Inquilab Logo

ودیاوہار: اسکول کی پرنسپل کا اپنی برطرفی کیخلاف قانونی چارہ جوئی کا اشارہ

Updated: May 08, 2024, 11:58 PM IST | Saadat Khan | Mumbai

اسکول انتظامیہ نے فلسطین کی حمایت پرانہیں برطرف کردیا ہے۔ پرنسپل نےبرطرفی کے نوٹس کو غیر قانونی قرار دیا

Parveen Sheikh
پروین شیخ

یہاں کے سومیا اسکول کی پرنسپل پروین شیخ کو فلسطین ،حماس اور عمر خالد کی حمایت   کےالزام میں اسکول انتظامیہ نے گزشتہ روز برطرف کر دیا  جس کےجواب میں پروین شیخ نے قانونی چارہ جوئی  کا اشارہ دیا ہے ۔ کئی والدین نے پروین شیخ کی حمایت میں آواز اٹھائی ہے اور اسکول سے اپنا فیصلہ واپس لینے کی درخواست کی  ہے۔
 واضح رہے کہ اوپ انڈیا نامی ویب سائٹ نے ۲۴؍ اپریل کو اس تعلق سے ایک اسٹوری شائع کی تھی  جس میں پروین شیخ پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ فلسطین، حماس اور عمرخالد کی حامی نیز  ہندو مخالف ہیں ۔ اس تعلق سے کی جانے والی پوسٹ کو پروین شیخ نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پر پسند کیا تھا۔  مذکورہ ویب سائٹ پر شائع ہونے والی خبر کے بعد پروین شیخ کے خلاف ہندوتوادی گروپ کی جانب سے انہیں اسکول سے برطرف کرنے کی منظم مہم چلائی جا رہی ہے  جس کی وجہ سے ۲۶؍ اپریل کو اسکول انتظامیہ نے انہیں استعفیٰ دینے کو کہا تھا جس کے جواب میں پروین شیخ نے کہا تھاکہ وہ استعفیٰ نہیں دیں گی ۔ ان کے اس موقف کے بعدان کے خلاف جاری مہم کو مزید تیز کر دیا گیا  جس کے دبائو میں آکر اسکو ل انتظامیہ نے انہیں وجہ بتائو نوٹس جاری کیا تھا ۔بعدازیں منگل کو   انہیں پرنسپل کے عہدے سے برطرف کر دیا ۔
  پروین شیخ نے اپنی برطرفی کا نوٹس موصول ہونے کی تصدیق کی ہے  ساتھ ہی یہ کہا ہے کہ عوامی توہین آمیز مہم کے پیش نظر اسکول انتظامیہ نے میری حمایت کرنے کے بجائے مجھے برطرف کیا ہے ۔انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ ’’میری برطرفی کا نوٹس مکمل طور پر غیر قانونی ہے اور اوپ انڈیا اور اس کی ایڈیٹر نوپور جے شرما کے ذریعہ میرے خلاف ہتک آمیز جھوٹ پھیلایا جا رہا ہے ۔ بحیثیت پرنسپل میرا کام غیر معمولی رہا ہے ،اس وجہ سے میری برطرفی غلط اور غیر منصفانہ ہے ۔‘‘
  اسکول انتظامیہ کے بیان کے مطابق ’’موجودہ صورتحال کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے اور احتیاط سے غور کرنے کے بعد انتظامیہ نے اسکول سے پروین شیخ کی وابستگی کو منقطع کر دیا ہے   ۔‘‘اسکول انتظامیہ کے ایک ترجمان نے  بتایا ہے کہ ہم نے کئی دیگر معاملات پر بھی وضاحت طلب کی ہے۔ تاہم ہم رازداری کو برقرار رکھنے کو ترجیح دیتے ہیں اور میڈیا کے ساتھ ان مسائل پر بات کرنے سے گریز کرتے ہیں۔
 خیال رہےکہ پروین شیخ نے سومیا اسکول میں ۱۲؍ سال تک خدمات انجام دی ہے اور ۷؍ سال سے زیادہ عرصے سے وہ پرنسپل تھیں ۔ وہ ملک کے قانونی نظام اور ہندوستانی آئین پر پختہ یقین رکھتی ہیں اسی لئے وہ فی الحال اپنے قانونی اختیارات پر غور کر رہی ہیں ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK