کچھ نظارہ دیکھنے کو مل جائےگا۔ یہ کیاہم تو کالا پانی کا ذکر کرنا ہی بھول گئے۔ یہ بھی رمضان میں خوب آباد رہتا ہے۔ کالا پانی کی’ کیٹررس گلی‘ تو سال بھر آباد رہتی ہے۔ رمضان میں  اس کی رونق دوبالا ہوجاتی ہے۔ دال گوشت، بریانی، کھچڑا، کباب، جو چاہئے سب مل جائے گا۔ یہاں  سے لکھ پتی ہوٹل اور آس پاس کے علاقے کی طرف جائیں   گے تو یہ بھی بھراپرا نظر آئے گا۔ 
  ہم دوبارہ مدنپورہ ناکے پر لوٹتے ہیں۔ جائزےکیلئے ڈائری نگار نے عرب مسجد کی گلی کا رخ کیا۔ غفور شکور کے باکڑے سے گزرا تو لوگ لذت کام و دہن میں  مصروف نظر آئے۔ آگے سیخ پراٹھے کی دکان پر بھی بھیڑ لگی ہوئی تھی۔ عرب مسجد میں  تراویح ختم ہوچکی تھی لیکن مسجد آباد تھی۔ 
  آگے سے گلی کا موڑ لے کر جھولا میدان پہنچا۔ سیوئیوں  اور سوتر پھینی کے بڑے سے اسٹال پر چیزیں  قرینے سے سجی ہوئی تھیں۔ ڈائری نگار نے سنی بڑی مسجد(ہری مسجد) کی طرف کا رخ کیا۔ آگے بڑھتے ہوئے راستے کے دونوں  جانب دیکھا تو چھوٹی موٹی دکانیں  سجی ہوئی تھیں۔ جہاں جوتے، چپل، پرس، کپڑے، چوڑیاں وغیرہ موجود تھے۔ قمقموں  سے سجا ہری مسجد کا گنبد روشنیاں بکھیررہا تھا۔ یہاں  بھی تلاوت و نماز میں  لوگ مصروف تھے۔ گوشت بازار کے کونے پر کچے کپڑوں  کی جگ مگ کرتی دکانوں  پر ہماہمی تھی۔ یوپی ڈیری کے پاس عرفان چچا کا باکڑا لگاہوا تھا۔ پلاؤ کے بھگونے میں  چچا سردئیے نظر آئے۔ کئی گاہک اپنی باری کے منتظرتھے۔ کوئی قیمہ کیلئے کھڑا تھا، کوئی بھیجے کیلئے۔ ڈائری نگار نے گوشت بازار میں قدم رکھا۔ گلی میں  چہل پہل تھی۔ یہاں  کے دونوں  چائے خانے آباد تھے۔ ان میں  سے ایک چائے خانے کانام بڑا دلچسپ ہے۔ پہلے پہل ہم نے سنا تھا تو ہم بھی مسکرادئیے تھے۔ وہ نام ہے’الّو کی ہوٹل‘۔ اب یہ نام کیسے پڑا ہمیں  اس کا علم نہیں۔ اس ’نام کرن‘پرپھر کبھی تحقیق ہوگی۔ کوئی ساتھی نہ تھا اسلئے چائےنوشی کی خواہش کو ٹال دینا پڑا۔ چلتے چلتے ’امپریس ‘اور ’ناز‘ پر نظریں  دوڑالیں۔ کپڑے سلوانے کیلئے ان دونوں  دکانوں  پر گاہک موجود تھے۔ ٹیلر ماسٹرناپ لیتے نظر آئے۔ اس کا مطلب تھا کہ ہاؤس فل کی تختی ابھی لگائی نہیں  گئی ہے۔ یہ دیکھ کر اچھا لگا کہ’ریڈی میڈ‘کے دور میں  بھی کپڑے سلواکر پہننے کا رجحان ابھی برقرار ہے۔ خیر، ڈائری نگار چپ چاپ گلی سے نکل آیا۔ اگر آپ بھی کپڑے سلواکر پہننے کے عادی ہیں  تو ذرا اپنے درزیوں کی خیر خبر لیجئے۔ ایک عشرہ مکمل ہوچکاہے۔ اگر ہاؤس فل کی تختی لگ گئی تو پھر آپ اپنے چہیتے ٹیلر ماسٹر کی لاکھ منتیں سماجتیں کرلیں آپ کا کام نہ بن پائے گا۔ کیونکہ آپ ہی کی طرح سلے ہوئے کپڑے پہننے والے ان کے اور بھی تو چاہنے والے ہوں گے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK