Inquilab Logo

ڈائٹنگ کا شوق

Updated: December 13, 2019, 4:19 PM IST | Khusboo Agarwal

ایک ڈائٹ پلان تیار کریں اور اس پر عمل کریں وزن بھی کم ہوگا، کولیسٹرول لیول بھی کنٹرول میں رہے گا اور ساتھ ہی بے وقت کی بھوک بھی نہیں لگے گی۔ اگر بے وقت بھوک لگے تو ایسی اشیاء کھائیں جس سے آپ کے جسم کو مناسب فائبر اور پروٹین مل سکے۔

بے وقت بھوک لگنے پر فاسٹ فوڈ کھانے سے گریز کریں۔تصویر: سیلف ڈاٹ کام
بے وقت بھوک لگنے پر فاسٹ فوڈ کھانے سے گریز کریں۔تصویر: سیلف ڈاٹ کام

ہمارے اردگرد کئی لڑکیاں دیکھنے میں دبلی پتلی نظر آرہی ہوتی ہیں لیکن اگر ان کا میڈیکل ٹیسٹ کروایا جائے تو کئی لڑکیوں کے ٹیسٹ سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ ان کا کولیسٹرول لیول بڑھا ہوا ہے، ایسے میں لڑکیوں کو فوراً ہی ڈائٹنگ کا خیال آجاتا ہے۔ یہ بات سچ ہے کہ اگر کوئی لڑکی دیکھنے میں دبلی پتلی ہے تو ضروری نہیں ہے کہ اس کے جسم کا کولیسٹرول لیول بھی کنٹرول میں ہو، دبلا ہونا اس بات کی ضمانت نہیں ہے کہ اس لڑکی کا کولیسٹرول لیول بڑھا ہوا نہیں ہوسکتا۔ صرف ایسی لڑکیاں ہی نہیں بلکہ وہ خواتین جن کا شادی کے بعد اچانک وزن بڑھ جاتا ہے یا وہ لڑکیاں جن کی ڈیسک جاب ہے اور وہ پورا دن اپنی سیٹ پر بیٹھ کر کام کرتی ہیں، ایسی لڑکیوں کا اندرونی طور پر کولیسٹرول لیول بڑھ رہا ہوتا ہے اور ظاہری طور پر ان کا وزن بھی بڑھتا ہوا دکھائی دے رہا ہوتا ہے۔ ایسے وقت میں لڑکیاں یہ سوچنے لگتی ہیں کہ کس طرح اپنے وزن اور کولیسٹرول لیول کو کنٹرول کیا جائے۔
 بہت سی لڑکیوں کو ہر وقت کچھ نہ کچھ کھانے پینے اور منہ چلانے کی عادت ہوتی ہے، ایسی لڑکیاں اپنی بے وقت کی بھوک کو برداشت نہیں کر پاتیں اور اپنی ڈائٹنگ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے کچھ نہ کچھ کھانے لگ جاتی ہیں۔ جب ان لڑکیوں سے پوچھا جائے تو اکثر کا یہی جواب ہوتا ہے کہ ان سے ’’بھوک برداشت نہیں ہوتی۔‘‘ یہ لڑکیاں بے وقت کی بھوک کو مٹانے کے لئے فاسٹ فوڈ، فرنچ فرائز، سوفٹ ڈرنکس، چپس، نمکو اور میٹھے بیکری آئٹمز وغیرہ کھاتی ہوئی نظر آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ان سب چیزوں کا تھوڑا سا بھی استعمال ان کی ڈائٹنگ کو متاثر کر دیتا ہے اور ان کے جسم میں کولیسٹرول اور شوگر لیول کی مقدار کو بڑھا دیتا ہے۔
 بے وقت کی بھوک مٹانے اور ڈائٹنگ کے عمل کو کامیابی سے جاری رکھنے کے لئے ماہرین نے کچھ ٹپس دی ہیں، وہ ٹپس کیا ہیں، آیئے جانئے۔

ناشتہ ضرور کریں
 ماہرین کا لڑکیوں کو یہی مشورہ ہے کہ وہ ناشتہ ضرور کریں کیونکہ صبح کے وقت متوازن ناشتہ آپ کو دوپہر تک بھوک کا احساس نہیں ہونے دیتا، آپ کو اپنا پیٹ بھرا ہوا محسوس ہوگا اور پھر آپ کو بے وقت کی بھوک مٹانے کے لئے فاسٹ فوڈ یا چپس وغیرہ کھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوگی۔ وہ لڑکیاں جو آفس جانے کے لئے دیر سے اٹھتی ہیں اور آفس جلدی پہنچنے کے چکر میں ناشتہ چھوڑ کر آفس روانہ ہو جاتی ہیں، ایسی لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ اپنی اس عادت کو ترک کر دیں۔ وقت سے قبل اٹھنے کی کوشش کریں تاکہ انہیں ناشتہ کرنے کا بھرپور موقع مل سکے اور دوپہر تک انہیں چپس یا بیکری آئٹمز وغیرہ کھانے کی ضرورت محسوس نہ ہو۔

زیادہ پانی پئیں
 لڑکیوں کو چاہئے کہ وہ دن بھر میں کم سے کم ۲؍ لیٹر پانی ضرور پئیں۔ جب لڑکیاں اتنا پانی پئیں گی تو انہیں اپنا پیٹ خالی نہیں لگے گا بلکہ انہیں بے وقت بھوک کا بھی احساس نہیں ہوگا، ساتھ ہی زیادہ پانی پینے سے جسم کے اندرونی اعضاء بھی بہتر انداز میں کام کر پائیں گے۔

کھانا آہستہ آہستہ اور اچھی طرح چبا کر کھائیں
 آپ جس بھی ڈائٹ پلان پر عمل کر رہی ہیں، آپ کو چاہئے کہ کھانا اچھی طرح چبا کر کھائیں، اگر آپ سلاد کھا رہی ہیں، تب بھی کوشش کریں کہ اسے اچھی طرح چبائیں۔ کھانے کو آہستہ آہستہ، اچھی طرح چبا کر کھائیں گی تو وہ معدے پر بوجھ نہیں بنے گا اور وہ جلدی ہضم ہو جائے گا۔ ساتھ ہی جب زیادہ دیر تک کھانا چبائیں گی تو نفسیاتی تسکین بھی ہوگی ۔

چھوٹے پیالے اور ڈش کا استعمال
 اپنے کھانے کو کسی چھوٹے پیالے یا ڈش میں نکالیں اور پھر کھائیں۔ اس طرح آپ جب اس پیالے کو خالی کرلیں گی تو آپ کو احساس ہوگا کہ آپ نے پورا کھانا کھا لیا ہے۔ اس صورت میں آپ زیادہ کھانے سے بچ جائیں گی، ساتھ ہی آپ کو یہ احساس بھی ہوگا کہ آپ نے پورا کھانا کھا لیا ہے اور آپ کا پیٹ بھر گیا ہے۔

پروٹین اور فائبر کا استعمال
 ناشتے اور کھانے کے وقت پروٹین اور فائبر پر مشتمل غذاؤں کا استعمال کریں، تاکہ نظام انہضام کا عمل سست ہو جائے اور آپ کو پیٹ بھرا ہوا سا محسوس ہو، اس طرح آپ کو بے وقت کی بھوک نہیں لگے گی۔ ۱۲؍ گرام بند یا پھول گوبھی کو میش کرکے کھائیں، ایک پیالہ بند یا بھول گوبھی میش کرکے کھائیں گی تو آپ کو اس سے ۵؍ گرام فائبر آسانی سے مل جائے گا، ۸؍ گرام ایک وقت میں چنے سے تیار کردہ پاستہ کھالیں، یہ پاستہ چک پی پاستہ کے نام سے مل جاتا ہے، اسے کھانے سے ۸؍ گرام فائبر اور ۱۴؍ گرام پروٹین ملے گا۔ مٹر کھائیں۔ ایک کپ دال کو سوپ بنالیں، اس سے بھی آپ کو پروٹین اور فائبر ملیں گے۔ آدھا کپ انار کھائیں، اس سے بھی مناسب مقدار میں فائبر ملے گا اور آپ کو بے وقت بھوک کا احساس نہیں ہوگا۔
 ان تمام چیزوں سے ایک ڈائٹ پلان تیار کرلیں اور اسے استعمال کریں، وزن بھی کم ہوگا۔ کولیسٹرول لیول بھی کنٹرول میں رہے گا اور ساتھ ہی بے وقت کی بھوک بھی نہیں لگے گی۔ اگر بے وقت بھوک لگے تو اوپر بتائی جانے والی اشیاء میں ہی سے کچھ کھائیں تاکہ آپ کے جسم کو مناسب فائبر اور پروٹین مل سکے۔

diet Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK