Inquilab Logo

آئی آئی ٹی مدراس کے محققین نے ہائیڈروجن ایندھن سازمشین بنائی

Updated: January 21, 2020, 12:02 PM IST | Agency

 آئی آئی ٹی مدراس کے ماہرین نے ایک ایسی انوکھی مشین تیار کی ہے جو سمندری پانی سے ہائیڈروجن ایندھن بناسکتی ہے۔ صاف ستھری اور ماحول دوست ایندھن کی تیاری کے حوالے سے یہ بہت بڑی پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔

ہائیڈروجن ایندھن ساز مشین
ہائیڈروجن ایندھن ساز مشین

 نئی دہلی : آئی آئی ٹی مدراس کے ماہرین نے ایک ایسی انوکھی مشین تیار کی ہے جو سمندری پانی سے ہائیڈروجن ایندھن بناسکتی ہے۔  صاف ستھری اور ماحول دوست ایندھن کی تیاری کے حوالے سے یہ بہت بڑی پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔سسٹینیبل کیمسٹری اور انجینئرنگ کے ’ اے سی ایس  جرنل‘ میں شائع شدہ تحقیقی رپورٹ کے مطابق آئی آئی ٹی مدراس کے ماہرین کے ذریعہ بنائی گئی یہ خاص مشین ہائیڈروجن ایندھن کو ضرورت کے مطابق تیار کرسکتی ہے ۔  تاہم اس وقت یہ مشین ایندھن تو تیار کررہی ہے لیکن ماہرین اس ایندھن کو محفوظ کرکے رکھنے اور استعمال کرنے کے حوالے سے کئی مسائل کو اب بھی حل نہیں کرپائے ہیں۔  محققین کا کہنا ہے کہ ہائیڈروجن توانائی کا استعمال اتنا آسان اور محفوظ نہیں کیونکہ یہ آتش گیر ایندھن ہے  جو دھماکہ کا باعث بھی بن سکتی ہے۔ 
 رپورٹ میں ماہرین نے بتایا ہے کہ مستقبل میں ہائیڈروجن توانائی کا بہترین ذریعہ بن سکتاہے۔  ہائیڈروجن توانائی جب جلتی ہے تو اس سے کاربن ڈائی آکسائیڈ یا پھر دیگر کوئی ضرر رساں گیس نہیں بنتی  جس طرح  دیگر ایندھن کے جلنےسے ہوتا ہے ۔ 
 مدراس آئی آئی ٹی کے کیمسٹری شعبہ کے عبدالمالک نے کہا کہ ’’یُوز آن ڈیمانڈ کے نکتہ نظر سے دیکھیں تو ہائیڈروجن ایندھن فوراً  بنایا جاسکتا ہے، سیفٹی مسائل کے اعتبار سے دیکھیں تو اس کے ذخیرہ اور ٹرانسپورٹیشن سے گریز کرتے ہوئے اس کا استعمال بھی آسانی سے کیا جاسکتا ہے ۔ تاہم ابھی یہ اتنا آسان اورمحفوظ عمل نہیں ہے۔  اس حوالےسے مزید تحقیق اور عملی تجربات کئے جارہے ہیں۔ ‘‘ 
 اس انوکھی مشین کیلئے ریسرچروں نے اپنی تحقیق کے دوران پایا کہ ہائیڈروجن کو بغیر کسی حدت،بجلی یا پھر شمسی توانائی کے بنایا جاسکتا ہے۔ اس کیلئے درکار اسٹارٹنگ مٹیریل  ماحول دوست ہیں۔  آٹو موٹیو اور ایوی ایشن جیسے شعبہ کیلئے یہ تکنیک بہت مفید ثابت ہوگی اور یہاں  اس نئے ایندھن کا استعمال کیا جاسکے گا۔ 
 عبدالمالک نے مزید کہا کہ ’’ ہائیڈروجن مستقبل ہے۔ ہمیں چاہئے کہ ہم حال  میں  ہائیڈروجن  پیدا کرنے والے بن جائیں۔ میں اس دن کا منتظر ہوں جب ہماری اختراع اسرو کے رواکیٹ اور ڈی آرڈی او کے میزائل کو درکار ایندھن فراہم کرنے کے قابل ہوجائے۔  اس تحقیقی پروجیکٹ کے متعلق آئی آئی ٹی مدراس کے اسوسی ایٹ پروفیسر تیجو تھامس نے کہا کہ گاڑیوں کو  ہائیڈروجن ایندھن سے  چلانے کے منصوبےا ور ڈیزائن پر کام جاری ہے ۔ 
 اس نئی تکنیک کے ذریعے ماہرین  ہائیڈروجن ایندھن بنانے کیلئے ہر قسم کے پانی کو استعمال کرنا چاہتے ۔ چونکہ دنیا کا دو تہائی حصہ پانی میں  ڈوبا ہوا ہے لہٰذا یہ ماحول دوست توانائی کو پیدا کرنے میں اہم کردار اد کرے گا۔  عبدالمالک نے کہا کہ ’’ہائیڈروجن بنانے والی اس مشین کو ہم کسی کافی مشین کی طرح بنارہے ہیں جسے کوئی بھی عام شخص استعمال کرسکے اور ضرورت کے مطابق ہائیڈروجن توانائی پیدا کرسکے۔

tech news Tags

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK