Inquilab Logo

معصوم جذبات کا ترجمان یہ مراٹھی گیت اپنی مثال آپ ہے

Updated: August 28, 2023, 3:19 PM IST | Pradeep Niphadkar | Mumbai

مراٹھی کے مشہور لوک گیتوں کے اردو ترجمے کی آٹھویں قسط میں آشا بھو سلے کی گلوکاری اور شرینواس کھلے کی موسیقی سے سجے اس گیت میں بچپن کی شوخی کا ہر رنگ موجود ہے

Gori Gori Pangeet was written by Madgulkar (inset) keeping children in mind.Photo. INN
’گوری گوری پان ‘ گیت بچوں کو ذہن میں رکھ کر ماڈگلکر(انسیٹ) نےلکھا تھا ۔ تصویر:آئی این این

ایک شاعر دوست نے درخواست کی ہے کہ ’گوری گوری پان ،فلاسارکھی چھان ‘ اس گانے کا ترجمہ پیش کیجئے۔ اس لئے اس ہفتے ہم ان کی درخواست پر یہی گانا پیش کررہے ہیں ۔ مراٹھی زبان میں بچوں کے کئی بہترین گانے ہیں اوران میں سے یہ گانا کافی پسند کیا جاتا ہے۔ یہ گیت مراٹھی کے مشہور گیت کار گجانن دگمبرماڈگلکر (گ دی ماڈگلکر) نے لکھا تھا جنہیں پیار سے ’گدیما ‘ کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ مراٹھی فلموں کے لئے انہوں نے بہت سے گانے لکھے اور ان کا’گیت رامائن ‘ بھی کافی مشہور ہوا تھا ۔ اگر آپ ہندی فلموں کے مداح ہیں تو ماڈگلکر جی کو گونج اٹھی شہنائی ، دو آنکھیں بارہ ہاتھ، کے کہانی کار کی حیثیت سے جانتے ہی ہوں گے۔مراٹھی کے مشہور گلوکار اور موسیقار شرینواس کھلے نے اس گیت کو موسیقی سے سجایا ہے۔ شرینواس کھلے کا ایک گیت ہم اسی کالم میں دیکھ چکے ہیں جو تھا ’ شراونات دھن نیلا برسلا ‘۔زیر نظر گیت یعنی گوری گوری پان کو اپنی آواز سے سجایا ہے آشا بھوسلے نے اور ان کے بارے میں ہمیں کچھ کہنے کی ضرورت نہیں ہے کیوں کہ وہ گلوکاری کے میدان کی شہسوار ہیں ۔ آئیے گانا دیکھتے ہیں :
گوری گوری پان ، پھلاسارکھی چھان 
دادا، ملا ایک وہنی آن 
(گورے گورے رنگوں کی اور پھول کی طرح خوبصورت بھابھی مجھے لادو میرے بھیا ۔ مراٹھی میں بڑے بھائی کو’دادا ‘ کہا جاتا ہے۔ ایک چھوٹی لڑکی اپنے بڑے بھائی سے کہتی ہے کہ میرے لئے بھابھی لے آئولیکن وہ کیسی چاہئے یہ بھی وہ بتارہی ہے۔ اسے بھابھی صرف گوری چٹی نہیں چاہئے بلکہ وہ پھول کی طرح خوبصورت بھی ہونی چاہئے۔ )
گوریا گوریا وہنی چی اندھاراچی ساڑی 
اندھاراچیا ساڑی ور چاندنیاچی کھڑی 
چاندنیاچا پدرالا بجلی چا وان 
(گوری گوری جو بھابھی ہوگی وہ اندھیرے کے کالے رنگ جیسی ساڑی پہنے گی۔ اس ساڑی پر ستارے لگے ہوں گے ۔ ان ستاروں کی ساڑی کے پّلو پر بجلی کی طرح سفیدلیکن چمکتا دمکتا چمچماتا رنگ ہو گا۔بھابھی کے گورے رنگ پر وہ ساڑی خوب جچے گی اور سجے گی بلکہ کھل کھل اٹھے گی۔وہ اتنے گورے رنگ کی ہونی چاہئے کہ اندھیرے میں بھی نظر آجائے۔ )
وہنی لا آنیا لا چاندوباچی گاڑی 
چاندوباچا گاڑی لا ہرنیا چا جوڑی 
ہرنیاچا گاڑی تڑوی گلاباچے ران 

یہ بھی پڑھئے: لوہار کی بھٹی سے اُٹھنے والی آوازواں کا فنکارانہ استعمال دیکھئے

(بھابھی کو لانے کے لئے کوئی کار نہیں چاہئے۔انہیں لانا ہے تو چاند کی گاڑی چاہئے۔اس گاڑی کو ۲؍ ہرن چلائیں گے۔ہرنوں کی گاڑی جہاں سے آئے گی وہاں راستہ نہیں ہو گا بلکہ وہ گلابوں سے بھرا جنگل ہو گا۔ گلابوں پر چل کر وہ گاڑی ہمارے گھرآئے گی۔ اسے چاند کی گاڑی ہی کیوں چاہئے،سورج کی کیوں نہیں ؟ کیوں کہ بھابھی کو گھر لاتے وقت اسے کوئی تکلیف نہ ہو ۔ وہ ٹھنڈی ہوا میں اپنے گھر آئے، دوسری بات یہ ہے کہ چاند کی گاڑی کو چلانے کے لئے ۲؍ ہرن ہوتے ہیں اور جیسا کہ ہرن نہایت تیز دوڑتے ہیں اس لئے وہ بھابھی کو جلد سے جلدگھر لے آئیں گے ۔ )
وہنی شی گٹّی ہوتا تلا دون تھاپا 
تلا دون تھاپا ، تِلا ساکھرے چا پاپا 
باہولیاچیا پری ہوئو دوگھی آمہی سان 
(پھر بھابھی کے ساتھ میری دوستی ہو جائے گی ۔ اب تمہاری پیٹھ ہم تھپتھپائیں گے۔یہ تھپتھپانا اس لئے ہو گا کیوں کہ تم اچھی بھابھی لائے اور اس لئے بھی ہو گا تاکہ ہم بھائی بہن جو لڑائی کرتے رہتے ہیں وہ بھی اور اس میں چھپی محبت بھی برقرار رہے لیکن میں اپنا میٹھا میٹھا اور شکر جیسا بوسہ بھابھی کو ہی دوں گی۔ پھر تو کیا کہنا میں اور بھابھی گڑیوں کی طرح بچے بن کر کھیلیں گے۔تم دیکھتے رہنا لیکن مجھے ایک بھابھی تو لادو بھیا )

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK