اچھی عادتیں اپنانے سے صحت، روزگار اور بلکہ زندگی کے ہر پہلو پرمثبت اثر پڑتا ہے جبکہ ماہرین کے نزدیک اچھی عادات اس کے خوش طبیعت ہونے کی بھی نشانی ہے۔
EPAPER
Updated: January 09, 2023, 12:20 PM IST | MUMBAI
اچھی عادتیں اپنانے سے صحت، روزگار اور بلکہ زندگی کے ہر پہلو پرمثبت اثر پڑتا ہے جبکہ ماہرین کے نزدیک اچھی عادات اس کے خوش طبیعت ہونے کی بھی نشانی ہے۔
اچھی عادتیں اپنانے سے صحت، روزگار اور بلکہ زندگی کے ہر پہلو پرمثبت اثر پڑتا ہے جبکہ ماہرین کے نزدیک اچھی عادات اس کے خوش طبیعت ہونے کی بھی نشانی ہے۔
اپنے معمولات میں اچھی عادات شامل کریں
اگرآپ رات دیرتک جاگتے ہیں لیکن صبح سویرے اُٹھ کر دوڑ لگانے کے خواہشمند ہیں تو یہ آپ کے لئے صبح سویرے اٹھنا انتہائی مشکل ہوگا۔ اپنی روز مرہ زندگی میں صبح کی چہل قدمی جیسی اچھی عادت کو شامل کرنے کے لئے رات کو وقت پر سوئیں۔ اس طریقے سے آپ کیلئے صبح جلدی اٹھنا بھی مشکل نہیں ہوگا اور آپ اس طرح اپنے روز مرہ کے معمولات میں صبح کی چہل قدمی جیسی صحتمند عادت شامل کرسکتے ہیں۔
بری عادات کو اچھی عادات سے تبدیل کریں
اگر آپ میٹھا کھانے کے شوقین ہیں اور اس سے جان چھڑانا چاہتی ہیں تو آئسکریم اور مٹھائیوں کو پھلوں اور ان کے رس سے بدل دیں۔ اس طرح مٹھاس کی طلب بھی پوری ہوجائیگی اور اس کا کوئی نقصان بھی نہیں ہوگا۔ اسی طرح اپنی دیگر ضروریات پر بھی غور کریں کیونکہ طلب اور ضرورت ہی سے عادتیں فروغ پاتی ہیں اور ایسی اچھی عادتیں اپنائیں جو بری عادتوں کی جگہ لے سکیں۔
پہلے چھوٹے قدم اٹھائیں
بری عادت کو بدلنے کے لئے چھوٹے چھوٹے مثبت قدم اُٹھائیں۔ اگر آپ جوش میں آکر کہتی ہیں کہ میں کل صبح ۵؍ بجے اُٹھوں گی تو شاید یہ ممکن نہ ہو لیکن صبح ۷؍ بجے اُٹھنا شاید ممکن ہوگا۔ اس طرح ایک ایک قدم جماکر اٹھائیں اور بری عادات کو ختم کرتے رہیں اس کے بعد ایک وقت آئے گا کہ طبیعت پر گراں ہوئے بغیر ہی بہترین عادات آپ میں جمع ہوتی جائیں گی۔
اچھی عادتیں اپنانے میں گھر کی مدد
آپ اپنے گھر میں بہت زیادہ اور بہت اہم وقت صرف کرتے ہیں اور ضروری ہے کہ اچھی عادتیں اپنانے کے لئے اپنے مکان یا فلیٹ میں بھی کچھ تبدیلیاں کی جائیں اس کے لئے کھڑکیوں کو اس طرح رکھیں کہ سورج کی روشنی صبح کو آپ کو بیدار کرے اور اس طرح آپ کا گھر آپ کی صبح جلد بیدار ہونے کی عادت میں مدد کرے گا۔ فریج میں تازہ پھل، سبزیاں اور صحت بخش غذائیں رکھیں تاکہ آپ جو کچھ بھی کھائیں وہ صحت کے لئے بہتر ہو۔ اگر گھر میں ہلکی پھلکی ورزش یا یوگا کرنی ہو تو اس کے لئے گھر میں ایک جگہ مخصوص کریں۔
اپنے دوست سے مدد لیں
اپنے دوست یا شریکِ حیات سے کہئے کہ وہ آپ کی بری عادات پر نظر رکھے یا اچھی عادات کے متعلق زور دیتے رہیں۔ صحت کیلئے مناسب کھانے اور ورزش کی ترغیب دینے کیلئے دوست اور عزیز بہت مدد دے سکتے ہیں۔ اسی طرح کڑی نظر رکھنے والا ایک سخت گیر دوست بھی بری عادتوں پر ٹوک کر آپ کو راہِ راست پر لا سکتا ہے۔
دیوار پر کا غذچسپاں کریں
ایک بڑے سائز کے کاغذ پر آپ اس نئی عادت کے بارے میں لکھ کر اپنے بیڈ کے نزدیک دیوار پر چسپاں کر دیں۔ ایسا کرنے سے آپ جیسے ہی صبح اٹھیں گی وہ تحریر آپ کو اس نئی عادت کے بارے میں ریمائنڈ کراتی رہے گی۔
اچھی عادتوں کا ریکارڈ رکھیں
بری عادتوں سے جان چھڑا کر اچھی عادتوں کو اپنانے کا ایک چارٹ بنائیں اور اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہیں کہ مضرعادات کو ترک کرنے میں کتنی کامیابی ملی ہے۔ اس طرح روزانہ اورہفتہ وارانداز میں آپ کی کارکردگی سامنے آجائے گی اورکمزور پہلوؤں کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
کبھی مایوس نہ ہوں
کوئی نئی عادت اپنانے میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑے تو ہمت نہ ہاریں۔ مستقل مزاجی کے ساتھ اپنی منزل کی جانب رواں دواں رہیں، ایک نہ ایک دن کامیابی ضروری ملے گی۔