Inquilab Logo

رونقیں جتنی یہاں ہیں عورتوں کے دم سے ہیں!

Updated: March 13, 2024, 11:34 AM IST | Farhat Naaz | Mumbai

آج ہندوستان میں زیادہ تر خواتین بااختیار ہیں۔ آج یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی خواتین ہندوستان کی ترقی میں سیدھے حصہ دار ہیں۔ آج خواتین ہر شعبے میں اچھا کام کر رہی ہیں۔

Photo: INN
تصویر : آئی این این

’’شہر کا تبدیل ہونا شاد رہنا اور اداس/ رونقیں جتنی یہاں ہیں عورتوں کے دم سے ہیں‘‘ منیر نیازیؔ کا یہ شعر اس بات کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ خواتین کے بغیر سماجی ڈھانچے کا تصور کرنا ہی ممکن نہیں۔ خواتین کا کردار گھر سے لے کر دفتروں تک اہم ہے۔ ادب ہو یا فلمی دنیا، چاند ہو یا زمین ، ٹیلی ویژن سے لے کر گھر کی دیواروں تک، خواتین نے ہر جگہ اپنی موجودگی کا احساس دلایا ہے۔ ان کی تخلیقات نے ادب کو نئی جہتیں عطا کی ہیں۔ معاشرے میں خواتین کی موجودگی میں ریڈیو کے اہم کردار سے کون واقف نہیں ہے۔ ایک وقت تھا جب اپنی آواز کو طاقتور طریقے سے دوسروں تک پہنچانے کیلئے ریڈیو سے بہتر کوئی ذرائع ابلاغ نہیں ہو سکتا تھا۔ میں اپنے تجربے کی بنیاد پر کہہ سکتی ہوں کہ ریڈیو نے خواتین کی ترقی میں اہم کردار ادا کیاہے۔ خواتین کی ترقی میں کمیونٹی ریڈیو کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا۔ آج دیہی سطح پر بہت سے کمیونٹی ریڈیو خواتین کے مسائل کو اجاگر کر رہے ہیں۔ آکاشوانی کے بہت سے پروگرام خواتین اور نوجوانوں پر مرکوز ہوتے ہیں۔ خواتین کے مسائل کو وقتاً فوقتاً اٹھا کر وہ معاشرے میں اپنی موجودگی کا احساس دلاتے رہتے ہیں۔ 
 خواتین کی حالت میں پہلے کی نسبت بہت بہتری آئی ہے۔ اعداد و شمار کے ذریعے اس بات کو سمجھنا آسان ہوگا۔ ۱۹۵۱ء میں ہندوستان کی شرح خواندگی صرف ۱۸ء۳؍ فیصد تھی جس میں خواتین کی شرح خواندگی ۹؍ فیصد سے بھی کم تھی۔ قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) کے مطابق سال ۲۰۲۱ء میں ملک کی اوسط شرح خواندگی ۷۷ء۷۰؍ فیصد تھی جس میں مردوں کی شرح خواندگی ۸۴ء۷۰؍ فیصد تھی جبکہ خواتین کی شرح خواندگی ۷۰ء۳۰؍ فیصد تھی۔ اس لئے یہ کہنا غلط نہیں ہوگا کہ آزادی کے بعد خواتین نے ہر میدان میں ترقی کی ہے۔ ہم اس حقیقت سے منہ نہیں موڑ سکتے کہ پہلے خواتین معاشی طور پر کمزور تھیں، اس لئے وہ زیادہ تر فیصلوں کیلئے مردوں پر منحصر تھیں، لیکن اب خواتین کیلئے روزگار کے متعدد مواقع ہیں اور وہ بااختیار بن رہی ہیں۔ آج ہندوستان میں زیادہ تر خواتین بااختیار ہیں۔ آج یہی وجہ ہے کہ ہندوستانی خواتین ہندوستان کی ترقی میں اپنا حصہ دے رہی ہیں۔ آج خواتین ہر شعبے میں اچھا کام کر رہی ہیں۔ ہندوستانی افواج ہوں، انتظامی خدمات ہوں، دیہی ترقی ہو، صحت کی خدمات ہوں یا تعلیمی مراکز، ہر جگہ خواتین بڑے فخر سے اپنا پرچم لہرا رہی ہیں۔ شاید آج کی خواتین کے لئے اسرارلحق مجازؔ نے کہا تھا کہ:
ترے ماتھے پہ یہ آنچل بہت ہی خوب ہے لیکن  تو اس آنچل سے اک پرچم بنا لیتی تو اچھا تھا !
(مضمون نگار آکاشوانی، نئی دہلی میں نیوز ریڈر ہیں)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK