Inquilab Logo

ٹیسلا نے الیکٹرک ٹرک کی رونمائی کی

Updated: December 07, 2019, 3:22 PM IST

امریکہ کی معروف کمپنی ٹیسلا نے الیکٹرک موٹر گاڑیوں کی فہرست میں ایک اور گاڑی کا اضافہ کر لیا ہے۔ کمپنی کی یہ نئی گاڑی الیکٹرک ٹرک ہے۔

(ٹیسلا کی الیلکٹرک کار کی رونمائی : تصویر (نئی دنیا
(ٹیسلا کی الیلکٹرک کار کی رونمائی : تصویر (نئی دنیا

 امریکہ کی معروف کمپنی ٹیسلا نے الیکٹرک موٹر گاڑیوں کی اپنی فہرست میں  ایک اور گاڑی کا اضافہ کرلیا ہے۔ کمپنی کی یہ نئی گاڑی ایک الیکٹرک ٹرک  ہے۔ جس کی  نمائش گزشتہ ہفتے کی گئی ہے۔ اس برقی ٹرک کے  متعلق بتایا گیا ہے کہ اس کی باڈی اسٹین لیس اسٹیل کی ہے اور اس پر گولی بھی اثر نہیں کرتی۔ حتیٰ کہ اس کی کھڑکیوں کے شیشے بھی بلٹ پروف ہیں۔ کمپنی کا کہنا ہے کہ۲۰۲۱ء میں ٹرک بننا شروع ہو جائیں گے۔اس ٹرک کی قیمت تقریباً۴۰؍ ہزار ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ اس کے ۴؍ دروازے ہیں۔ اور۶؍ افراد کے بیٹھنے کی گنجائش موجود ہے۔ نشستوں کو ساڑھے ۶؍ فٹ کے بیڈ میں بھی تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ جبکہ سامان اٹھانے کی گنجائش ساڑھے ۳؍ ہزار پاؤنڈ ہے۔ اسے۱۳۰؍ میل فی گھنٹہ تک کی رفتار سے چلایا جا سکتا ہے۔ ٹرک کا ڈیزائن روایتی ٹرکوں سے مختلف رکھا گیا ہے اور پہلی نظر میں وہ کسی خلائی سفر کی گاڑی جیسا دکھائی دیتا ہے۔ اس  ٹرک میں استعمال کی جانے والی الیکٹرک موٹر بہت طاقتور ہے جس سے سائبر ٹرک ۳؍ سیکنڈ سے بھی کم وقت میں صفر سے۶۰؍ میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر لیتا ہے۔ بیڑی کے ایک چارج میں وہ۲۵۰؍ سے۵۰۰؍ میل تک کا سفر کر سکتا ہے۔معلوم ہوکہ امریکہ میں ٹرک پک اپ نما گاڑی کو کہا جاتا ہے۔ ایس یو وی بھی ٹرک ہی کی ترقی یافتہ شکل ہے۔ یہاں زیادہ تر ایس یو ویز کو ترجیح دی جاتی ہے اور عموماً ہر گھر میں ایک پک اپ ٹرک یا ایس یو وی موجود ہوتی ہے۔ اس وقت پک اَپ ٹرک کی مارکیٹ پر فورڈ، بی ایم ڈبلیو اور کرائسلر کا قبضہ ہے۔ 
ٹرک کا کانچ ٹوٹنے پر ٹیسلا کو شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا

اس تقریب میں کمپنی کے سربراہ ایلن مسک کواس وقت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا جب اس کا مضبوط شیشہ ٹوٹ گیا۔ اس بارے میں امریکی کمپنی ٹیسلا کے سربراہ ایلن مسک کا کہنا ہے کہ اگرچہ انھیں اپنے نئے ’سائبر ٹرک‘ کی تقریب رونمائی میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے لیکن اس کے باوجود انہیں اب تک الیکٹرک ٹرک کے تقریباً ڈیڑھ لاکھ آرڈر مل چکے ہیں۔ معلوم ہوکہ انہیں اس وقت شرمندگی اٹھانا پڑی تھی  جب کمپنی کے چیف ڈیزائنر نے یہ دکھانے کیلئے   اس ٹرک کی کھڑکیوں کے شیشے کتنے مضبوط ہیں، اسٹیل کا ایک گیند شیشے پر مارا، مگر ان کی بدقسمتی کہ شیشہ دھوکہ دے گیا۔اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئی ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK