Inquilab Logo

کامیابی کو ۳؍گنا بڑھانے کیلئے شخصیت سازی پر دگنی محنت کا فارمولہ

Updated: November 02, 2022, 2:01 PM IST | Sandeep Manodhane | Mumbai

اگر آپ اپنے اندر ایمانداری، فن گفتگو اور خود کو بہترین طریقے سے پیش کرنے کاہنرپیدا کرتے ہیں تو اس سے آپ کی شخصیت اثر دار ہو گی اور اس کے مثبت نتائج برآمد ہوں گے

Picture .Picture:INN
علامتی تصویر ۔ تصویر:آئی این این

 رابن شرما نے کہا ہے کہ ’’اپنی کامیابی کو تین گنا کرنے کا سب سے تیز طریقہ پرسنل ڈیولپمنٹ میں اپنی سرمایہ کاری کودگنا کرنا ہے۔‘‘ کیا آپ بھی اکثر سوچتے ہیں کہ’’ اپنی شخصیت کو بہتر کرکے میں بھی زندگی میں بہت کچھ حاصل کرسکتا ہوں ‘‘تو پھر کینیڈین بیسٹ سیلنگ مصنف اور لیڈر شپ ایکسپرٹ رابن شرما کا مذکورہ بالا مشورہ آپ کے لئے بالکل موزوں ہے ۔یادرکھئے کہ  ایک قابل شخص کسی بھی کام کے کرنے کے انداز اور معیار کو بدل سکتا ہے۔ عمدہ فن گفتگو(کمیونی کیشن اسکل) کی بدولت اپنے صارفین سے آپ اچھے تعلقات بناسکتے ہیں۔ ’پریسینٹ ایبل‘ ہوکرکاروبار کے زیادہ و بہتر مواقع حاصل کرسکتے ہیں۔ اپنے کام و کاوبار میں نظم و ضبط لاکر اور اس کی عمدہ طریقے سے تشہیر کرکےفائدہ حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر آپ طالبعلم ہیں تو گروپ ڈسکشن اور انٹرویو میں کامیابی حاصل کرسکتے ہیں۔ یقیناً اس صورت میں آپ ایک شاندار شخصیت کے مالک بننا چاہیں گے، تو آئیے ۳؍ اہم خوبیوں کی بات کرتے ہیں جو آپ کی شخصیت کو پرکشش و کامیاب بنانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔
 شخصیت کے متعلق اہم باتیں
 پہلے سمجھیں کہ شخصیت(پرسنالٹی) کے کئی روپ ہوتے ہیں۔ جیسے شرمیلی، ملنسار، اڑیل ، بے باک وغیرہ ۔ یہ کسی شخص کے سوچنے، محسوس کرنے اور برتاؤ کے خاص پیٹرن کو ظاہر کرتے ہیں۔یہ ہمارے آس پاس کے ماحول اور تجربات کے ساتھ ساتھ پیدائشی رویہ اورمیلان کے امتزاج سے بنتی ہے۔
پریکٹیکل پرسنالٹی ڈیولپمنٹ کے ۳؍ طریقے
 پریکٹیکل پرسنالٹی سے مراد یہ ہے کہ اس سے بزنس میں فائدہ ہو۔ میرے خیال میں ہم بہترین شخصیت بن کر اپنے پیشے و میدان میں  کامیابی حاصل کرسکتے ہیں اس کے لئے علم اور صلاحیت کے ساتھ ساتھ دیگر ۳؍ اہم خوبیاں بھی بہت ضروری ہیں اور وہ ہیں (۱) ایمانداری  (۲) کمیونی کیشن اسکل اور (۳) پریزینٹبل ہونا۔
ایمانداری: جی ہاں ، یہ بہترین شخصیت کے لئے ایک بنیادی خوبی ہے۔ اگر آپ ایماندار رہتے ہیں تو اس میں آپ کا ہی فائدہ ہے ۔ کہا جاتا ہے کہ لمبے وقت کسی کو بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔ اگر آپ فوری فائدے کے لئے اپنے صارفین سے جھوٹے وعدے کرتے ہیں، لئے گئے پیسوں کے عوض صحیح سامان اور سروس نہیں دیتے ہیں یا کسی بھی اور غلط کام میں لگے ہوئے جسے بے ایمانی کے زمرہ میں رکھا جاسکتا ہے تو آپ یقیناً اپنا نام بازار میں خراب کررہے ہیں۔ ہمیشہ کوشش کریں کہ آپ اپنے وعدے کے پکے رہیں اور اچھا سامان یا خدمات فراہم کریں۔یہ کسی بھی پیشے میں کامیابی کی سب سے بڑی شرط ہے۔ چھوٹے فائدے کو پانے کے چکر میں بڑے نقصان نہ اٹھائیں۔ تو آپ کے کردار میں اور شخصیت میں روزانہ کی ایمانداری ہی سب سے بڑی خوبی ہوگی۔ لہٰذا ایمانداری کا دامن کبھی نہ چھوڑیں۔
