Inquilab Logo

خوش و خرم زندگی گزارنے کیلئے یہ عادتیں اپنائیں

Updated: March 06, 2024, 1:48 PM IST | Inquilab News Network | Mumbai

خوش رہنا کون نہیں چاہتا، لیکن دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ ہم میں سے زیادہ تر افراد اپنی خوشیوں کے دشمن آپ ہوتے ہیں، تاہم مشکل یہ ہے کہ ہم اس حقیقت کو تسلیم نہیں کرتے۔

Make excuses to meet loved ones that we need on the occasion of happiness and sadness. Photo: INN
عزیزوں سے ملاقات کے بہانے نکالیں کہ خوشی اور غم کے موقع پر ہمیں اپنوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ تصویر : آئی این این

خوش رہنا کون نہیں چاہتا، لیکن دلچسپ حقیقت یہ ہے کہ ہم میں سے زیادہ تر افراد اپنی خوشیوں کے دشمن آپ ہوتے ہیں، تاہم مشکل یہ ہے کہ ہم اس حقیقت کو تسلیم نہیں کرتے۔ حالانکہ یہ بالکل سادہ سی بات ہے کہ بہت سی عادتیں ایسی ہیں جنہیں ہم بآسانی اپنا سکتے ہیں اور اس کے نتیجے میں خوش و خرم اور مطمئن زندگی گزار سکتے ہیں، کیوں نہ آپ بھی کچھ اچھی عادات کو اپنانے کی کوشش کریں تاکہ خوشیاں آپ کے ہم قدم رہ سکیں:
میل جول بڑھائیں
 لوگوں کے ساتھ میل جول رکھیں۔ دوستوں، عزیزوں اور پڑوسیوں سے ملاقات کے بہانے نکالیں کہ ہر خوشی اور غم کے موقع پر ہمیں اپنوں کی ضرورت پڑتی ہے۔ مثل مشہور ہے کہ ’’اکیلا انسان ہنستا اچھا نہ روتا بھلا!‘‘ لہٰذا اپنوں سے میل جول بڑھائیں۔ رشتوں داروں کی خیریت معلوم کرتے رہیں۔ انہیں اپنے گھر بلائیں اور مثبت باتیں کریں۔ 
اپنی ذات سے مخلص رہیں
 چھوٹی چھوٹی باتوں سے خوشیاں کشید کرنے کی کوشش کریں، اپنے لئے اسی طرز ِ زندگی کا انتخاب کریں جس سے آپ کو خوشی ملتی ہو۔ کبھی کبھی زندگی میں تبدیلی لانا بھی سود مند ثابت ہوتا ہے۔ اس لئے اپنی خواہشات کے مطابق مثبت تبدیلیاں ضرور لائیں۔ 
ترجیحات طے کریں
 غیر ضروری کاموں پر توانائی ضائع کرنے کے بجائے ان باتوں پر اپنی توجہ مرکوز رکھیں جو آپ اور آپ کی خوشیوں کے لئے ضروری ہوں۔ 
ہمت سے زیادہ بوجھ نہ اٹھائیں
 کبھی کبھی اپنے لئے بھی آرام اور سیر و تفریح کا وقت نکالیں۔ کام ضرور کریں لیکن اتنا ہی جتنا کہ اسے نبھانے کی آپ میں ہمت ہو۔ 
زیادہ توقعات وابستہ نہ کریں
 لوگوں سے غیر حقیقی توقعات وابستہ نہ کریں۔ زندگی کچھ لینے اور کچھ دینے کا نام ہے لہٰذا جیو اور جینے دو کے اصولوں پر عمل کریں اور خوش رہیں۔ 
ذمہ دار بنیں
 کسی خرابی کا ذمہ دار دوسروں کو ٹھہرانے کے بجائے اپنی ذمہ داریوں کو پہچانیں اور انہیں نبھانے کی کوشش کریں۔ اس کے علاوہ اپنی غلطی قبول کریں۔ 
مسائل کا حل تلاش کریں
 کسی بدمزگی سے بچنے کے لئے مسائل کو ٹالنے کے بجائے انہیں فوری حل کرنے کی کوشش کریں، اس طرح آپ ہمیشہ مطمئن رہیں گی۔ 
مقاصد متعین کریں
 ہر ایک کی زندگی میں کوئی نہ کوئی بڑا مقصد اور کچھ چھوٹے مقاصد ضرور ہوتے ہیں۔ لہٰذا اپنے مقاصد پر توجہ دیں، اس سے آپ کو اپنی زندگی کارآمد اور بامعنی محسوس ہوگی۔ یوں آپ زیادہ ذمہ دار بنیں گی۔
باعمل بنیں
 ماضی کو یاد ضرور کریں، ان یادوں پر قدغن ہرگز نہ لگائیں لیکن انہی میں کھوئے رہنے کے بجائے حال اور مستقبل پر بھی توجہ رکھیں۔ 
مثبت سوچ اپنائیں
 ہمیشہ مثبت طرز فکر اپنائیں، کبھی دوسروں سے اپنا موازنہ نہ کریں۔ آپ جہاں ہیں اور جیسی ہیں اسی میں خوش رہیں، تاہم زندگی میں بہتر تبدیلیاں لانے کے لئے کوشاں رہنے میں کوئی حرج نہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK