۱۰؍ کتابیں جو آپ کی زندگی بدل سکتی ہیں: دوسری قسط
Updated: Nov 17, 2023, 6:39 PM IST | Afzal Usmani
ایک اچھی کتاب کے مطالعہ سے انسان کبھی بھی خود کو تنہا محسوس نہیں کرسکتا ہے۔اچھی کتاب کی جامع تعریف یہ ہے کہ وہ قاری کے ذہن پر دیر پا نقش ثبت کرنے میں کامیاب ہوتی ہےاور اس کےمطالعہ سے انسان خود کو بہتری اور کامیابی کی طرف گامزن کرنے کی عملی کوشش کرتا ہے۔ذیل میں ایسی ہی ۱۰؍ کتابوں کا مختصر تعارف ملاحظہ فرمائیںجو اپنے اسلوب اور موضوع کے لحاظ سے بہترین خیال کی جاتی ہیں ۔تمام تصاویر:آئی این این ،یوٹیوب
X
1/10
کتاب کا نام: اِیگو اِز دی انیمی(Ego is the Enemy)۔ مصنف: ریان ہالی ڈے(Ryan Holiday): اس کتاب کا مرکزی موضوع ’’انا, اکڑاورمَیں پن ‘‘ ہے۔ اس کتاب میں ان افراد کی حقیقی کہانیاں ہیں جو اپنی انا پر قابو نہیں پاسکے اور انہیں ناکامی کی صورت میں خمیازہ بھگتنا پڑا۔ اس میں ان افراد کی بھی کہانیاں ہیں جنہوں نے انا پر قابوپاکر بردباری، حلم مزاجی سے کام لیا اور کامیاب ہوئے۔ اس کتاب کا مطالعہ فائدے کا سودا ہے۔
X
2/10
کتاب کا نام: مائنڈسیٹ: دی سائیکلوجی آف سکسیس ( Mindset:The New Psychology of Success)۔ مصنف:کیرول ایس ڈویک (Carol s. Dweck): اس کتاب میں ’فکسڈ مائنڈ سیٹ ‘ اور ’گروتھ مائنڈسیٹ‘ کو بنیادی موضوع بنایا گیاہے۔ اس کے ذریعہ مصنفہ نے یہ واضح کیا ہے کہ کسی بھی انسان کوترقی اور بہتری کے حصول کیلئے گروتھ مائنڈسیٹ کتنا ضروری ہے اور اسے کیسے اپنانا چاہئے۔ یہ کتاب امیزون اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمس پر موجود ہے۔
X
3/10
کتاب کا نام: نیور اسپلٹ دی ڈِفرنس (Never Split The Difference)۔ مصنف: کرس ووس ( Chris Voss):کتاب کے مصنف ماضی میں ایف بی آئی کے مصالحت کار رہ چکے ہیں۔ کرس نےاس کتاب میں ’نیگوشی ایشن‘(مصالحتی بات چیت/کاروباری گفت و شنید) کے فن اور اہمیت پر روشنی ڈالی ہے۔ اس دلچسپ کتاب کا مطالعہ آپ کی گفتگو کی صلاحیت کو نکھارسکتا ہے۔ یہ کتاب امیزون پر مختلف ورژن میں دستیاب ہے۔
X
4/10
کتاب کا نام: ہاؤ ڈُو یو لِیو؟(How Do You Live)۔ مصنف: جینزابورو یوشینو(Genzaburo Yoshino): یہ ایک جاپانی کلاسک ناول ہے جو جینزابورو یوشینو کی تخلیق ہے۔ ۱۹۳۷ء میں یہ پہلی بار شائع ہوا تھا ۔ یہ ۱۵؍سالہ یتیم لڑکے کوپریو اور اس کےماموں کی کہانی ہے۔ کوپریو اپنی زندگی کے تجربات اور مشاہدات اپنے ماموں کو سناتا ہےا ور وہ اس کی رہنمائی کرتے ہیں۔ اس ناول کی کہانی بڑی دلچسپ ،جذباتی اور سبق آموز ہے۔ ضرور پڑھئے۔
X
5/10
کتاب کا نام: دی تھنگس یو کین سی اونلی وین یو سلوڈاؤن: ہاؤٹُو بی کم اِن بزی ورلڈ(The Things You Can See Only When You Slow Down: How to Be Calm in a Busy World)۔ مصنف: ہائمین سنیم(Haemin Sunim): یہ کتاب خودشناسی ، خودآگاہی کے ساتھ ساتھ دوسروں کو سمجھنےکے متعلق بھی رہنمائی کرتی ہے۔ ۲۸۸؍ صفحات پر مشتمل اس کتاب میں ۸؍ابوا ب ہیں۔ یہ کتاب امیزون اور دیگر آن لائن بک اسٹورس پر دستیاب ہے۔ امیزون پراس کا کنڈل اور آڈیو ورژن بھی موجود ہے۔
X
6/10
کتاب کا نام: ایٹ دی فروگ(Eat That Frog)۔ مصنف: برائن ٹریسی ( Brian Tracy): مصنف نے اپنی اس کتاب میں ٹال مٹول اور تاخیر کو بھگانے کے ۲۱؍ نسخے بتائے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے یہ بھی رہنمائی کی ہے کہ کس طرح کم وقت کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے شاندار نتائج برآمد کئے جاسکتے ہیں۔ ۱۱۹؍ صفحات پر مشتمل یہ کتاب نوجوانوں کو ضرور پڑھنی چاہئے جو امیزون اور دیگر آن لائن اسٹورس پر دستیاب ہے۔
X
7/10
کتاب کا نام: ایکسٹریم اونرشپ : ہاؤ یو ایس نیوی سیلس لیڈ اینڈ وِن(Extreme Ownership: How U.S. Navy SEALs Lead and Win)۔ مصنف:جوکو وِل لنک اور لیفف بیبن(Jocko Willink and Leif Babin): کتاب کے دونوںہی مصنفین امریکی فوجی رہ چکے ہیں اور انہوں نے میدان جنگ، پُر خطر فوجی آپریشنوں اور فوجی زندگی کے خطرات و چیلنجز کے حوالے سے اپنے تجربات و مشاہدات کو اس کتاب میں قلمبند کیا ہے۔ یہ کتاب امیزون پر دستیاب ہے۔
X
8/10
کتاب کا نام: سیون ہیبٹس آف ہائیلی ایفیکٹیو پیوپل( Seven Habits of Highly Effective People)۔ مصنف: اسٹیفن کووی (Stephen Covey): یہ کتاب اچھی عادتوں کے حیران کن نتائج کے متعلق رہنمائی کرتی ہے۔ اس میں بااثر افراد کی ۷؍ اہم عادات پر روشنی ڈالی گئی ہے، جنہیں اپناکر کوئی بھی بہتر اور خوشحال انسان بن سکتا ہے۔ یہ عادتیں کون سی ہیں؟ انہیں کیسے اپنایا جائے؟ یہ سب کچھ ۴۳۲؍ صفحات میں مصنف نے سمیٹنے کی بخوبی کوشش کی ہے۔ نوجوانوں کو یہ کتاب ضرور پڑھنی چاہئے۔
X
9/10
کتاب کا نام: دی فائیو ای ایم کلب(The Five AM Club)۔ مصنف: رابن شرما ( Robin Sharma): کتاب کے مصنف کا ماننا ہے کہ کامیاب افراد میں ایک بات یکساں ہوتی ہے اور وہ ہے ان کا جلد جاگنا۔ اس کتاب میں رابن شرما نے جلد اٹھنے اور کام و آرام میں توازن بنانے پر زور دیا ہے۔ آپ کس طرح جلد اٹھ کر دن کو کارآمد بناسکتے ہیں،اور کامیاب افراد کی وہ کون سی عادتیں اور معمول ہیں جنہیں اپناکر آپ بھی کامیاب بن سکتے ہیں،اس حوالے سے تفصیلی رہنمائی کی ہے۔
X
10/10
کتاب کا نام: ہاؤ ٹو وِن فرینڈس اینڈ انفلوینس پیوپل(How to win friends and influence people)۔ مصنف: ڈیل کارنیگی ( Dale Carnegie): اسے خود بہتری کے موضوع پر ایک کلاسیکی کتاب کہا جاتا ہے۔ اس کے ذریعہ مصنف نے بتایا ہے کہ کس طرح آپ اپنا رویہ بدل کر لوگوں کا رویہ آسانی سے بدل سکتے ہیں۔ یہ کتاب ہردلعزیز بننے کے نسخے اور تراکیب بتاتی ہے۔ یہ انگریزی کے ساتھ دیگر کئی زبانوں میں شائع ہوچکی ہے۔