کمیونی کیشن اسکل( گفتگوکی صلاحیت):انسان سے انسان کو جوڑنے کا کام کمیونی کیشن اسکل کرتی ہے۔ کمیونی کیشن اسکل سے مراد بولنے کی صلاحیت، اپنی بات لکھنے کاہنر اور سننے کا فن۔یاد رکھئے کسی بھی کاروبار میں ذاتی تجربہ ہی ہے جو صارف اپنے ساتھ لے جاتا ہے ۔ آپ چاہے کسی بھی زبان میں بات کررہے ہوں(اردو،انگریزی،ہندی یا مراٹھی وغیرہ) اپنی آواز متوازن، تلفظ صاف اور الفاظ واضح استعمال کریں۔خراب الفاظ اور منفی جملوںکے استعمال سے گریز کریں۔ صحیح وقت پر استعمال کئے گئے الفاظ جیسے شکریہ، خوش آمدید، میں کرتا ہوں، بالکل، ہو جائے گا، جی میں سمجھ گیا، آپ فکر نہ کریں ، آپ کا سفر اچھا ہو، آپ کا دن اچھا گزرے سے صارف کاتجربہ خوشگوار بناتے ہیں اور صارف چہرے پر ایک مسکراہٹ لئےآپ کی دکان /دفتر سے رخصت ہوتا ہے۔یہ بھی خیال رہے کہ کسی بھی شخص کے لئے سب سے اہم اس کا نام ہوتا ہے ، تو جہاں تک ممکن ہے سامنے والے بندے کو اس کا درست نام لے کر مخاطب کریں۔’جی ، آپ‘ کے استعمال سے یقیناً سامنےو الے بندے کواچھا لگتا ہے۔ مثلاً ہمارے ملک میں سینئر افراد کو نام لے کر بولنے کے بجائے سر، سرجی، دادا، بھائی ، بھیا، میڈم، میم، ماں جی وغیرہ بولنے کا چلن ہے۔ 
پریزینٹیبل ہونا:آپ سے مل کر ، آپ کو دیکھ کر اور آپ کو سن کر سامنے والے شخص کو اچھا لگنا چاہئے۔ اس کے لئے آپ کا پریزینٹیبل ہونا بہت ضروری ہے۔ اس سے مراد یہ ہے کہ آپ نہ صرف اچھے دکھائی دیں بلکہ خوش دلی اورخوش کلامی  بھی اپنائیں۔سب سے اہم ہے کہ آپ  خوش رنگ اور صاف ستھرا لباس پہنیں۔ اب سوال یہ بھی ہے کہ کون سے کپڑے پہنیں تو اس کا آسان جواب یہ ہے کہ آپ موقع محل کے اعتبار سے لباس کا انتخاب کریں ، کپڑے آرام دہ بھی ہونے چاہئے۔ہلکی و بھینی بھینی خوشبو کے لئے عطر و پرفیوم کا استعمال کریں۔ اس کے ساتھ ہی آپ پورے اعتماد و سکون کے ساتھ گفتگو کریں پھر دیکھیں کہ کس طرح آپ دوسروں پر اپنی شخصیت کا بہترین تاثر چھوڑ تے ہیں۔  یہ تو ہوئی ۳؍ اہم خوبیاں ، اب ہم مضمون کے اختتام ایک اور اہم بات درج کررہے ہیں۔ آپ کی شخصیت کو ہردلعزیز بنانے میں مثبت خیالی بھی اہم کردار ادا کرتی ہے۔ آپ اپنے دن کی شروعات عبادت، ورزش اور غسل سے کریں۔ زندگی میں جو کچھ بھی آپ کو ملا ہے اس کے لئے رب کا شکر ادا کریں۔ مثبت سوچ کے ساتھ حقیقت پسند رہیں۔ اس طرح آپ ہردلعزیز شخصیت کے مالک بن سکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK