Inquilab Logo

یوجی سی -این ای ٹی(نیٹ) کا نوٹیفکیشن جاری امیدواراس امتحان کے لئے تیار ہوجائیں

Updated: January 04, 2023, 11:50 AM IST | Momin Fahim Ahmed Abdul Bari | MUMBAI

اعلیٰ تعلیمی اداروں میں تدریس، تحقیق کےمتمنی پوسٹ گریجویٹ افراد اس جانب توجہ دیں۔دسمبر ۲۰۲۲ء کے امتحانات امسال فروری اور مارچ میں ہوں گے۔ امیدوار دھیاں دیں کہ فارم بھرنے کی آخری تاریخ ۱۸؍جنوری ۲۰۲۳ء ہے

UGC-NET (NET) Notification; Photo: INN
یوجی سی -این ای ٹی(نیٹ) کا نوٹیفکیشن؛تصویر:آئی این این

ہندوستان میں تعلیمی شعبہ پرائمری سے یونیورسٹی سطح تک ملازمتوں کی فراہمی کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ جدید تکنیکوں اور نئے نئے کورسیز نے اس شعبہ میں بھی روزگار کے مواقع میں اضافہ کردیا ہے۔ تعلیمی شعبے میں ملازمت کے لئے مخصوص مہارت اور تربیت لازمی ہے۔ ابتدائی سطح پر گریجویشن کے ساتھ ڈپلوما اِن ایجوکیشن، بیچلر اِن ایجوکیشن ، بیچلر ان فزیکل ایجوکیشن، جونیئر کالج کی سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ بیچلر ان ایجوکیشن ، ڈگری کالج سطح پر پوسٹ گریجویشن کے ساتھ نیٹ یا سیٹ کی قابلیت ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ یونیورسٹی سطح پر اسو سی ایٹ پروفیسر ، اسسٹنٹ پروفیسر وغیرہ کے لئے ایک امیدوار کا ڈاکٹریٹ (پی ایچ ڈی) ہونا لازمی ہے۔  ایک تجزیے کے مطابق ہندوستان دنیا میں سب سے زیادہ تعلیم حاصل کرنے والے افراد کی فہرست میں پہلے مقام پر ہے۔ یعنی ملک عزیز میں طلبہ کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے۔ ہمارے ملک میں طلبہ کی آبادی تقریباً ۳۱۵؍ملین ہے جو دوسرے نمبر پر موجود چین سے تقریباً ۶۳؍ملین زیادہ ہے۔ اس کا ایک دوسرا پہلو یہ ہے کہ ہمارے ملک میں بتدریج اعلیٰ تعلیم میں انرولمنٹ کی شرح بڑھتی جائے گی اور اسی کے مطابق اس شعبے میں ملازمت کے مواقع بھی بڑھیں گے۔ ہمارے طلبہ کو بھی اعلیٰ تعلیم میں رغبت پیدا کرنی ہوگی اورتعلیمی شعبے میں اپنا مقام بنانا ہوگا۔ آئیے قومی سطح پر ڈگری کالجز میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر اور جونیئر ریسرچ فیلو شپ امیدواروں کےلئے اہلیتی امتحان کا جائزہ لیں۔ جس کے لیے ریاستی سطح پر سیٹ (State Eligibility Test)  اور قومی سطح پر (National Eligibility Test)   جنہیں ہم عرفِ عام میں نیٹ/سیٹ کہتے ہیں۔ نیٹ (NET)   امتحان سے متعلق دیگر تفصیلات حسبِ ذیل ہیں۔ 
نیٹ کون منعقد کرتا ہے؟
   قومی سطح پر منعقد ہونے والے نیٹ امتحان کا انعقاد یو جی سی (یونیورسٹی گرانٹس کمیشن)  کیلئے  حکومت کے تشکیل کردہ خود مختار ادارے نیشنل ٹیسٹنگ ایجنسی (این ٹی اے) کے ذریعے منعقدکیا جاتا ہے۔  
یہ امتحان کن امیدواروں کیلئے ہے؟
   قومی سطح پر کسی بھی ڈگری کالج میں بحیثیت اسسٹنٹ پروفیسر ملازمت کے متمنی یا یو جی سی کی اسکیموں کیلئے جونیئر ریسرچ فیلوشپ(جے آر ایف) حاصل کرنے یا پھر دونوں کے خواہشمند امیدواراس امتحان میں شریک ہوسکتے ہیں۔ جے آر ایف  امیدواروں کی عمر یکم فروری ۲۰۲۳ء کو ۳۰؍ برس سے زائد نہ ہو (ریزرو طبقات کیلئے۵؍ برس کی رعایت ہوگی۔)  اسسٹنٹ پروفیسر شپ کے لیے عمر کی کوئی قید نہیں ہے۔ 
اہلیت ،رعایت اور مضامین
   یہ امتحان ۸۳(تراسی) مضامین کے لئے منعقد ہوگا جس کی تفصیل ویب سائٹ www.nta.ac.in  پر دستیاب ہے۔ مذکورہ مضامین میں پوسٹ گریجویٹ کامیاب طلبہ جنہوں نے ۵۵؍فیصد یا اس سے زائد مارکس حاصل کئے  ہیں یا پوسٹ گریجویشن کے آخری سال میں ہوں وہ درخواست دے سکتے ہیں ۔امیدوار صرف انہی مضامین کا انتخاب کرسکتے ہیں جس میں انہوں نے پوسٹ گریجویشن کیا ہے۔ اوبی سی ، ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو ۵؍فیصد مارکس کی رعایت ہوگی یعنی ایسے امیدوار وں کا پوسٹ گریجویشن میں ۵۰؍ فیصد مارکس ہوتو وہ بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ 
پی ایچ ڈی ہولڈرس کو رعایت
  ایسے امیدوار جن کا پی ایچ ڈی ۱۹؍ستمبر ۱۹۹۱ء سے قبل مکمل ہوچکا ہے اگر وہ اس امتحان میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو انہیں ۵؍فیصد کی رعایت ہوگی۔ 
امتحان کی نوعیت، طریقہ کاراور سینٹرس کی تعداد
  یہ امتحان کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ (CBT)ہوگا۔ یعنی امتحان مکمل آن لائن ہوگا جس کے لیے ملک بھرمیں مختلف شہروں میں امتحان کے سینٹر س ہوں گے ، شہروں کی تفصیل ویب سائٹ پر موجود ہے۔ دو پرچے ہوں گے جو ملٹی پل چوائس کے سوالات پر مبنی ہوں گے۔ 
پرچوں کی تفصیل :  یہ امتحان ۲؍ پرچوں کے آبجیکٹیو (کثیر متبادل جوابات) پر مشتمل ہوگا۔دونوں پرچے کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ(سی بی ٹی) ہوں گے۔  پہلا پرچہ ۵۰(پچاس) سوالات پر مشتمل ۱۰۰(سو) مارکس کا ہوگا۔ یہ ٹیچنگ اور ریسرچ اپٹی ٹیوٹ کی جانچ کے لئے  ہوگا۔ جبکہ دوسرا پرچہ ۱۰۰(سو) سوالات پر مشتمل ۲۰۰(دو سو) مارکس کا ہوگا۔ دوسرا پرچہ امیدوار کے ذریعے منتخب کیے گئے مضمون کا ہوگا جس کے تمام سوالات لازمی ہوں گے۔ 
امتحان کا وقت  :   یہ امتحان ۳؍ گھنٹے کے دورانیے پر مشتمل ہوگا۔ درمیان میں کوئی وقفہ نہیں ہوگا۔ امتحان ۲۱؍فروری تا ۱۰؍مارچ ۲۰۲۳ء کے درمیان منعقد ہوں گے۔  
ٹیسٹ کی مشق (Mock Test) :  یہ امتحان آن لا ئن منعقد ہونا ہے اسلئے  اس کی مشق کے لئے ایجنسی کی ویب سائٹ پر ماک ٹیسٹ (مشقی ٹیسٹ) کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے، امیدوار فارم بھرنے کے بعد ویب سائٹ دیکھتے رہیں ماک ٹیسٹ کی تاریخوں کا اعلان ہوتے ہی ایک بار ضرور شریک ہوں تاکہ انہیں امتحان کی نوعیت سے واقفیت ہوجائے۔ 
درخواست کرنے کی تاریخ
  آن لائن درخواست فارم بھرنے کے عمل کا آغاز۲۹؍ دسمبر ۲۰۲۲ء سے ہوچکا ہے فارم بھرنے کی ٓخری تاریخ ۱۷؍جنوری ۲۰۲۳ء شام ۵ ؍بجے تک ہے جبکہ بھرے گئے فارم کی فیس بھرنے کی آخری تاریخ ۱۸؍جنوری ۲۰۲۳ء  رات۵۰:۱۱؍ بجے تک ہے۔ آن لائن درخواست میں ترمیم ۱۹ اور ۲۰ جنوری ۲۰۲۳ء کی رات۵۰:۱۱؍ بجے تک ممکن ہے۔ فروری ۲۰۲۳ء کے پہلے ہفتے میں امتحانی مراکز کا اعلان ہوگا، دوسرے ہفتے میں امیدوار ویب سائٹ سے اپنے ایڈمٹ کارڈ ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔ 
فیس :  جنرل امیدواروں کیلئے ۱۱۰۰؍روپے ، او بی سی امیدواروں کو۵۵۰؍روپئے جبکہ ایس سی ، ایس ٹی ، معذور اور ٹرانس جینڈر امیدواروں کو ۲۷۵؍روپے فیس بھرنا ہوگی۔ 
پرچہ اوّل کی تیاری ایسے کریں
 نیٹ اور سیٹ امتحان کے دو نوں پرچوں میں سے پہلا پرچہ تدریسی و تحقیقی رجحان (Teaching & Research Aptitude)  کی جانچ کیلئے  ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر اسے امیدوار کی توجیہی قابلیت (Reasoning Ability)  ،  انگریزی فہم و ادراک (Comprehension)،منفرج سوچ (Divergent Thinking) اور عمومی معلومات (General Awareness) کی جانچ کے لئے  ترتیب دیا جاتا ہے۔ غلط جواب پر کوئی منفی مارکنگ نہیں ہوتی جبکہ تمام ۵۰؍ سوالات لازمی ہوتے ہیں۔ پرچہ اول تدریسی جانچ، تحقیقی جانچ، ادراک،ترسیل، ریاضیاتی توجیہات، منطقی توجیہات، اعداد شمار کا بیان، انفارمیشن و کمیونی کیشن  ٹیکنالوجی (کمپیوٹر)، عوام و ماحول، اعلیٰ تعلیمی نظام(حکومت، پالیسی اور انتظامیہ ) حصوں پر مشتمل ہوتا ہے۔ بازار میں اس کیلئے  خاص کتابیں دستیاب ہیں تمام امیدواروں کو چاہے  ان کا دوسرا پرچہ کسی بھی مضمون کا ہو پہلا پرچہ لازمی طور پر یہی ہوتا ہے۔ اس پرچے کی تیاری کے لئے کتابوں کے علاوہ باقاعدہ منصوبہ بندی کی ضرورت ہے جس کے لئے چند اہم نکات درج ذیل ہیں۔ 
اسٹڈی پلان تیار کریں :  پرچہ اول کے تمام سیکشن (حصوں) کے مطالعے کیلئے  باقاعدہ ایک ٹائم ٹیبل ترتیب دیں اور ہر دن کا ایک نشانہ مقرر کریں۔
نصاب کا مکمل ادراک   :  یونیورسٹی گرانٹس کمیشن (یو جی سی) نے اپنی ویب سائٹ پر نصاب کی مکمل معلومات فراہم کی ہے امیدوار باریک بینی سے مطالعہ کریں اور اہم اسباق اور تصورات کو سمجھ لیں۔ 
زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں  :  گزشتہ برسوں کے پرچوں میں پوچھے گئے زیادہ سے زیادہ سوالات حل کرنے کی کوشش کریں۔ اس سے آپ کی سوالات حل کرنے کی رفتار میں تیزی اور درستگی آئے گی۔ 
اپنے کمزور پہلوؤں پر محنت کریں  :  آپ کن شعبوں میں کمزور ہیں مشقی امتحان(موک ٹیسٹ) اور گزشتہ پرچوں کو حل کرنے سے آپ کو اس کا اندازہ ہوجائے گا۔ ان پر زیادہ محنت کیجیے، بار بار پڑھیے اور زیادہ سے زیادہ وقت دیجیے۔ 
ٹائم مینجمنٹ:  امتحان کے دوران وقت کا خیال رکھنا انتہائی ضروری ہے۔ آپ کو ۳؍ گھنٹے میں ۱۵۰؍ سوالات حل کرنے ہیں۔ کمپیوٹر بیسڈ ٹیسٹ ہونے کی بناء پر آپ کو صرف صحیح جواب پر نشان لگانا ہوگا۔ آپ جتنی مرتبہ چاہیں اپنے جوابات تبدیل کرسکتے ہیں۔ وقت مکمل ہونے سے قبل آپ ٹیسٹ ختم نہیں کرسکتے ۔ مشقی سوالات حل کرنا آپ کو وقت کا بہتر استعمال سکھاتا ہے۔ 
 بہت سے طلبہ سے بات کرنے پر یہ بات سامنے آئی ہے کہ دوسرا پرچہ چونکہ ان کے پوسٹ گریجویشن کے مضمون کا ہوتا ہے اس لئے  عموماً اس میں انہیں کم پریشانی ہوتی ہے لیکن پہلا پرچہ بعض امیدواروں کی سمجھ میں بھی نہیں آتا۔ اس کی ایک اہم وجہ ناقص منصوبہ بندی اور لاپروائی ہے۔ پہلے پرچے کی تیاری کسی بھی اہلیتی امتحان کے لئے  دستیاب کتاب کی مدد سے کی جا سکتی ہے بالخصوص بی ایڈ اور پی ایچ ڈی کے اہلیتی امتحانوں کے لیے دستیاب کتابیںاہم رول اداکرتی ہیں۔  ایسے تمام امیدوار جو اس امتحان میں کامیابی حاصل کرنا چاہتے ہیں انہیں باقاعدہ منصوبہ بند پڑھائی ، صحیح سمت میں اور مستقل مزاجی کے ساتھ کرنی چاہیے ، کامیابی یقیناً ان کے قدم چومے گی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK