آج افطار میں بنایئے خاص پکوان ’’انناس کسٹرڈ‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
EPAPER
Updated: March 12, 2026, 9:07 AM IST | Mumbai
آج افطار میں بنایئے خاص پکوان ’’انناس کسٹرڈ‘‘ اس کی آسان ترکیب ملاحظہ کیجئے۔
درکار اجزاء: ایک انناس، شکر حسب ِ ضرورت، چائنا گراس سفید والی ایک کپ، دودھ آدھا لیٹر، کارن فلور ایک چمچہ، کنڈیس ملک آدھا کپ، فریش کریم یا ملائی پاؤ بھر، پائن ایپل ایسنس دو قطرے۔
بنانے کا طریقہ: انناس کو چھیل لیں، آدھے انناس کے چھوٹے چھوٹے چوکور ٹکڑے کریں اور باقیماندہ انناس کو مکسر میں جوس بنا لیں۔ ایک فرائنگ پین میں انناس کے ٹکڑے ڈالیں اور تقریباً ایک کپ پانی ڈال کر جوش آنے دیں، پاؤ کپ شکر ڈالیں اور پانی خشک ہونے تک ہلاتے رہیں۔ آگ پر سے برتن اُتار لیں۔ ایک برتن میں ایک کپ پانی لیں اور اُس میں چائنا گراس کے ٹکڑے کرکے ڈالیں، چمچے سے اچھی طرح ہلاتے رہیں۔ جب چائنا گراس اچھی طرح پگھل کر گاڑھی ہوجائے تو باقیماندہ انناس کا مکسر میں بنایا ہوا رس اس میں انڈیل دیں اور حسب ِ ذائقہ شکر ڈالیںا ور اچھی طرح پکنے دیں۔ اب ایک ڈش میں اُسے اُنڈیل دیںا ور ٹھنڈا ہونے دیں۔ ایک برتن میں آدھا لیٹر دودھ اُبالیں۔ خوب گاڑھا ہونے دیں، ایک چمچہ کارن فلور تھوڑے سے پانی میں گھولیں اور دودھ میں اُنڈیل دیں، حسب ِ ذائقہ شکر بھی ڈالیں، چمچہ چلاتے رہیں، تقریباً پانچ منٹ تک پکنے دیں۔ اور ایک پیالے میں نکال کر ٹھنڈا کریں۔ اب چائنا گراس والی ڈش کو ایک پلیٹ پر اُنڈیل دیں اور چھوٹے چھوٹے چوکور ٹکڑے کاٹ لیں۔ کارن فلور والے کسٹرڈ دودھ میں دو قطرے پائن ایپل ایسنس ملائیں۔ اب چائنا گراس والے کچھ ٹکڑے سجانے کے لئے الگ رکھ لیں، آدھا کپ کنڈیس ملک اور ملائی ملائیں۔ اس کے بعد فریج میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں اور باقی کے انناس چائنا گراس والی سے سجائیں۔